علیم عثمان معذرت


میرے لئے نئی جگہ پر تعلقات بنانا اور کسی سے دوستی کرنا ہمیشہ تھوڑا مشکل رہا ہے اگرچہ اب عمر کا وہ حصہ آ گیا ہے جس میں زیادہ گریز نہیں برت پاتے اور جلد علیک سلیک کا مرحلہ گزار کر جان پہچان کی منزل چڑھ جاتے ہیں۔ اس نئے آفس میں ساری نگاہیں مجھ پر لگی تھیں چند نے حدود اربع پوچھا باقی نظروں سے ڈراتے رہے۔

رپورٹنگ روم میں رمان احسان کے بعد وہ دوسرا فرد تھا جس نے فوری دوستی یا کہہ لیں شناسائی حلقے میں شامل کرنے کا ہاتھ بڑھایا۔ علیم عثمان بڑا زندہ دل انسان صرف حس مزاح اچھی نہ تھی بلکہ اپنائیت کا احساس دلانے والا۔ جسے کوئی بھی اپنا رازداں بنانے کے لئے تیار ہو جائے۔

بات سے بات نکالنا اور کہیں جان بچانے کی نوبت آئے تو بڑی مہارت سے کوئی خوبصورت بہانہ یا پھر کسی قصے کا تذکرہ کر کے معاملے کو رفع دفع کرنے کا فن بھی علیم عثمان خوب جانتے۔ سینیئر ہونے کے ناتے احترام کرتے لیکن وہ دوستی اور برابری کی حیثیت ہی دیتے۔ اچھے استادوں میں بیٹھے تھے تجربے کے لئے انہیں کی باتیں سنا کر ہمارا علم یا زندگی کے معاملات کو سمجھنے کی واقفیت دلاتے۔

علیم عثمان حالات کی تلخیوں پر کڑھتے کم اور چیزوں کو اپنی نگاہ سے دیکھ کر کوئی فیصلہ لینے اور آگے بڑھنے کا جتن کرتے۔ ان کے زندگی میں پیش آنے والے مسائل بھی روایتی تھے جن سے ویسے ہی سامنا رہتا۔ گھریلو معاملات ہوں یا معاشی پریشانیاں اس کے آثار چہرے پر دکھائی دیتے مگر ذکر کم ہی سننے میں آیا۔

کئی برس بیت جاتے کوئی میل ملاقات نہ ہونی۔ کبھی پریس کلب چکر لگ جاتا تو محض اتفاق سے مل بھی لیتے اور پرانی باتیں دہرا لیتے۔ چند برسوں سے یہی علم میں تھا کہ وہ کلب معمول میں آرہے ہیں۔ سب سے گپ شپ کا سلسلہ بھی چلتا عمر کے ساتھ صحت کے مسائل درپیش ہیں۔ کچھ ماہ سے قریبی دوستوں سے خیر خبر بھی لیتے کوئی سب اچھے کی رپورٹ دیتا کہیں سے ذرا اچھی اطلاع نہ ملتی۔ دل کرتا کہ جائیں اور پھر بیٹھ کر یادوں کی پٹاری کھول دیں۔ علیم عثمان حافظہ دیکھیں اسے کیا کچھ یاد ہے۔

مگر ایسی پلاننگ اکثر دھری رہ جاتی ہیں صرف ایک اطلاع ملتی ہے کہ آپ جسے ذہن میں بٹھا کر ملاقات کا قصد کر رہے ہیں۔ وہ کسی طور دستیاب نہیں۔ اب اس نشست کو منسوخ تصور کریں۔ وہ۔ شخص مستقل رخصت اختیار کرچکا ہے۔

علیم عثمان معذرت ہم لوگ شاید ہمیشہ دیر کر دیتے ہیں۔
رب تعالی آپ کی آخری منزلیں آسان فرمائے۔

نعمان یاور

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نعمان یاور

نعمان یاور پرنٹ اور الیکٹرانک صحافت میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل سے وابستہ ہیں

nauman-yawar has 140 posts and counting.See all posts by nauman-yawar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments