فرح شہزادی کے شاہانہ اخراجات نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی – دوسرا حصہ


چلیں اب ہم محترمہ فرح شہزادی کی کچھ فلاحی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہیں۔ فرح شہزادی نے بشریٰ بی بی کے ساتھ سابقہ حکومت کی طرف سے طرف سے نادار افراد کو رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کردہ ایک پناہ گاہ کا دورہ کیا تھا۔ اس دورے کی وڈیو اور تصاویر میں وہ شوخ سرخ رنگ کا ایک بڑا سا، بیگ نما پرس اٹھائے نظر آتی ہیں۔ ہماری تحقیق کے مطابق یہ بھی دنیا کی مشہور ترین فیشن کمپنی ایرمیز (Hermes) کا Birkin برانڈ کا Rubis Veau Togo ماڈل ہے جو استعمال شدہ حالت میں بھی چودہ ہزار چار سو ڈالر میں ای بے ویب سائٹ پر فروخت ہو رہا ہے جو پاکستانی روپوں میں ستائیس لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔

آئیے اب فرح شہزادی عرف گوگی کی چارٹرڈ طیارے میں شائع ہونے والی ایک اور تصویر کا تجزیہ کرتے ہیں۔ اس تصویر میں بھی محترمہ فرح شہزادی بالکل ویسے ہی چارٹرڈ طیارے میں عین اسی نشست پر اور اسی انداز میں براجمان ہیں۔ جس سے یہ قیاس کرنا بے جا نہیں ہو گا کہ ایسے چارٹرڈ طیاروں میں سفر کرنا ان کے لیے روزمرہ کے معمول کی بات ہے۔ اس تصویر میں بھی محترمہ کے قدموں میں ایک ہینڈ بیگ رکھا دیکھا جاسکتا ہے۔ ہماری تحقیق کے مطابق یہ دنیا کے ایک اور انتہائی مہنگے اور مشہور ترین فیشن کمپنیLouis Vouittonکا مائنز البی بڈاپسٹ برانڈ ہینڈ بیگ ہے۔

یاد رہے کہ یہ فیشن کمپنی پیرس، فرانس سے تعلق رکھتی ہے۔ ہماری تحقیق کے مطابق اس ہینڈ بیگ کی قیمت لگ بھگ آٹھ سو امریکی ڈالر ہے جسے اگر پاکستانی روپے میں شمار کیا جائے تو نئے پاکستان میں یہ لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ روپے میں خریدا گیا ہو گا، جب کہ موجودہ پرانے پاکستان میں اس کی قیمت تقریباً ایک لاکھ چوالیس ہزار روپے بنتی ہے۔

محترمہ فرح شہزادی کی خوش ذوقی کا یہیں اختتام نہیں ہوجاتا۔ یہ بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک اور تصویر میں فر کا بنا ہوا ایک چھوٹا سا ہینڈ بیگ بغل میں لٹکائے نظر آتی ہیں۔ یہ ہینڈ بیگ جسامت میں چھوٹا ضرور ہے مگر اس کی قیمت بہت بڑی ہے۔ ہماری تحقیق کے مطابق یہ ہینڈ بیگ بھی سامان تعیش تیار کرنے والی دنیا کی ایک اور مشہور ترین فیشن کمپنی شنیل (Chanel) کا تیار کردہ فرفلیپ بیگ ہے جس کی قیمت صرف بارہ سو پچانوے پاؤنڈ اسٹرلنگ یعنی تین لاکھ دس ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔

اب ذرا معاصر روزنامہ دی نیوز میں شائع شدہ ایک تحقیقی رپورٹ کا ذکر ہو جائے جس کے مندرجات کی ابھی تک تردید سامنے نہیں آئی۔ اس رپورٹ کے مطابق، محترمہ فرحت عرف فرح شہزادی عرف گوگی اور ان کے شوہر، ڈی پی او پاک پٹن گوندل فیم، احسن جمیل گجر مجموعی طور پر انیس گاڑیوں کے مالک ہیں جن میں سے دو دنیا کے گاڑیوں کے مہنگے ترین برانڈز میں سے ایک، پورشے گاڑیاں ہیں۔ ان میں سے بارہ گاڑیاں محترمہ فرح شہزادی کی، جب کہ باقی سات گاڑیاں ان کے شوہر احسن جمیل گجر کی ملکیت ہیں جس کا انہوں نے اقرار بھی کیا ہے۔

ان میں سے تازہ ترین خرید کردہ گاڑی ایک پورشے ہے جس کی مالیت سات کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ پورشے گاڑی کے مقامی ڈیلر کی طرف سے اس گاڑی کے ایڈوانس کے طور پر محترمہ کی طرف سے تین کروڑ ساٹھ لاکھ روپے وصولی کی تصدیق کی گئی ہے۔ پاک وہیلز ڈاٹ کام پر دست یاب معلومات کی روشنی میں اس قیمت میں پورشے گاڑی کا ممکنہ ماڈل Panamera Turbo S Sedan ہی ہو سکتا ہے جس کی موجودہ قیمت متعلقہ ویب سائٹ کے مطابق سات کروڑ چھبیس لاکھ اور چونسٹھ ہزار ہے۔

اسی اخبار کی تحقیقات کے مطابق محترم سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا حکومت میں آنا محترمہ فرح شہزادی کے لیے خوش بختی کا پیغام لایا ہے اور ان کے اعلان کردہ اثاثوں میں دو ہزار سترہ کے مقابلے میں دو ہزار اکیس تک چار گنا اضافہ ہوا ہے۔ یعنی دو ہزار سترہ میں ان کے ظاہر کردہ اثاثوں کی مالیت تئیس کروڑ دس لاکھ روپے تھی جو دو ہزار اکیس میں ستانوے کروڑ دس لاکھ روپے درج کروائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ محترمہ نے اپنے دو ہزار اٹھارہ کے ٹیکس گوشواروں میں کوئی آمدنی درج نہیں کروائی۔ البتہ انہوں نے دو ہزار انیس میں سرکار کی طرف سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بتیس کروڑ اسی لاکھ روپے کا کالا دھن سفید کروایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments