عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ میں تاخیر پر سوشل میڈیا پر تبصرے
تاہم جب 12:30 بجے اجلاس شروع نہیں ہو سکا تو پھر ایسے میں جیسے جیسے تاخیر ہوتی رہی سوشل میڈیا پر صارفین اپنے تبصروں سے اس صورتحال پر اپنی آرا کا اظہار کرتے رہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے اسے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی قرار دیا تو ان کی ہی جماعت کے ایک سینیئر رہنما خواجہ آصف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ووٹنگ نہ کرنے کے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔‘
تاہم تحریکِ انصاف کی رہنما ملائکہ بخاری نے اس الزام کو مسترد کیا کہ یہ ووٹنگ نہ کرانے کا حربہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں نہیں پتا عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہو گی یا نہیں مگر ہو گی ضرور۔
البتہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سنجیدہ تبصروں سے لے کر میمز تک شئیر کیے جا رہے ہیں اور ہر کوئی اپنے تئیں اجلاس ملتوی ہونے کی وجوہات تلاش کرنے میں لگا تھا۔
’رمضان میں کھانے کا وقفہ نہیں تو اجلاس ملتوی کرنے کا جواز سمجھنا مشکل‘
پارلیمانی امور کے ماہر احمد بلال محبوب کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ گھنٹے کے لیے اجلاس ملتوی کرنے کا جواز سمجھنا مشکل ہے۔
https://twitter.com/ABMPildat/status/1512680045784952839?s=20&t=7SO3D8iBjZqOZRtmNOQurQ
انھوں نے ٹویٹ کیا کہ ‘یہ دوپہر کے کھانے کا وقفہ تو نہیں ہو سکتا کیونکہ یہ رمضان کا مہینہ ہے۔ نماز کا وقت بھی نہیں ہے۔ مجھے اس اجلاس کو ملتوی کرنے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آ رہی اور میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں پریشان ہوں۔’
’آئین کی خلاف ورزی اور سپریم کورٹ کی حکم عدولی کا انجام بُرا ہو گا‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ’وزیر اعظم عمران خان اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے سے ڈر رہے ہیں اور انھوں نے پورے ملک کا نظام روک دیا ہے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ 22 کروڑ کی آبادی والا ملک کئی ہفتوں سے کسی حکومت کے بغیر ہے ’آئین کی خلاف ورزی اور سپریم کورٹ کی حکم عدولی کا انجام بُرا ہو گا۔‘
https://twitter.com/Marriyum_A/status/1512709821329334275?s=20&t=mRf47_WKDQ8bOiopf7BklA
جبکہ مریم اورنگزیب نے ایک گیند کی تصویر تویٹ کی جس پر لکھا ہے ’آخری گیند‘۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا ’آخری گیند عمران صاحب کو ڈھونڈ رہی ہے۔‘
ساجد اقبال راجہ نے ٹویٹ کیا ’اجلاس تو ایسے لیٹ کیا جیسے میت کے رشتہ دار میانوالی سے پیدل آرہے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے
دھمکی آمیز خط کا معمہ: قومی سلامتی کا معاملہ یا سیاسی ہتھیار؟
وزیر اعظم عمران خان کا تقریر میں امریکہ کا نام لینا، ’غلطی‘ یا ’شرارت‘؟
سپریم کورٹ میں پارلیمان اور پارلیمان میں سپریم کورٹ کے کردار پر بحث، کس نے کیا کہا؟
کچھ افراد مسلم لیگ نواز کے رہنما سعد رفیق اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
کچھ صارفین نے اس تصویر کو شیئر کر کے اسے فواد چوہدری کی مستقبل کی منصوبہ بندی سے جوڑا ہے تو کسی نے کہا کہ جن سیاستدانوں کے لیے ہم آپس میں دست و گریبان ہیں وہ آپس میں اتنے اچھے تعلقات قائم رکھے ہوئے ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس تاخیر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بیچارے کُرسی سے چپکے ہوئے ہیں کہ مزید تھوڑا وقت بھی مل جائے کیونکہ وہ سلیکٹ ہوئے تھے الیکٹ نہیں. ہر بار سلیکشن تو نہیں ہوتی۔‘


