لودھراں کے عزت دار اور ایک غریب ماں


جس شہر میں ایک شخص تیس ہزار ایکڑ سے زائد زمینوں کا مالک ہو، کئی شوگر ملز، ڈیری فارمز اور فارن و لوکل بنک اکاوٴنٹس میں میں کھربوں روپے موجود ہوں، اپنے ہیلی کاپٹر اور جہاز ہوں، لیکن اسی شہر کے کسی کونے میں ایک بیوہ ماں صرف اپنی یتیم بچیوں کے ایک وقت کے کھانے کے عوض اپنا جسم بیچنے پر مجبور ہو جائے۔ آپ کے ذہن میں شاید افریقہ یا پھر جنوبی سوڈان کا تصور آیا ہو۔ لیکن یہ واقعہ افریقہ یا جنوبی سوڈان کا نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ضلع لودھراں کا ہے۔

دو رات پہلے لودھراں کے سٹیڈیم سے پولیس نے ایک عورت اور مرد کو قابل اعتراض حالت میں گرفتار کیا۔ تھانے لے جا کر تلاشی لینے کے عمل پر عورت نے اپنے پاس موجود ایک شاپر کی تلاشی دینے سے انکار کر دیا۔

پولیس نے جب زبردستی تھیلے کی تلاشی لی تو اس میں سے جو کچھ برآمد ہوا، اسے دیکھ کر تھانے میں موجود ہر شخص کے رونگٹے کھڑے کر دیے۔

مزید پوچھنے پر عورت نے سسکیوں اور ہچکیوں سے روتے ہوئے بتایا کہ خاوند مر چکا ہے، گھر میں جوان بیٹیاں ہیں، گھروں میں کام کرتی ہوں، لیکن کچھ دنوں سے کام نہیں مل رہا تھا، تو دو چار ہوٹلوں سے یہ ایک ایک روٹی بھیک مانگ کر لی ہے، جو کہ پیٹ کی آگ بجھانے کے لئے ناکافی ہیں۔

روڈ پہ کھڑی تھی، اس شخص نے اس کام کے لیے کہا اور میں مان گئی۔ مجھے اپنا جسم، عزت و وقار کے عوض کئی دن سے بھوکی بیٹیوں کے لئے ایک وقت کا کھانا چاہیے تھا۔

تفتیشی افسر نے فوراً ڈسٹرکٹ پولیس افسر لودھراں کو سارا معاملہ بتایا ضلعی افسر بھلے آدمی ہیں، انہوں ایف آئی آر سے درج کرنے سے منع کر دیا، اس خاتون کی مالی مدد کی، اور اسے عزت سے اپنی گاڑی میں گھر بھجوا دیا۔

اس عورت کے ساتھ تو جو ہوا سو ہوا، لیکن ایسی کتنی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، جو اپنی عزت و وقار کھانے دواوٴں اور چوٹی چوٹی ضرورتوں کے عوض بے حس معاشرے کے سامنے پیش کرنے پر مجبور ہیں ان کا ذمہ دار کون ہے؟

‏فرات کے کنارے ایک کتا بھوک سے مر جائے تو سوال عمر ( امیرالمومنین ) سے ہو گا کی باتیں سنانے والوں کے خیال میں بھوک کے عوض اپنی عزتیں نیلام کرتی ان خواتین کا سوال کس سے ہو گا؟

آخر بھوک کے ہاتھوں مجبور اس عوام کے یہ گناہ کس کے سر ہوں گے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments