پاکستان تحریک انصاف کی اپیل پر سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ آج سماعت کرے گا


چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ آج ڈیڑھ بجے دوپہر سماعت کرے گا جس میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے اپیل کی مزید 5 پیپرز بک طلب کر لیں، جس کے بعد تحریکِ انصاف نے اپیل کی مزید 5 کاپیاں رجسٹرار آفس میں جمع کرا دیں۔ رجسٹرار آفس کے ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ 5 ججز کا ہے، عمومی طور پر 5 ججز کے فیصلے کے خلاف لارجر بینچ تشکیل پاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں اس وقت 4 ججز چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل موجود ہیں۔ سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 1 کے باہر سیکیورٹی اسٹاف بھی پہنچ گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ روز کے لاہور ہائی کورٹ کے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق فیصلے کو آج سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ عدالتِ عظمیٰ میں درخواست پاکستان تحریکِ انصاف کے وکیل فیصل چوہدری اور امتیاز صدیقی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے، درخواست کے فیصلے تک وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا انتخاب روکا جائے۔درخواست میں پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے کہ حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ صاف شفاف الیکشن ہو سکیں، پنجاب اسمبلی میں وزارتِ اعلیٰ کا الیکشن فوری معطل کیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو تبدیل کر کے اجلاس بلانے کا مناسب وقت دیا جائے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکینِ پنجاب اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کے لیے مناسب وقت دینا ضروری ہے، فریقین کو صاف اور شفاف الیکشن کا آئینی حق حاصل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments