عثمان بزدار نے استعفیٰ دے دیا، پرویز الہٰی وزیر اعلی ہوں گے : حکومتی وزرا


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو استعفیٰ دے دیا۔

معاون خصوصی وزیراعظم فرخ حبیب نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ فرخ حبیب کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ دینے کا فیصلہ آنے کے بعد عثمان بزدار نے بطور وزیراعلیٰ اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کر دیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ”چوہدری پرویز الہی کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات۔ ملاقات میں تمام معاملات طے ہو گئے۔ ق لیگ کا وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمایت کا اعلان۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفی وزیر اعظم کو پیش کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان کا چوہدری پرویز الہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے فیصلہ“

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل نے کہا ہے کہ ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پرویز الہی کی بطور امیدوار وزارت اعلی حمایت کرے گی۔

دوسری طرف ق لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے بھی استعفٰی دے دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے یہ استعفیٰ چودھری شجاعت کی اجازت سے دیا۔ سما نیوز کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے خلاف ووٹ دیں گے۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کے دوران ان سے گزارش کی کہ وہ وفاقی کابینہ سے استعفی دے رہے ہیں اور تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کے خلاف ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’بعض اوقات کوئی چارہ نہیں رہتا ہم جیسوں کے پاس کے کہ ہم چپ چاپ کر کے بیٹھ جائیں۔ ‘
ان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا ان کا عمران خان کے خلاف ووٹ دینے کا فیصلہ حتمی ہے، تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’ایک ہزار فیصد حتمی ہے۔ ‘

Facebook Comments HS