سڈنی اور میلبورن کے بعد ”ملکوں ملکوں دیکھا چاند“ کی کینبرا میں تقریب پذیرائی


بزم ادب کینبرا کے زیراہتمام آسٹریلیا کے نامور ادیب طارق محمود مرزا کے نئے سفر نامے ”ملکوں ملکوں دیکھا چاند“ کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس کی صدارت ہائی کمشنر زاہد حفیظ چودھری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض صدر بزم ادب ذیشان حیدر نے سرانجام دیے۔ شاعر، ناول نگار اور براڈ کاسٹر ریحان علوی نے ان کے سفر نامے کے بارے میں بتایا کہ ٹیکنالوجی کے باوجود لوگ کتابیں پڑھتے ہیں اور طارق محمود مرزا کا سفر نامہ ان کی تشنگی کم کرے گا۔

اقبال خان نے کہا کہ لکھاری کی چاند تک پہنچنے کی جستجو نے ان کو ملکوں ملکوں سیر کرا دی۔ ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ان کے سفر نامے میں معلومات بھی ہیں اور انھوں نے مشاہدات سے بھی کام لیا ہے۔ اختر مغل نے کہا کہ طارق محمود مرزا کا نام ادبی دنیا میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ ان کی تخلیقات پر مختلف سطح پر تحقیقات ہو رہی ہے اور کئی مقالے لکھے جا چکے ہیں۔ اس سفر نامے سے قبل بھی ”خوشبو کا سفر“ ”تلاش راہ“ سفر عشق ”اور“ دنیا رنگ رنگیلی ”جیسیfm کتب تخلیق کر چکے ہیں جو کہ بے مثال ہیں۔

منصور سید، فیاض چوہدری، علی خرم اور سلام پاکستان کے عبدالحق انصاری نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں ہائی کمشنر آف پاکستان زاہد حفیظ چودھری نے طارق محمود مرزا اور بزم ادب کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اقوام عالم میں جہاں جہاں بھی آباد ہیں وہ اپنی خداداد صلاحیتوں سے اپنا لوہا منوا رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ادب میں بھی ہمارے پاکستانی نام بنا رہے ہیں شاعر اور ادیب بنائے نہیں جا سکتے یہ قدرتی صلاحیت ہے انھوں نے کہا کہ قومی زبان کی ترویج کے لیے اپنے گھروں میں بچوں سے اردو میں بات چیت کرنا چاہیے۔

تقریب کے اختتام پر ادیب اور مصنف طارق محمود مرزا نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادب کے فروغ کے لیے بزم ادب کی خدمات مثالی ہیں اور آج کی تقریب اس بات کی گواہ ہے کہ انھوں نے یہ خوب صورت محفل سجائی۔ صدر بزم ادب ذیشان حیدر نے طارق محمود مرزا کو اپنی شاعری کے ذریعے شاہکار تخلیق پر خراج تحسین پیش کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سڈنی اور میلبورن میں بھی اس کتاب کی شاندار تقاریب پذیرائی منعقد ہو چکی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments