سپریم کورٹ میں ممکنہ تصادم روکنے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر


سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم کے ممکنہ خطرے پر سپریم کورٹ بار کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ تصادم کے ممکنہ خطرے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے آئینی درخواست سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کی تھی۔ عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے پہلے یہ درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی ۔

سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت اب سے کچھ دیر بعد ہو گی۔ اس حوالے سے عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

درخواست میں وزیرِ اعظم عمران خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس پر حملے کے بعد یہ درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔ ترجمان سپریم کورٹ نے مزید بتایا کہ سوموٹو نہیں لیا گیا ہے۔ دو رکنی بنچ احسن بھون کی پٹیشن پر سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پٹیشن سیاسی جماعتوں کو تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل اسلام آباد میں جلسے سے روکنے سے متعلق ہے۔

Facebook Comments HS