نیوکلیئر پاور پلانٹس ٹرپ کرنے سے ملک کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ، جلد بحالی متوقع
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ملک میں 3 نیوکلیئر پاور پلانٹس کی ٹرپنگ سے کچھ علاقوں میں بجلی کی عارضی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔ وزارت توانائی کے مطابق چند گھنٹوں میں ان پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار دوبارہ بحال ہو جائے گی۔ وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ 3 نیوکلیئر پلانٹس میں ٹرپنگ کے باعث بجلی شارٹ فال بڑھنے سے ملک کے مختلف حصوں کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے تاہم چند گھنٹوں میں بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ واضح رہے گزشتہ 12 گھنٹوں سے ملک کے مختلف حصوں خاص طور پر دیہی علاقوں میں بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی جبکہ طلب و رسد کا فرق بھی بڑھ گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گرمی کی شدت بڑھنے پر لیسکو کی بجلی کی طلب 3900 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 2800 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، لیسکو کا شارٹ فال 1100 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

