انڈیا: اودھے پور میں ایک شخص کا سر تن سے جدا کرنے کے لیے الزام میں دو افراد گرفتار، علاقے میں شدید کشیدگی
بھارتی ریاست راجھستان کے ڈسٹرکٹ اودھے پور میں ایک شخص کا سر تن سے جدا کیے جانے کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق قتل کا یہ واقعہ سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا ہے۔ پولیس کی جانب سے امن و امان کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس ایم ایل لاتھر کا کہنا ہے کہ ’دو افراد کو جو کہ مبینہ طور پر قتل کے اس واقعے میں ملوث تھے، راج سمند نامی ڈسٹرکٹ کے علاقے بھم سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
یہ اودھے پور کے ساتھ والا ڈسٹرکٹ ہے۔
مقتول کنہیہ لال تیلی دھان منڈی پولیس سٹیشن کی حدود میں درزی کی دکان چلاتے تھے۔ منگل کو کچھ لوگ ان کی دکان میں کپڑے سلوانے کے بہانے آئے اور انھیں دکان سے باہر لے جا کر تلوار سے ان کی گردن اڑا دی۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے راج سمند پولیس کے سپرنٹینڈنٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار ہوئے۔
https://twitter.com/ANI_MP_CG_RJ/status/1541766678362480640
سپرنٹینڈنٹ سدھیر چوہدری نے کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پکڑنے کے لیے دس ٹیموں کو تعینات کیا گیا تھا۔ اودھے پور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ تارا چند مینہ نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی نے کہا ہے کہ قتل کے واقعے کے بعد اودھے پور کے کچھ علاقوں میں احتجاج شروع ہو گیا ہے۔ اودھے پور کے ایس پی منوج کمار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’یہ اندھوناک قتل ہے۔ کچھ ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، پولیس کی ٹیمیں ملزمان کی تلاش کر رہی ہیں۔ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


