میڈیسن کاتھورن: امریکی کانگریس کے سب سے کم عمر رکن برہنہ تصاویر سے ’بلیک میل‘ نہیں ہوں گے
26 سالہ میڈیسن کاتھورن نے کہا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ’ایک دوست کے ساتھ بیوقوفوں والی حرکات کرتے ہوئے، مضحکہ خیز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم بے وقوفانہ حرکتیں کر رہے تھے، اور مذاق کر رہے تھے۔ بس یہی ہے۔ میں پیچھے نہیں ہٹ رہا ہوں۔۔۔ بلیک میلنگ جیت نہیں پائے گی۔‘
ریپبلکن کانگریس مین، جو شمالی کیرولائنا میں دوبارہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں، پہلی بار 25 سال کی عمر میں منتخب ہوئے تھے، یہ امریکی کانگریس کے لیے کم از کم عمر ہے۔
جب وہ قومی سیاسی میدان میں داخل ہوئے تو انھیں ریپبلکن پارٹی میں ایک ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر دیکھا گیا تھا۔
انھوں نے ریپبلکن پرائمری میں اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت یافتہ امیدوار کو شکست دی تھی اور 2020 میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنے ڈیموکریٹک حریف کو مات کیا تھا۔
لیکن کاتھورن، جو 2014 میں ایک کار حادثے میں جزوی طور پر مفلوج ہو گئے تھے، جلد ہی ایک تنازعہ کی زد میں آ گئے۔
یہ بھی پڑھیئے
’گالی دینے والے مردوں کو نکال کر باہر پھینک چکی ہوں’
ڈیموکریٹس کو ٹرمپ کے داماد کے سیاسی منصب پر اعتراض
سابق ریئل سٹیٹ سرمایہ کار اور موٹیویشنل یا تحریک دینے والے سپیکر کو مارچ کے ایک انٹرویو میں یہ دعویٰ کرنے کے بعد اپنی ہی پارٹی کی جانب سے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا کہ ان کے ساتھی قانون سازوں نے انھیں سیکس پارٹیوں میں مدعو کیا تھا، اور انھوں نے انھیں کوکین لیتے ہوئے دیکھا تھا۔
ان پر یہ بھی الزام تھا کہ انھوں نے کانگریس کے عملے کی ایک سابق رکن کو برطرف کرنے سے پہلے طبی اور خاندانی رخصت سے انکار کیا تھا۔ وہ اس کی تردید کرتے ہیں۔
کانگریس کے اقلیتی رہنما کیون میکارتھی نے حال ہی میں کہا تھا کہ کاتھورن کو ’خود کو ہی اپنے آپ کو بدلنا‘ ہے۔
میکارتھی نے کہا کہ ’میں نے انھیں صرف اتنا کہا کہ تم میرا اعتماد کھو گئے ہو ہے، اور انھیں اسے واپس حاصل کرنا پڑے گا۔‘
کاتھورن کو ایک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد بھی سرزنش کا سامنا کرنا پڑا جس میں انھوں نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ’ٹھگ‘ اور یوکرین کی حکومت کو ’ناقابل یقین حد تک بری‘ قرار دیا تھا۔
اور پچھلے مہینے پتہ چلا کہ کاتھورن شمالی کیرولائنا کے ہوائی اڈے پر گولیوں سے بھری ہوئی ایک بندوق لے کر جا رہے تھے۔
اس تازہ ترین واقعے میں ایک لیک ہونے والی ویڈیو میں کاتھورن کو بستر پر برہنہ اور ایک نامعلوم شخص کے اوپر زور سے حرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو ایک سیاسی فنڈ ریزنگ گروپ امیریکن مککریکرز نے جاری کی ہے جو مڈیسن کاتھورن کی مخالفت کرتا ہے۔
ایک بیان میں گروپ نے کہا کہ انھوں نے یہ ویڈیو ایک گمنام ذریعے سے حاصل کی ہے جو کاتھورن کی مہم کے لیے عطیہ دیا کرتا تھا۔
یہ لیک شمالی کیرولائنا میں 17 مئی کے پرائمری انتخابات سے چند روز قبل سامنے آئی ہے۔


