لیہ میں ’شادی سے انکار پر‘ خاتون کی والدہ کی قبر پر آگ لگانے والا ملزم گرفتار

غلام حسن مہر - صحافی


قبر، لیہ، فائل
صوبہ پنجاب کے شہر لیہ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی 25 سال قبل وفات پا جانے والی سابقہ ساس کی قبر پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی اور اس منظر کی تصاویر اپنی سابقہ اہلیہ کو بھیج کر انھیں دھمکیاں دیں۔

یہ واقع 13 جون کی شام ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ کے نواحی علاقے چک نمبر 363 میں پیش آیا جہاں ملزم نے اپنی سابقہ بیوی کو دوبارہ شادی کی پیشکش کی۔ اطلاعات کے مطابق انھوں نے سابقہ بیوی کو 10 سال قبل طلاق دے دی تھی جبکہ خاتون نے دوبارہ شادی کی پیشکش پر انکار کر دیا تھا۔

خاتون کی بہن کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق ’ہمارا ان سے بول چال آنا جانا بند تھا‘ اور پیشکش ٹھکرائے جانے کی رنجش پر انھوں نے واٹس ایپ پر پیغام میں کہا کہ ’آپ کی والدہ کی قبر کو آگ لگا رہا ہوں۔‘

ایف آئی آر میں دعویٰ کیا ہے کہ والدہ کی آگ لگی قبر کی تصاویر واٹس ایپ پر بھیجی گئیں اور اس قبر پر آگ کے نشانات موجود ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

’فون پر والدہ کی قبر کو آگ لگانے کی دھمکی دی گئی‘

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے رشتے کی پیشکش ٹھکرانے کی رنجش پر 25 سال قبل وفات پاجانے والی ساس کی قبر کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے باعث قبر کی بے حرمتی ہوئی اور ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور متاثرہ اہل خانہ کے بیانات قلمبند کیے گئے اور اہل علاقہ سے واقعے کی چھان بین کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

’قبر کے اندر جھانکا تو بھانجی کی لاش غائب تھی، دور برہنہ حالت میں پڑی تھی‘

ساجدہ تسنیم کا قتل: ’ساس سسر کہتے تھے آسٹریلیا کو بھول جاؤ، تم نے یہیں رہنا، یہیں مرنا ہے‘

گجرات میں دو بہنوں کا قتل: پولیس نے بھائی و چچا سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا

انڈیا: اجتماعی ریپ کی شکایت درج کروانے والی لڑکی سے تھانیدار کا مبینہ ریپ

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور سابقہ ساس کی قبر کی مبینہ بے حرمتی کرنے والے شخص کو ’چوبیس گھنٹوں کے دوران چھاپے مارکر گرفتار کرلیا گیا ہے‘ جس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔‘

بی بی سی کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ ان کے سابقہ بہنوئی نے ان کی بہن سے دوبارہ رشتہ جوڑنے کے لیے شادی کی پیشکش کی تھی لیکن بار بار اصرار کے باوجود انکار کیا گیا جس پر ملزم نے ’فون پر والدہ کی قبر کو آگ لگانے کی دھمکی دی‘۔

’کچھ دیر کے بعد (ان کی بہن) کے موبائل فون کے واٹس ایپ پر پیغام آیا جس میں والدہ کی قبر پر تیل چھڑک کر آگ لگانے کی تصاویر تھیں جسے دیکھ کر دل کو دکھا پہنچا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ قبرستان پہنچیں اور والدہ کی قبر پر لگی آگ کو بجھانے کے بعد اس حوالے سے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس فوری طور پر قبرستان پہنچی اور بیان لینے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی گئی۔

اہل خانہ کا کہنا کہ وہ اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔ ’بس ملزم کو سزا دلوائیں، یہی ہمارا مطالبہ ہے۔‘

اس واقعے کے ملزم کی گرفتاری کے بعد پنجاب پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے بارے میں ٹوئٹر پر اطلاع دی گئی۔ اس پر کئی صارفین نے غم و غصے کا ردعمل دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32557 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments