خلا کی کھوج کا ایک اور اہم سنگ میل


ابھی حال ہی میں سولہ تاریخ کو چین کے انسان بردار خلائی مشن شینزو۔ 13 کے تینوں خلا باز کامیابی سے زمین پر واپس لوٹ آئے ہیں۔ شینزو۔ 13 کے تینوں خلا بازوں زائی زی گینگ، وانگ یا پھنگ اور ای گوانگ فو نے اپنا چھ ماہ کا خلائی سفر انتہائی کامیابی سے مکمل کیا اور خلائی تحقیق کے شعبے میں ایک اور سنگ میل کا اضافہ کیا ہے۔ خلائی کیپسول نے دونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر کامیاب لینڈنگ کی اور تینوں خلا بازوں کی جسمانی صحت بھی اچھی ہے۔

یوں چین کے انسان بردار خلائی مشن شینزو۔ 13 کی کامیاب تکمیل کی گئی ہے۔ خلائی کیپسول کی کامیاب لینڈنگ کے بعد ، سرچ اینڈ ریسکیو مشن کی ذمہ دار ٹیم بروقت لینڈنگ سائٹ پر پہنچ گئی۔ کیبن کا دروازہ کھلنے کے بعد طبی عملے نے تصدیق کی کہ تینوں خلاباز صحت مند ہیں۔ متعلقہ حکام نے دونگ فینگ لینڈنگ فیلڈ میں خلابازوں کا استقبال کیا۔

شینزو۔ 13 انسان بردار خلائی مشن 16 اکتوبر 2021 کو جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا تھا۔ تین خلاباز وں نے ریکارڈ چھ ماہ خلا میں قیام کیا اور متعدد تجربات کیے۔ اس دوران، خلابازوں نے یکے بعد دیگرے خلا میں 2 مرتبہ چہل قدمی کی، اور متعدد سائنسی اور تکنیکی تجربات کیے جیسے کہ ڈاکنگ اور روبوٹک بازو کی مدد سے ماڈیول کی منتقلی وغیرہ، جس نے خلابازوں کے طویل مدتی قیام میں مدد فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ کلیدی ٹیکنالوجیز جیسے کہ سیکورٹی، خلائی مواد کی فراہمی، آؤٹ بورڈ سرگرمیاں، ایکسٹرو ویکیولر آپریشنز، اور مدار میں دیکھ بھال وغیرہ جیسی سرگرمیاں بھی انجام دی گئی ہیں۔ اس مشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خلا بازوں نے دو مرتبہ خلائی لیکچرز بھی دیے ہیں۔

شینزو۔ 13 انسان بردار خلائی مشن کی جامع کامیابی خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے حوالے سے کلیدی ٹیکنالوجی کی توثیق کے مرحلے کی کامیاب تکمیل کی نشاندہی کرتی ہے۔ شینزو۔ 13 مشن کی کامیاب تکمیل کے بعد ، چینی خلائی اسٹیشن کا منصوبہ جلد ہی مکمل طور پر تعمیراتی مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔ چین کے اسپیس حکام سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق رواں برس چین اولین مرحلے میں تیان چھو۔ 4 کارگو خلائی جہاز لانچ کرے گا جس کے بعد شینزو۔

14 کا انسان بردار مشن بھیجا جائے گا۔ تیان چھو۔ 4 کارگو خلائی جہاز، شینزو۔ 14 کے عملے کے لیے سپلائی فراہم کرے گا۔ اس دوران، دو لیب ماڈیول، یکے بعد دیگرے خلا میں بھیجے جائیں گے۔ ہر لیب ماڈیول پہلے کور ماڈیول کے فرنٹ ڈاکنگ پورٹ کے ساتھ ڈوک کرے گا اور اسپیس سٹیشن کے روبوٹک بازو کے ذریعے کور ماڈیول کے تمام اطراف میں سائیڈ ڈاکنگ پورٹس پر منتقل کیا جائے گا۔ اس کے بعد ایک ٹی شکل کا کمپلیکس بنایا جائے گا، جس کے بعد خلائی اسٹیشن کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔ اس کے بعد تیان چھو۔ 5 کارگو خلائی جہاز اور انسان بردار شینزو۔ 15 مشن لانچ کیا جائے گا۔

مزید برآں، ایک ٹیلی سکوپ کیپسول خلا میں بھیجا جائے گا تاکہ خلائی سٹیشن کے مدار میں پرواز سے فلکیاتی اور طبعی مطالعات کے لیے مشاہداتی ڈیٹا فراہم کیا جا سکے۔ خلائی اسٹیشن کو مکمل کرنے کے بعد ، چین مزید وسیع اور جامع بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

چین کے گزشتہ انسان بردار خلائی مشن کی نسبت، شینزو۔ 13 خلائی جہاز نے واپسی کا تیز رفتار طریقہ اپنایا ہے۔ اس سے قبل، شینزو خلائی جہاز کے خلائی اسٹیشن (یا خلائی تجربہ گاہ) سے الگ ہونے کے بعد ، اسے زمین کی سطح پر واپسی سے قبل 20 گھنٹے سے زائد تک زمین کے گرد مدار میں تنہا سفر کرنا پڑتا تھا۔ اس دوران مکمل خلائی سوٹ میں ملبوس خلاباز نہ صرف تھکاوٹ کا شکار ہوئے بلکہ انہیں کھانے پینے اور بیت الخلا کے استعمال میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مرتبہ، شینزو 13 کو خلائی اسٹیشن سے الگ ہونے کے وقت سے زمین پر واپس آنے میں محض 09 گھنٹے لگے، جس سے خلابازوں کو بہتر ماحول سمیت سفری تھکاوٹ سے بھی نمایاں حد تک نجات ملی ہے۔

شینزو 13 انسان بردار خلائی مشن کی کامیابی اقوام متحدہ کے ”گلوبل شیئرڈ اسپیس“ انیشیٹو کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک قدم آگے بڑھنے کے مترادف بھی ہے۔ اس پیش رفت کا مقصد 60 سے 180 ٹن کی مستقل صلاحیت کا حامل ایک بڑا خلائی سٹیشن آزادانہ طور پر تعمیر کرنا ہے۔ یہ نہ صرف چین کی جانب سے سامنے آنے والی ایک بڑی سائنسی اور تکنیکی کامیابی ہے بلکہ خلا کی کھوج کے لیے انسانی تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز بھی ہے۔

ایسا پہلی مرتبہ ہے کہ چینی خلائی اسٹیشن کی طرح کا منصوبہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے لیے کھلا ہے۔ اس وقت 17 ممالک اور 23 اداروں کے 9 منصوبے چائنا اسپیس سٹیشن کے سائنسی تجربات کے لیے منتخب کیے گئے اور یہ ایسے منصوبوں کی پہلی کھیپ ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے بیرونی خلائی امور کی ڈائریکٹر سیمونیٹا ڈی پیپو نے تبصرہ کیا کہ چین کا کھلا خلائی اسٹیشن اقوام متحدہ کے ”گلوبل شیئرڈ اسپیس“ انیشیٹو کا ایک اہم حصہ اور ایک ”عظیم مثال“ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments