صرف ایک زمین


پاپ سنگر مائیکل جیکسن نے سن 1995 میں اپنا ایک گانا ”ارتھ سونگ“ ریلیز کیا جس میں مائیکل جیکسن نے ماحولیاتی آلودگی اور دنیا میں ہونے والی جنگوں کے زمین پر اثرات کے بارے میں اس خوبصورت اور دردناک انداز میں گانا گا کر بیان کیا کہ شائقین کے دل میں اتر گیا۔ شاید یہ پہلا موقع تھا کہ کسی اتنے بڑے سنگر نے اپنے گانے کے ذریعے زمین کے درد کو بیان کیا تھا یہی وجہ تھی کہ منفرد موضوع پر حامل ارتھ سونگ دنیا بھر میں مقبول ہو گیا اور اس کی لاکھوں کاپیاں دھڑا دھڑا فروخت ہونے لگیں۔

مائیکل جیکسن نے زمینی مسائل پر کئی اور گانے بھی گائے لیکن جو پذیرائی ”ارتھ سونگ ’کو ملی وہ کسی اور گانے کو نہیں مل سکی۔ آج بھی مائیکل جیکسن کے ارتھ سونگ کو ماحولیاتی آلودگی کے موضوع پر سیمینارز اور تقریبات میں ریفرنس کے طور پر کوڈ کیا جاتا ہے اس کے علاوہ بے شمار بین الاقوامی ویب سائٹس پر ماحولیاتی آلودگی سے متعلق تحقیقی مقالے، ریسرچ اور نوٹس میں بھی ارتھ سونگ کا حوالہ دیا جاتا ہے۔

ارتھ سونگ میں مائیکل نے اپنے گانے میں بتایا کہ انسان ترقی کی دوڑ میں زمین کے قدرتی حسن سے محروم ہوتا جا رہا ہے، روئے زمین پر پائے جانے والے جنگلات، باغ، درخت، پودے، پہاڑ، دریا، ندی نالے کم ہوتے جا رہے ہیں، فیکٹریوں اور گاڑیوں کے دھوئیں نے تازہ فضاء برباد کردی ہے جس کی وجہ سے سانس لینے کے لئے آکسیجن نایاب ہوتی جا رہی ہے، جنگوں نے انسانی تباہی کے ساتھ ساتھ قدرتی ماحول کو بھی تباہ کر دیا ہے، جن مقامات پر جدید ہتھیاروں سے جنگیں ہوئیں یا جہاں ایٹم بم گرائے گئے ان مقامات پر ابھی تک قدرتی حسن بحال نہیں ہوسکا۔ اگر دیکھا جائے تو مائیکل جیکسن کا گانا ”ارتھ سونگ“ ایک طرح سے اقوام متحدہ کی جانب سے منائے جانے والے عالمی ماحولیاتی دن کی بہترین انداز میں عکاسی کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے زیراہتمام سن 1974 سے ہر سال 5 جون کو ماحولیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد زمین پر بسنے والے تمام انسانوں کو یہ آگاہی دینا ہے کہ وہ جس سیارے پر رہ رہے ہیں اس کی حفاظت کرنا اور اس کے قدرتی حسن کو بحال رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ اس اہم مسئلہ کو مزید واضح کرنے کے لئے عالمی ماحولیاتی دن کا اس سال کا تھیم گزشتہ برسوں میں رکھے گئے تھیم سے کچھ زیادہ الفاظ پر مشتمل ہے۔ اس سال عالمی ماحولیاتی دن کا تھیم ہے ”صرف ایک زمین، کائنات میں اربوں کہکشاں ہیں، ہماری کہکشاں میں اربوں سیارے ہیں لیکن زمین صرف ایک ہے، آئیے اس کا خیال رکھیں“

Only one Earth
In the universe are billions of galaxies,
In our galaxy are billions of planets,
But there is
#Only One Earth.Lets take care of it.

اس تھیم کے ذریعے لوگوں کو یہ بتایا گیا ہے کہ کائنات میں اربوں کہکشاں اور سیارے تو ہیں لیکن انسانوں کے پاس زندگی بسر کرنے کے لئے صرف ایک ہی سیارہ ”زمین“ ہے اس لئے اگر ہم نے قدرت سے چھیڑ چھاڑ کر کے اس کو تباہ کر دیا یا ترقی کو جواز بنا کر زمین کو برباد کر دیا تو پھر ہماری آنے والی نسلوں کے لئے خدانخواستہ زمین پر زندہ رہنے کے آثار ممکن نہ رہیں گے۔ ہماری اپنی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے زمین کا اصل حسن اور اس کی اصل طاقت ختم ہوتی جا رہی ہے۔

ایک طرف انسانوں کے زندہ رہنے کے لئے سب سے اہم جزو ”آکسیجن“ کی فراہمی کے ذرائع جنگلات، درخت، پودے کم ہوتے جا رہے ہیں تو دوسری جانب فیکٹریوں، گاڑیوں اور بھٹوں کے دھوئیں اور فصلوں کی باقیات جلا کر فضاء میں باقی رہ جانے والی آکسیجن کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔ ماہرین ارضیات کئی مرتبہ انکشاف کرچکے ہیں کہ قدرت سے چھیڑ چھاڑ اور اس کی مناسب حفاظت نہ کرنے کے نتیجہ میں گلوبل وارمنگ سمیت دیگر خطرناک مسائل جنم لے چکے ہیں اس کے علاوہ زیر زمین پینے کے پانی کا لیول کم ہوتا جا رہا ہے، فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی ہو رہی ہے، آبی و جنگلی حیات ناپید ہو رہی ہیں، پہاڑ سرکتے جا رہے ہیں، بارشوں اور موسم میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، انسانوں اور دیگر جانداروں کی اموات میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انسان خود کو زندہ رکھنے کے چکر میں خود ہی موت کا سامان خرید رہا ہے۔ جانداروں کے زندہ رہنے کے لئے واحد سیارے زمین کو بچانے کے لئے ہر فرد کو یہ عہد کرنا ہو گا کہ وہ قدرتی ماحول پر پیدا ہونے والی منفی اور ناخوشگوار تبدیلیوں کے خاتمہ کے لئے مثبت کردار ادا کریں گے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments