خان صاحب! تھوڑا اسلامی ٹچ دیں


ایک مسخرے شخص میں پیغمبری کا دعوی کیا اور اس نے یہ دعویٰ افلاس سے مجبور ہو کر کیا تاکہ لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا سکے۔ وہ اپنی گفتگو میں دو جملے استعمال کرتا تھا جس کے دو معنی ہوتے تھے۔ ایک معنی نبوت کے دعوے پر محمول ہوتا تھا اور دوسرے معنی کا نبوت سے کوئی تعلق نہ تھا اس نے اپنے نبی ہونے کا یہ مطلب بتایا کہ وہ اللہ تعالی کی جانب سے اس دنیا میں آیا ہے اور اللہ تعالی نے مجھے ملک عدم سے بھیجا ہے لوگوں نے اس سے کہا کہ عدم سے تو ہم بھی آئے ہیں ہیں تجھ میں ایسی کون سی خصوصیت ہے؟

اس نے کہا کہ بے شک تم لوگ بھی عدم سے آئے ہو مگر ایسے اندھے پن سے آئے ہو کہ تمہیں راستے کا علم نہیں ہے اور نہ ہی تم اپنی منزل کے متعلق جانتے ہو۔ تم لوگ سوتے ہوئے بچے کی مانند آئے ہو جبکہ میں بیداری کے عالم میں آیا ہوں۔ بادشاہ نے تنہائی میں اس سے پوچھا کہ وہ کہاں کا رہنے والا ہے اور کیا کام کرتا ہے اس نے کہا میں دارالاسلام سے ملامت کے گھر یعنی دنیا میں آیا ہوں ہوں۔ بادشاہ نے تفریحاً یہ پوچھا کہ تو نے آج ناشتے میں کیا کھایا؟ وہ بولا اگر میرے پاس کھانے کو کچھ ہوتا تو میں پیغمبری کا دعویٰ کیوں کرتا۔

(کتاب ”حکایات رومی“ کے مضمون ’ملامت کا گھر‘ سے اقتباس)

بدقسمتی سے ہمارے یہاں مذہب وہ واحد چورن ہے جسے ہر عام و خاص خریدنے کی لیے ہر دم تیار بیٹھا ہوتا ہے اور بیچنے والا انتہائی مکاری سے ٹھیک وقت کا تعین کر کے مذہبی پتے کھیلتا ہے۔ میری ناقص رائے کے مطابق جس کا کام اسی کو ساجھے۔ اگر آپ ایک سیاستدان ہیں تو آپ کی تمام تر توجہ لوگوں کے فلاح و بہبود پر ہونی چاہیے۔ لوگوں کی زندگیوں کو خوشحال اسلامی ٹچ لگائے بغیر بھی بنایا جا سکتا ہے۔

اور وہ لوگ جو دین کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں ان کے لئے سخت وعید سنائی گئی ہے۔ لہذا دین کی تبلیغ سب سے پہلے اپنے گھر سے شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اپنی اولاد کو دین کی طرف مائل کیا جائے پھر باقی لوگوں کو دعوت دی جائے۔ اور بالفرض یہ طریقہ کار نہ استعمال کیا جائے تو بھلے آپ کی نیت کتنی بھی خالص کیوں نہ ہو وہ محض اسلامی ٹچ سے زیادہ ہر گز نہ ہو گا۔ نیز اوپر دیے گئے اقتباس کی عمران خان کی سیاست سے مماثلت محض اتفاقیہ ہے۔

———————————–
”تم قتل کرو ہو کہ کرامات کرو ہو“