بالی وڈ ڈائری: کنگنا رناوت نے سلمان خان کو سونے کے دل والا دبنگ ہیرو کیوں کہا؟

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن


کنگنا رناوت
کنگنا کی نئی فلم ’دھاکڑ‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے

‘شکریہ سونے کے دل والے میرے دبنگ ہیرو۔ اب میں کبھی نہیں کہوں گی کہ میں اس انڈسٹری میں اکیلی ہوں۔‘

کیا کوئی یقین کر سکتا ہے کہ بالی وڈ کی جھانسی کی رانی کنگنا رناوت کسی کے لیے ایسے جملے کہہ سکتی ہیں۔ دبنگ لفظ سے تو آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے کہ کنگنا کس کے گُن گا رہی ہیں۔ جی ہاں کنگنا سلمان خان کی بات کر رہی ہیں جنھوں نے اسی ہفتے کنگنا کی نئی فلم ‘دھاکڑ’ کا ٹریلر انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے فلم کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دراصل بالی ووڈ کی یہ نئی دوستی حال ہی میں اس وقت منطرِ عام پر آئی جب کنگنا رناوت سلمان کی بہن ارپتا کے گھر عید پارٹی میں پہنچیں جس کی میزبانی خود سلمان خان کر رہے تھے۔

کنگنا نے سلمان کی اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا اور ان کو سونے کے دل والا ہیرو کہا۔

کنگنا کو ہمیشہ شکایت رہتی ہے کہ انڈسٹری میں لوگ ان کو سپورٹ نہیں کرتے اور نہ ہی کوئی انکی فلموں کو پرموٹ کرتا ہے۔

سنی لیونی: ’ایکشن میرے لیے بالکل نیا تجربہ، مگر سلمان، شاہ رخ سے بہت کچھ سیکھا‘

بالی وڈ ڈائری: سلمان کی عید پارٹی میں گھر کی بنی بریانی اور نلی نہاری کی دھوم

’میں آپ لوگوں کو انٹرٹین کرتی رہوں گی‘

سلمان خان
سلمان خان نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ سے فلم دھاکڑ کا ٹریلر شیئر کیا

اس ہفتے سے آر جے سدھارتھ کنن سے بات کرتے ہوئے کنگنا نے کہا کہ وہ ارپتا کی عید پارٹی میں گئی تھیں جہاں سبھی انکی فلم کے ٹریلر کے بارے میں بات کر رہے تھے اور سبھی اس سے کافی متاثر نظر آ رہے تھے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ شادی کریں گی، کنگنا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کے بارے میں افواہیں ہیں کہ وہ لڑکوں کی پٹائی کرتی ہیں اس لیے ان کی شادی مشکل ہے۔

اس پر ارجن رامپال نے کہا کہ یہ کافی حد تک درست ہے۔ ارجن دھاکڑ میں ولن کے کردار میں ہیں اور اس فلم میں کنگنا نے جم کر ان کی پٹائی بھی کی ہے۔

سہیل خان سیما اور اپنے دونوں بچوں کے ساتھ
سہیل خان اور سیما کی شادی کو 24 سال ہو چکےہیں

سہیل خان اور سیما کے درمیان 24 سال کی شادی کے بعد طلاق

ادھر سلمان خان کے دوسرے بھائی اور اداکار سہیل خان اور انکی بیگم سیما کے درمیان 24 سال کی شادی کے بعد طلاق ہو رہی ہے۔ جمعے کے روز یہ دونوں ممبئی میں فیملی کورٹ کے باہر نظر آئے۔

سیما خان، جن کا پورا نام سیما سچدیو ہے، پچھلے سال نیٹ فلیکس کی سیریز ‘فیبیولس لائیوز آف بالی وائیووز’ کا حصہ تھیں۔

اس سیریز میں دکھایا گیا تھا کہ وہ اور سہیل الگ الگ گھروں میں رہتے ہیں جو اس بات کی جانب اشارہ تھا کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہے۔

ان دونوں کے دو بیٹے نروان اور یوہان ہیں۔ اس سیریز میں سیما کو یہ بھی کہتے سنا گیا تھا کہ ان کا بیٹا اپنے پاپا کے ساتھ رہتا ہے اور وہ اس سے زیادہ نہیں مل پاتیں۔

سہیل ، سلمان اور ارباز خان
سلمان کے دوسرے بھائی ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ کے درمیان بھی طلاق ہو چکی ہے

سہیل کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں سیما کا کہنا تھا کہ ‘سہیل بہت اچھے باپ ہیں، ہمارا رشتہ بہت خوبصورت ہے۔ میں سہیل سے پیار کرتی ہوں اور کرتی رہوں گی لیکن جب آپ کی عمر بڑھتی ہے تو آپ کا رشتہ بھی نئے موڑ لیتا ہے اور آپ کے راستے بدلنے لگتے ہیں۔ میں اور سہیل روایتی میاں بیوی نہیں ہیں۔ ہم ایک یونٹ کی طرح ہیں اور ہمارے بچے ہماری دنیا ہیں۔‘

پیشے کے اعتبار سے سیما ایک فیشن ڈیزائنر ہیں اور ممبئی میں ایک فیشن سٹور چلاتی ہیں۔

سنیل شیٹی کی بیٹی اور انڈین کرکٹر کے ایل راہل کی دوستی کے چرچے

سنیل شیٹی کی بیٹی عطیہ شیٹی اور انڈین کرکٹر کے ایل راہل کی دوستی کے چرچے عام ہیں۔

اتنے عام کہ لوگ اب ان کی شادی کے بارے میں باتیں کرنے لگے ہیں۔ حال ہی میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کے بعد سے عطیہ اور کے ایل راہل کی شادی کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں ہونے لگی ہیں۔

یہاں تک کہا جا رہا ہے کہ یہ دونوں اسی سال دسمبر میں شادی کرنے والے ہیں۔ ایسے میں عطیہ کے پاپا سنیل شیٹی نے ای ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا میرے دونوں بچوں کی شادی ہو گی۔

’ظاہر ہے عطیہ کی بھی شادی ہو گی اور ان کی مرضی سے ہوگی اور جہاں تک کے ایل راہل کا تعلق ہے تو وہ بہت اچھا لڑکا ہے اور مجھے بہت پسند ہے لیکن زمانہ بدل چکا ہے شادی کا فیصلہ بچوں کا اپنا فیصلہ ہوگا ہاں ہماری دعائیں ان کے ساتھ رہیں گی۔‘

عطیہ اور راہل کافی عرصے سے ڈیٹ کر رہے ہیں اور اب اکثر ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments