چھلنی میں پانی جمع کرنے کی بے سود کاوش


عمران خان صاحب کے بیشتر خیالات سے میں ہرگز متفق نہیں ہوں۔ ”یوٹرن“ کے بارے میں لیکن ان کا موقف مبنی برحق ہے۔ اسے سراہنے کے لئے لازمی ہے کہ اقبال کی بتائی اس حقیقت کو یاد رکھا جائے کہ زمانے میں ثبات فقط تغیر کو نصیب ہوتا ہے۔زندگی کبھی یکساں نہیں رہتی۔ حالات بدلتے رہتے ہیں اور ایک کامیاب سیاستدان کے لئے لازمی ہے کہ وہ ”آئی صورت“ کے تقاضوں کے مطابق بنائی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے۔ یہاں تک پڑھنے کے بعد آپ کے ذہن میں سوال اٹھے گا کہ میری تمہید کا ”یوٹرن“ سے کیا تعلق ہے۔

آپ کی تسلی کے لئے یاد دلانا ہو گا کہ عمران خان صاحب نے اپنی جماعت کے 125 اراکین سمیت قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے رکھا ہے۔ اجتماعی استعفوں کا ہدف موجودہ قومی اسمبلی کو مفلوج ثابت کرتے ہوئے قبل از وقت انتخاب کا حصول تھا۔ خان صاحب اپنا یہ ہدف حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ ان کی قومی اسمبلی سے عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت نے بلکہ نیب اور انتخاب سے متعلقہ قوانین میں اپنی ترجیح والی ترامیم متعارف کروائی ہیں۔ اب رواں مالی سال کا بجٹ بھی منظور ہوچکا ہے۔ اسے منظور کروالینے کے بعد گیارہ جماعتوں پر مشتمل حکومت بضد ہے کہ اسے قومی اسمبلی کی بقیہ مدت مکمل کرنے دی جائے۔ اس کے دوران وہ حالیہ بجٹ کے ذریعے عوام کے لئے ناقابل برداشت اقدام اٹھا لینے کے بعد بقیہ مہینوں میں معاشی میدان میں رونق لگانے کی کوشش کرے گی۔ متوقع رونق لگ گئی تو عوام مہنگائی کے سیلاب سے نکل کر نسبتاً محفوظ زندگی گزارتے ہوئے محسوس کریں گے۔ حکمرانوں کو ”معاف“ کر دیں گے۔

خالصتاً سیاسی حرکیات کے تناظر میں دیکھیں تو عمران خان صاحب کو اگلے برس کے اکتوبر تک موجودہ حکومت کے لئے اقتدار میں رہنا ناممکن بنانا ہوگا۔ حکومت کے خلاف لوگوں کے دلوں میں ابھرتے غصے کا فوری انتخاب مسلط کرتے ہوئے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ پرجوش اور عظیم الشان عوامی اجتماع یہ انتخاب مسلط نہیں کرسکتے۔دھرنا بھی اس ضمن میں 2014 کی طرح ناکام ہو گا۔ مقتدر حلقوں کو ”میر جعفر“ پکارتے ہوئے بھی عمران خان صاحب موجودہ حکومت پر دباﺅ نہیں بڑھا سکتے۔

مذکورہ بالا تناظرمیں نئے انتخاب کے حصول کے لئے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کے اکھاڑے میں واپس آنا ہو گا۔ اس کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ابھی تک تحریک انصاف کے دئیے استعفے قبول نہیں کئے ہیں۔ تحریک انصاف کے 125 اراکین لہٰذا قانونی اعتبار سے آج بھی ایوان کے بااختیار اراکین ہیں۔ اس حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی قوت کے حامل بھی ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست میں تحریک انصاف اس ارادے کا اظہار بھی کرسکتی ہے کہ وہ قومی اسمبلی میں لوٹ کر وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنا چاہتی ہے۔

تحریک انصاف نے اگر قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے اپنی درخواست باقاعدہ پیش کر دی تو حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں ہکا بکا رہ جا ئیں گی۔ راجہ پرویز اشرف اگر یہ درخواست پیش ہوجانے کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے پیش ہوئے استعفے منظور کرنے کا اعلان کر دیں گے تو اپنے اس موقف کی نفی کرتے نظر آئیں گے جس کی بنیاد پر وہ مستعفی ہوئے ہر رکن کو اپنے دفتر میں انفرادی طور پر پیش ہونے کے بعد استعفیٰ کی تصدیق کا تقاضا کر رہے ہیں۔ جس دلیل کی بنیاد پر وہ ابھی تک تحریک انصاف کے استعفوں کی منظوری کا اعلان نہیں کر رہے وہ قانونی اعتبار سے بھی جائز ہے۔

ایوان میں لوٹنے کی خواہش کے ساتھ اگر عمران خان صاحب اور ان کے ساتھی قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا چاہیں تو راجہ پرویزاشرف کے لئے لیت ولعل دکھانا لہٰذا ناممکن ہو جائے گا۔ جس روز طلب کردہ اجلاس ہو اس دن وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی جمع کروائی جا سکتی ہے۔ راجہ صاحب کے لئے اس تحریک پر گنتی کروانا بھی لازمی ہو جائے گا۔ رواں برس کے اپریل میںیہ طے ہو چکا ہے کہ اگر وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہو جائے تو اس سے مفر ممکن ہی نہیں۔ اسے محض چند دنوں تک ٹالا ہی جا سکتا ہے۔

قومی اسمبلی میں واپسی کے اعلان کے ساتھ تحریک انصاف کھلے دل سے اپنے ماضی کے ”اتحادیوں“ سے روابط کا آغاز کرے تو انہیں ”گھر واپسی“ کا جواز مل جائے گا۔ بجٹ اجلاس کے آخری دنوں میں ایم کیو ایم اور ”باپ“ کے چند اراکین نے ایوان میں دھواں دھار تقاریر کیں۔ دل کھول کر اعتراف کیا کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کے دنوں میں زیادہ خوش تھے۔ عمران خان صاحب ان کے تاسف کو سراہتے ہوئے ان کے دل موہ سکتے ہیں۔

بھان متی کا کنبہ دکھتی حکومت تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں واپسی کے اعلان ہی سے خوفزدہ ہو جائے گی۔ اپنی اکثریت ہر صورت برقرار رکھنے کی خواہش میں وہ مضحکہ خیز ہتھکنڈے اختیار کرنے کو بھی مجبور ہو سکتی ہے جنہیں تحریک انصاف کا سوشل میڈیا مہارت سے لوگوں کے روبرو لاسکتا ہے۔ جو فضا بنائی جا سکتی ہے وہ وزیر اعظم کو اس امر پر بھی مجبور کر سکتی ہے کہ اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد باقاعدہ پیش ہونے سے قبل ہی ازخود صدر کو موجودہ قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیج دیں۔ یوں تحریک انصاف قبل از وقت انتخاب کا ہدف جلسے جلوسوں اور دھرنوں میں وقت ضائع کئے بغیر ہی حاصل کرسکتی ہے۔ قومی اسمبلی میں لوٹے بغیر جلسوں کے دوران ”جوش خطابت“ میں جو سوال اٹھائے جا رہے ہیں و ہ مقتدر حلقوں کو موجودہ حکومت کے مزید قریب لا رہے ہیں۔دو دن قبل جو آڈیو لیک ہوئی ہے وہ مذکورہ قربت کا ٹھوس اظہار ہے اور ذمہ دار ذرائع سے گفتگو کے بعد میں یہ بھی کہہ سکتاہوں کہ اس ضمن میں ”پارٹی“ تو ابھی شروع ہوئی ہے۔

”اگلے وار“ کی پیش بندی سیاسی جنگوں میں لازمی ہوتی ہے۔ قومی اسمبلی میں واپسی کا ارادہ مزید لیکس کو یقینا روک سکتا ہے اور اکتوبر میں نئے انتخاب کی راہ بھی بنا سکتا ہے۔ یہ وقت گزر گیا تو تحریک انصاف کی صفوں میں عمران خان صاحب کی وزارت عظمیٰ سے فراغت کے بعد شدت سے جو گرم جوشی ابھری ہے بالآخر چھلنی میں پانی جمع کرنے والی کاوش بے سود ہی ثابت ہو گی۔

(بشکریہ نوائے وقت)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments