جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق بیان پر پاکستان کا کینیڈا سے باضابطہ احتجاج


باجوہ

پاکستانی وزارتِ خارجہ نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو وزارتِ خارجہ طلب کر کے اُن سے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ’منسوخ ہونے والے دورہ کینیڈا‘ کے بارے میں کینیڈین رکنِ پارلیمان ٹام کمچ کی جانب سے دیے گئے ایک بیان اور اس پر کینیڈا کے پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی دفاع برائن مے کے ردعمل پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کر کے انھیں اس ضمن میں احتجاجی مراسلہ دیا ہے۔

کینیڈا کی پارلیمان سے 17 جون کو ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں رکنِ پارلیمان ٹام کمچ کینیڈا کے وزیرِ دفاع سے سنہ 2020 میں جنرل باجوہ کے منسوخ ہونے والے دورہ کینیڈا سے متعلق سوال کر رہے ہیں۔

اس سوال کے دوران ٹام کمچ مختلف نوعیت کے الزامات بھی عائد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ٹام کمچ اس ویڈیو میں کہتے ہیں کہ ’کینیڈا کی وزارتِ دفاع کی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ 2020 میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا مجوزہ دورہ کینیڈا، عوام کے ٹیکس کے 50 ہزار ڈالر سے منظور کیا گیا تھا، لیکن اس دورے کو کووڈ 19 کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔‘

کمچ
ٹام کمچ (بائیں)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کینیڈا کے ایک اسسٹنٹ نائب وزیر نے اس دورے کو مناسب قرار دیا تھا۔ کیا وزیرِ دفاع بھی اس رائے سے اتفاق کرتے ہیں کہ جنرل باجوہ کے دورے پر 50 ہزار ڈالر صرف کرنا مناسب ہے؟‘

اس کے جواب میں پارلیمانی سیکریٹری قومی دفاع برائن مے نے کہا کہ ’میں اپوزیشن رکن (ٹام کمچ) کی بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ یہ صورتحال غیر مناسب ہے۔ میں اس حوالے سے موجودہ صورتحال سے آگاہ نہیں ہوں۔ میں مزید تفصیلات حاصل کرنے کے بعد رکن کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔‘

اس مکالمے کی ویڈیو پاکستان میں سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی دنوں کے دوران متعدد مرتبہ شیئر کی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’فوج کی سیاست میں دلچسپی نہیں تو یہ ملاقاتیں کیوں؟‘

مبینہ دھمکی آمیز مراسلے سے بات فوج مخالف ٹرینڈز تک کیسے پہنچی؟

عمران خان کے حامی ماضی میں فوج سے خوش لیکن اب ناراض

فوج مخالف بیان: وفاق کی ایمان مزاری کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کی مخالفت

رکنِ پارلیمان ٹام کمچ اس سے قبل بھی پاکستان کے حوالے سے کئی بیانات دے چکے ہیں اور سنہ 2018 میں پارلیمانی کارروائی کے دوران انھوں نے پاکستان میں مبینہ ’انسانی حقوق کی پامالیوں‘ کے خلاف قرار داد بھی پیش کی تھی۔

انھوں نے ہاؤس آف کامنز میں کہا تھا کہ پاکستان کی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ اقلیتوں کی حقوق کی حفاظت کریں اور امتیازی سلوک کے قوانین کو ختم کریں اور پاکستان کو ملنے والی کینیڈین امداد کو انسان حقوق کو یقینی بنانے سے مشروط کریں۔

اگست سنہ 2020 میں انھیں ایک ایسے ویبینار میں بھی مدعو کیا گیا تھا جس کا عنوان ’جبری گمشدگیوں کے متاثرین کا عالمی دن‘ تھا اور یہ ’سندھی فاؤنڈیشن‘ نے منعقد کروایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments