کیا ہم زندہ ہیں


ایک مرتبہ کا ذکر ہے کہ شیرنی اپنے بچوں کو شکار سکھانے کے لیے جنگل میں لے کر جاتی ہے۔ اس وقت اس کا ایک بچہ گم ہو جاتا ہے، اور وہ بکریوں کے چراگاہ میں داخل ہو جاتا ہے جہاں بکریاں گھوم رہی ہوتی ہیں وہ بھی ان کے جھنڈ میں شامل ہو جاتا ہے۔ جب مویشی دیکھتا ہے کہ شیر کا بچہ بکریوں کے جھنڈ میں شامل ہو گیا ہے، تو وہ اس شیر کے بچے کو بھی اپنے ساتھ لے جاتا ہے۔ پھر یہ روز کا معمول ہو جاتا ہے کہ وہ بکریوں کے ساتھ چراگاہ میں آتا، اور ان کے ساتھ کھاتا اور واپس لوٹ جاتا۔

ایسا ہی ہوتا رہا اور وہ شیر کا بچہ ان بکریوں کے ساتھ پل بڑھ کے بڑا ہو گیا۔ پھر ایک دن اس شیر کو جنگل میں دوسرے شیر نے دیکھا، کہ وہ گھاس کھا رہا ہے تو دوسرے شیر کو بہت حیرانی ہوئی کہ شیر بکریوں کے ساتھ گھاس کھا رہا ہے تو اس نے اس شیر سے کہا کہ تم تو شیر ہو اور شیر ہو کہ بکریوں کے ساتھ گھاس کھا رہے ہو، دیکھو تم دھاڑو یہ سارے تم سے ڈر جائیں گے اس نے کہا ایسا کیسے ہو گا میں تو ان کے ساتھ رہتا ہوں مجھ سے کیسے ڈریں گے یہ اس نے کہا تم دھاڑو دیکھو سارے ڈریں گے اور جب دوسرے شیر کے کہنے پہ اس نے دھاڑا تو ایسا ہی ہوا کہ سارے اس سے ڈر گئے تو اس کو حیرانی ہوئی۔

اس سے ہمیں یہ نقطۂ سمجھنے کو ملا کہ اس کو اس کی ذات کا اندازہ ہی نہیں تھا۔ بچپن سے جوانی تک وہ وہی کرتا رہا جو اس نے دیکھا کبھی اس کو اپنی ذات کا احساس تک نہیں ہوا یہاں تک کہ کبھی اس نے اپنی طاقت تک کا احساس نہیں کیا۔

جس طرح وہ شیر بکریوں میں پلا بڑھا اور اس اس نے بکری بن کے زندگی گزاری اسے اپنی ذات کا احساس نہیں ہوا۔ ٹھیک اسی طرح ہم انسان کو بھی اپنا جسمانی لحاظ سے تو اپنا احساس ہوتا ہے لیکن شعوری طور پر ہم مردہ ہی رہتے ہیں۔ ہم اپنے پچھلے دنوں یعنی اپنے بچپن کے دنوں کی طرف لوٹتے ہیں تو ہمیں اپنی زندگی یا پیدائش کا پہلا دن یاد نہیں ہو گا۔ اسی طرح اگر ہم اپنی زندگی کے چوتھے یا پانچویں سال کا کوئی واقعی یا قصہ یاد ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس سے پہلے ہم زندہ نہیں تھے۔

ہم زندہ تھے۔ اس وقت بھی لیکن اس وقت ہمیں اپنے وجود کا بھی احساس نہیں تھا۔ پھر ایک وقت آتا ہے جب ہمیں اپنے وجود کا احساس ہونے لگتا ہے۔ لیکن شعور کے احساس سے بدقسمتی سے ہم لوگ آج تک محروم ہیں۔ کیونکہ ہم نے کبھی خود سے گفتگو ہی نہیں کی، کبھی خود کو سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی۔ صدیوں سے ہوتا آ رہا ہے کہ لوگ آتے ہیں خود کے بجائے دوسروں کو سمجھنے اور سمجھانے میں اپنی زندگیاں وقف کر کے چلے جاتے ہیں۔ لیکن کبھی خود کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے۔ تین ایسے سوال ہیں جو ہر انسان کو خود سے پوچھنے چاہیے۔

پہلا سوال میں کون ہوں؟

کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ آئینے کے سامنے کھڑے ہوئے ہوں اور آپ نے خود کو سنوارنے کے بجائے خود اپنی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر خود سے گفتگو کرنے کی کوشش کی ہو کبھی خود سے سوال کیا ہو کہ میں کون ہوں؟

دوسرا سوال آج میں جو ہوں وہ کیوں ہوں؟
اور تیسرا سوال جو آپ کو خود سے پوچھنا چاہیے کہ
آج میں جو ہوں وہ کیسے ہو گیا؟
*زندگی کا شعور جو حاصل ہوتا ہے، وہ خود سے گفتگو کر کے، خود سے سوال کر کے حاصل ہوتا ہے۔ *

آج کا انسان اپنی زندگی میں ایسے مصروف ہے کہ اس کے پاس دوسروں کے لئے کیا خود کی ذات تک کے لیے وقت نہیں ہے۔

آج کے دور میں کسی سے پوچھیے کے آپ کون ہے؟ تو کچھ اس طرح کے جواب سننے کو ملتے ہیں۔
میں بینکر (Banker) ہوں۔
میں ٹیچر (Teacher) ہوں۔
میں انجینئر (Engineer) ہوں۔
میں ڈاکٹر (Doctor) ہوں۔
نہ پینٹر (Painter) ہوں۔
میں ایکٹر (Actor) ہوں۔
وغیرہ وغیرہ۔

اس طرح کے جواب سے یہ مطلب نکلتا ہے کہ آج کے انسان نے اپنی پہچان اپنے پیشے (profession) کو بنا لیا ہے۔ فرض کریں آپ نہ ڈاکٹر Doctor ہوں، نہ انجینئر Engineer ہوں، نہ ٹیچر Teacher ہوں، نہ ایکٹر Actor ہوں، نہ بینکر Banker ہوں، اور نہ ہی پینٹر ( Painter) ہوں!

پھر بھی یہ سوال آپ سے پوچھا جائے کہ آپ کون ہیں؟
تو آپ کا جواب کیا ہو گا کبھی سوچا ہے؟

جیسے دنیا میں موجود چیزوں کو دیکھنے کے لئے روشنی درکار ہوتی ہے اسی طرح ہمیں اپنے آپ کو جاننے، اپنے اندر جھانکنے، خود کو سمجھنے اور پہچاننے کے لیے روشنی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور یہ روشنی جب میسر ہوتی ہے جب ہم اپنا سوال خود سے کرتے ہیں۔ کہ میں کون ہوں؟

میں آج جو ہوں وہ کیوں ہوں؟
اور میں آج جو ہو وہ کیسے ہو گیا؟

جب انسان یہ سوال خود سے کرتا ہے تو اس کو اپنے اندر موجود خامیوں کا بھی پتہ لگتا ہے، اور خود میں موجود خزانے (خوبیوں ) سے بھی واقفیت حاصل ہوتی ہے۔

اس لیے بہترین عمل یہی ہے کہ دوسروں کی ذات پر مطالعہ اور تبصرے کرنے سے پہلے خود کو جانیں، خود کو سمجھیں، خود کو پرکھیں، خود کو سنواریں۔

اللہ تعالی نے انسان کو شعور عطا کیا ہے۔ صحیح اور غلط کو سمجھنے کی صلاحیت دی ہے۔ اسے تمام مخلوقات میں اول درجہ دیا ہے۔

اس لیے انسان کو چاہیے کہ صحیح اور غلط کو سمجھنے کی کوشش کرے۔

ہم لوگوں کا تعلق اس معاشرے سے ہے جہاں وہی رسمیں ہوتی آ رہی ہیں جو ہمارے آبا و اجداد کرتے آرہے ہیں۔ ہم انہی باتوں کو انہی رسموں کو اپنے آبا و اجداد کے نقش قدم پر اپناتے ہوئے آرہے ہیں، چاہے وہ کام درست ہوں یا نہیں۔ ہم ان کاموں کو سمجھنے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں، بس ان کو اپناتے ہوئے آرہے ہیں۔

آج کے دور میں ہمارے معاشرے میں بہت سی ایسی رسمیں ہیں جو ہندوستان کے زمانہ سے ہمارے ساتھ چلتی آ رہی ہیں ہم کبھی ان سے پیچھا چھڑانے کی کوشش نہیں کرتے بس ایک مٹی کے پتلے کی طرح انہیں اپناتے اور نبھاتے آرہے ہیں۔ تو *ہم زندہ کیسے کہلائیں گے؟ * جب ہم اپنی شعوری طاقت کو استعمال ہی نہیں کر رہے ہیں۔

بس ایک روبوٹ یا مشین کی طرح کام کر رہے ہیں۔ جیسے اسے جتنا بتایا اور سکھایا جاتا ہے وہ اتنا ہی کام کرتی ہیں۔ جبکہ انسان کے پاس شعوری طاقت ہے لیکن وہ زمانے کی باتوں اور رسموں میں ایسے الجھا ہوا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں سے کام تک لینے سے قاصر ہے۔