ٹوئٹر پر اصلی اور نقلی اعتزاز احسن کا معاملہ
ویسے تو اعتزاز احسن کے نام سے متعدد اکاؤنٹ ہیں اور بعض اکاؤنٹ جو کہ ٹوئٹر پر موجود بھی نہیں لیکن پھر بھی انھیں ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا کر تصویروں کی شکل میں مختلف واٹس ایپ گروپس پر شیئر کیا جاتا ہے۔ اسی طرح کا ایک اکاؤنٹ @therealaitezaz بھی ہے جس میں حال ہی میں اعتزاز احسن سے منسوب ایک بیان میں لکھا گیا کہ ’امر بالمعروف جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ خودمختار اور بیرونی مداخلت سے پاک پاکستان پاکستانیوں کی واحد منزل اور وزیرِ اعظم عمران خان ان کے محبوب لیڈر اور قائد ہیں۔ #کپتانکاخوددار_پاکستان‘
https://twitter.com/therealaitezaz/status/1508398316719157255
اسی طرح کی بہت سی باتیں اس اکاؤنٹ سے کی جا رہی ہیں لیکن پیر کی صبح اعتزاز احسن کی بیٹی سمن احسن کا ایک ٹویٹ سامنے آیا جس میں انھوں نے واضح کیا کہ ان کے والد کے نام سے کئی جعلی اکاؤنٹ بنائے گئے ہیں جن کے ذریعے ٹویٹ کیے گئے پیغامات کو ان کے والد سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرے والد اگرچہ ٹوئٹر اکاؤنٹ زیادہ استعمال نہیں کرتے لیکن اصل میں ان کا یہ @therealaitzaz اکاؤنٹ ہے۔
ساتھ ہی انھوں نے اپنے والد کا ایک پرانا ٹویٹ بھی منسلک کیا جس میں وہ اس بات کی وضاحت دے رہے تھے۔
اب اگر سرسری طور پر دیکھا جائے تو @therealaitezaz اور @therealaitzaz ایک ہی اکاؤنٹ لگتا ہے لیکن غور سے دیکھنے پر اس میں فرق پتہ چلتا ہے۔ یہ فرق ہے انگریزی کے لفظ e (ای) کا جو کہ اصل اکاؤنٹ میں تو موجود نہیں جو کہ سمن احسن نے شیئر کیا ہے لیکن دوسرے اکاؤنٹ میں موجود ہے اور اس طرح پتہ چلتا ہے کہ یہ جعلی ہے۔
https://twitter.com/therealaitzaz/status/1355420004007759876
اعتزاز احسن نے اپنے اصل اکاؤنٹ سے یہ ٹویٹ 30 جنوری، 2021 کو کی تھی اور اس میں انھوں نے سینیٹر شیری رحمان، پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمرالزمان کائرہ اور مرحوم سینیٹر رحمان ملک کو (جو اس وقت حیات تھے اور ان کی وفات اس سال 23 فروری کو ہوئی) ٹیگ کر کے لکھا ہے کہ ’میں ٹویٹ کرنے پر یقین نہیں رکھتا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ یہ آدھے سچ کا میڈیم ہے۔ البتہ مختلف ایڈریسز سے بہت سے جعلی ٹویٹ جاری کیے گئے ہیں جن کا مقصد میری آرا کی غلط ترجمانی کرنا اور مجھے بدنام کرنا ہے۔‘
https://twitter.com/SamanAhsan/status/1510835603642134529
اپنے تھریڈ میں اسی ٹویٹ کے نیچے انھوں نے لکھا کہ اس لیے میں مجبور ہو گیا ہوں کہ اپنا اکاؤنٹ بناؤں جو کہ @therealaitzaz ہے۔ یہ واحد اکاؤنٹ ہے جس سے میں ٹویٹ کیا کروں گا، اگر کبھی کیا تو۔ مجھ سے وابستہ کیے گئے سبھی اکاؤنٹ جعلی ہیں۔ میں نے یہ معاملہ ایف آئی اے کے سامنے اٹھایا ہے اور جب بھی اس طرح کے اکاؤنٹ بنانے والوں کی شناخت ہو گئی ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘
یہ بھی پڑھیے
سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس اور ان کے سیاسی مقاصد
ڈیم فنڈ کا چندہ اور جعلی اکاؤنٹس کی چاندی
’اعتزاز احسن پر سب سے بڑا اعتراض نواز شریف کے خلاف بیانات‘
سینیٹر شیری رحمان نے اس کے نیچے اپنے کمنٹ میں کنفرم کیا کہ انھوں نے نوٹ کر لیا ہے۔ اس کے نیچے بہت سے لوگوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اعتزاز احسن کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے انھیں سچائی بتائی۔ ایک صارف نے لکھا کہ وہ انھیں جعلی اکاؤنٹ پر آرا کی وجہ سے بہت برا بھلا کہتے رہے ہیں۔ کسی نے تو اس اکاؤنٹ کو بھی جعلی ہی سمجھا۔
ایک صارف بوبی بٹ نے لکھا: ’چوہدری اعتزاز صاحب ہم الفاظ کے چناؤ سے سمجھ جاتے ہیں اپ کے الفاظ ہیں یا کسی اور کے، آپ بہت ناپ تول کر بولتے ہیں، 1988 سے آپ کو جانتا ہوں۔‘
https://twitter.com/butt137/status/1372873979019542533
اعتزز احن کے نام سے بنائے گئے متعدد اکاؤنٹس میں ایک ان کے فین کلب @AitzazAhsanP کا اکاؤنٹ ہے لیکن اس پر بھی انھی کی تصویر اور نام لکھا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ایک جعلی اکاؤنٹ @AitzazPPP بھی ہے جس کے صرف 2548 فولور ہیں۔
ایک صارف اپنے ایک ٹویٹ میں ایک تصویر لگائی جس میں سپائیڈر مین کا لباس پہنے بہت سے ایک ہی طرح کے لوگ ایک دوسرے کے آمنے سامنے بظاہر لڑتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے لکھا کہ اعتزاز احسن کے جعلی اکاؤنٹ آمنے سامنے۔
https://twitter.com/razzblues/status/1510947743551873030


