پاکستانی نژاد امریکیوں کے امریکی سیاست میں بڑھتے قدم


امریکہ کی مختلف ریاستوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی وابستہ شخصیات خصوصاً ابھرتی ہوئی نوجوان نسل زندگی کے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ اب سیاست کے میدان میں بھی بھرپور طریقے سے نہ صرف حصہ لے رہی ہے، بلکہ واضح اکثریت سے جیت بھی رہی ہے۔

اس کی حالیہ مثال دیگر امریکی ریاستوں کے ساتھ ساتھ نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریا جو نیویارک، نیو جرسی اور کنکٹی پر مشتمل ہے ہیں۔ یہاں سے ابھی چند ماہ پہلے نیو جرسی کی سٹیٹ اسمبلی کے دو ڈسٹرکٹس سے شمع حیدر اور صدف جعفر نے اپنی نشستیں جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ یہ کامیابی حاصل کرنے والی پہلی مسلمان، پاکستانی اور ساؤتھ ایشئن ہیں۔

کنکٹی کٹ سے بھی گزشتہ دنوں پہلی بار کسی مسلمان، ایشیائی اور پاکستانی خاتون مریم خان نے کنکٹی کٹ اسمبلی کی اپنی سیٹ بھاری اکثریت سے جیتی ہے۔ ان کے علاوہ بھی اب اور پاکستانی نوجوان لڑکے لڑکیاں سیاست میں آ رہے ہیں جو ایک نیک شگون اور نہایت خوشگوار تبدیلی ہے۔

اسی طرح گزشتہ روز نیو جرسی کے ٹاؤن واچونگ سکول بورڈ کی ممبر، امبر مراد نے منگل کو کاؤنٹی کمشنر کے انتخاب کے لیے سمرسیٹ کاؤنٹی ریپبلکن آرگنائزیشن لائن جیت لی ہے۔ انہوں نے سابق باؤنڈ بروک کونسل مین جان پال لیون کو 124 کے مقابلے میں 81 ووٹوں سے شکست دی۔ امبر نے 60.5 فیصد جبکہ ان کے مخالف نے 39.5 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

توقع ہے کہ رواں سال 8 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات میں ”سمرسیٹ کاؤنٹی کمشنر“ کے انتخاب کے لیے امبر مراد کا مقابلہ ڈیموکریٹک امیدوار میلونی مورانو سے ہو گا۔ اس بار ریپبلکنز، ڈیموکریٹک جھکاؤ رکھنے والی سمرسیٹ کاؤنٹی میں ایک نشست دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اپنا پورا زور لگا رہے ہیں۔

سمرسیٹ کاؤنٹی سے رپبلکن آرگنائزیشن لائن جیتنے والی امبر مراد ’سمرسیٹ کاؤنٹی کمشنر‘ کا اپنا انتخاب جیتنے کے لیے بڑی پرعزم ہیں۔ انہوں نے ایک گفتگو کے دوران ”ڈیلی پاکستان“ کو بتایا کہ ”پچھلے سال وہ بہت معمولی فرق سے نہ جیت سکی تھیں۔ مگر اب انہیں پوری امید ہے کہ یہ نیا سال ان کے لیے بہت مفید ثابت ہو گا۔ اور وہ انشاءاللہ اس بار ضرور جیتیں گی۔ کیونکہ وہ اپنی کاؤنٹی سمرسیٹ کو بڑے اچھے طریقے سے جانتی ہیں“ ۔

اپنے شوہر ریحان مراد اور دو بچوں کے ہمراہ، 33 سالہ امبر مراد گزشتہ دس سال سے نیو جرسی کے ٹاؤن واچنگ اور سمرسیٹ کاؤنٹی میں مقیم ہیں۔ وہ آج کل بطور منتخب بورڈ ممبر، واچنگ بورو بورڈ آف ایجوکیشن (نیو جرسی) کام کر رہی ہیں۔

ان کے والدین، مسعود چوہدری اور شگفتہ چوہدری کا تعلق پاکستان کے ضلع ساہیوال سے ہے۔ امریکہ میں رہتے ہوئے ماضی میں وہ پاکستانی کمیونٹی کی سرگرمیوں اور مقامی سیاست میں کافی فعال رہے ہیں۔

امبر مراد امریکہ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے میری لینڈ یونیورسٹی سے سائنس مضامین کے ساتھ بی ایس کیا ہوا ہے۔

مینجمنٹ اینڈ آپریشنز پروفیشنل کے طور پر وہ واچنگ بورڈ آف ایجوکیشن، واچنگ ہسٹریکل کمیٹی، ری کریشینل کمیٹی اور ممبر سمرسیٹ کاؤنٹی اوپن سپیس بورڈ ممبر کے علاوہ دیگر اور کئی حیثیتوں میں وہ کام کر چکی ہیں۔ امید کی جانی چاہیے کہ اب امبر سیاست کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا خوب منوائیں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments