پاکستان پیپلز پارٹی، پنجاب اور مایوسی

پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد پنجاب کے دل لاہور میں رکھی گئی، پنجاب نے ہمیشہ کسی بھی دوسرے صوبے سے بڑھ کر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی مرکز میں برسر اقتدار آئی ہے اس میں پنجاب کا ایک اہم کردار رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی جیسی اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور مزاحمتی صفات کی حامل جماعت کو آہستہ آہستہ پنجاب سے کمزور کیا جاتا رہا تاکہ کنگز پارٹیز اور دائیں بازو کی حامل جماعتوں کے لئے پنجاب میں جگہ بنائی جا سکے۔
انیس سو ستتر کے بعد کئی دفعہ پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئی بھی لیکن بوجوہ پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے نہیں دی گئی۔ کئی بار پیپلز پارٹی کے جیتے ہوئے الیکشن چرائے جاتے رہے، انیس سو نوے کا الیکشن اس کی ایک کلاسیکل مثال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گراؤنڈ پر پیپلز پارٹی آج بھی پنجاب کے کونے کونے میں موجود ہے لیکن انتخابی سیاست میں پنجاب کی حد تک پیپلز پارٹی کو نہ تو کھل کر کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے اور نہ ہی انتخابات میں لیول پلئینگ فیلڈ دی جاتی ہے۔ پیپلز پارٹی کا کارکن آج بھی پنجاب کے ہر گلی کوچے میں موجود ہے جسے اگر تھوڑی سی توجہ اور رہنمائی میسر آ جائے تو پیپلز پارٹی آج بھی پنجاب کی سب سے بڑی جماعت بن سکتی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے پنجاب کو کبھی اگنور نہیں کیا۔ کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جڑیں پنجاب اور پنجاب کی عوام کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔ پنجاب کی مٹی میں پاکستان پیپلز پارٹی اعلی قیادت ہو یا ورکرز جیالے ان کا خون اس مٹی میں شامل ہے جس کی مہک سے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں اکثریت نہ ہونے کے بعد بھی مقبول ہے پنجاب میں ہونے والی ریلی یا جلسے اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب میں آج بھی لوگ پسند کرتے ہیں لیکن کچھ مقامی قیادت ٹکٹ ہولڈرز اور عہدے داروں کا عوامی رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا رویہ مایوس کن ہے۔
مایوسی کو ختم کرنے کے لئے مقامی عہدے دار، ٹکٹ ہولڈرز اور جیالوں کو یہ تاثر بالکل نہیں دینا چاہیئے کہ اعلی قیادت دلچسپی نہیں لے رہی یا اعلی قیادت پنجاب میں نہیں بیٹھنا چاہتی کیونکہ اس طرح کا تاثر عام لوگوں جیالوں یا ورکرز کو مزید مایوسی میں دھکیل دیتا ہے۔ اگر اعلی قیادت پنجاب کے لئے دلچسپی نہ رکھتی ہو تو ذرا سوچیں وہ اپنے دور حکومت میں وزراء اعظم کے ساتھ ملک کی اہم وزارتیں کیا پنجاب کے ممبرز اسمبلی کو دیتی؟
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنا چیف منسٹر نہ ہونے کے بعد بھی پنجاب کو مکمل فنڈ کیوں دیتی؟ پنجاب میں این ایف سی ایوارڈ کے بعد 500 ارب کا پنجاب کے حصے کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کیوں دیتی؟ پنجاب کے ورکرز کو صدر زرداری دور میں نوکریاں کیوں دیتی؟ پنجاب میں مقامی تنظیم و عہدے داروں کے ہاتھوں لاکھوں معذور لوگوں کے لئے وہیل چیئر، غریبوں کے لئے رکشے، سلائی مشین، سائیکل اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے پروگرامز کیوں دیتی؟
پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو پورے ملک کی نمائندگی کرتی ہے اس کی تازہ مثال تھر کول پاور پلانٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گریڈ میں منتقل کرنا ہے۔ اس لیے مقامی قیادت و عہدے دار یا ٹکٹ ہولڈرز سے درخواست ہے کہ وہ فی الحال ان حالات میں اپنے آس پاس کے دوستوں و لوگوں میں یہ کہہ کر مزید مایوسی مت پھیلائیں کہ قیادت دلچسپی نہیں لیتی۔ اب اعلی قیادت نے پنجاب کے سینئر لوگوں کو مشترکہ حکومت میں وفاقی اور صوبائی وزارتیں اور عہدے لے کر دیے ہیں تو ان کو چاہیئے اپنی اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ جس سے پنجاب میں پارٹی مضبوطی کی طرف گامزن ہو۔

