حرا مانی: اسے کہتے ہیں انٹرنیشنل بے عزتی


آج کل سوشل میڈیا پر خود کو پاکستان کی ٹاپ اداکارہ اور گلوکارہ سمجھنے والی حرا مانی کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں موصوفہ اپنے تین سال پرانے ڈرامے ”دو بول“ کے ٹائٹل سونگ ”جا تجھے معاف کیا“ کو نہ صرف خود گا رہی ہیں بلکہ اپنے ساتھ لوگوں کو بھی زبردستی گانے کے لیے مجبور کر رہی ہیں۔

یہ ویڈیو یوم آزادی کے موقع پر لندن میں منعقدہ ایک تقریب کی ہے جس میں حرا مانی پرفارمنس دینے گئی تھیں۔ حالانکہ یہ تقریب تو 14 اگست کے حوالے سے تھی لیکن حرا مانی نے نہ تو جشن آزادی کی مناسبت سے لباس پہنا ہوا تھا اور نہ ہی وہ قومی جوش و جذبے کو جگاتے ہوئے ملی نغمے گار ہی تھیں بلکہ تقریب میں اداکارہ کافی بولڈ لباس پہنے اور ملی نغمے یا قومی ترانہ گانے کے بجائے اپنے پرانے ڈراموں کے ٹائٹل سانگ گا کر پاکستان کی آزادی کا جشن مناتی ہوئی نظر آئیں۔

تاہم تقریب میں کچھ ایسا ہوا جس کا حرا مانی نے شاید کبھی خواب میں بھی تصور نہیں کیا ہو گا۔ جب اداکارہ حرا اسٹیج پر ہزاروں بار کیش کرائے گئے گانے ”جا تجھے معاف کیا“ کو ایک بار پھر کیش کروانے میں مصروف تھیں اور خود گانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھی گانا گانے پر اکسا رہی تھیں تو ہال میں موجود حاضرین میں سے کسی ایک شخص نے بھی ان پر کوئی خاص توجہ نہیں دی اور ان کے بار بار کہنے کے باوجود کسی نے بھی ان کی آواز سے آواز ملا کر گانا نہیں گایا۔

جب بار بار کہنے پر بھی ہال میں موجود کوئی بھی انسان گانا گانے کے لیے تیار نہیں ہوا تو اداکارہ کو بڑی خجالت محسوس ہوئی جو کہ ویڈیو میں ان کے چہرے پر بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ لیکن حرا نے ”ہار“ نہیں مانی اور لوگوں کو گانا گانے کے لیے مجبور کرتی رہیں لیکن کوئی رسپانس نہ ملنے پر بالآخر تھک ہار کر انہوں نے بھی سیاستدانوں والا حربہ آزمایا اور گانا وانا چھوڑ کر پاکستان پاکستان کے نعرے لگانے لگیں تاکہ لوگ جوش سے ’زندہ باد ”کا جوابی نعرہ لگائیں۔ لیکن یہاں بھی اداکارہ کو سبکی اٹھانی پڑی کیونکہ کسی نے بھی حرا مانی کے نعرے پر جوابی نعرہ نہیں لگایا۔ بلکہ ہال میں موجود لوگوں کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا جیسے تمام لوگ حرا مانی اور ان کی گلوکاری سے شدید بے زار ہوچکے ہیں۔

لوگوں کا کسی مشہور سلیبریٹی کو بار بار کہنے کے باوجود رسپانس نہ دینا یقیناً اس سلیبریٹی کے لیے انتہائی ذلت آمیز ہے۔ اور حرا مانی کی تو لندن میں لوگوں نے ”انٹرنیشنل بے عزتی“ کردی۔ لیکن اگر اس واقعے کا دوسرا پہلو دیکھا جائے تو کہا جاسکتا ہے کہ لوگ اپنے اس طرز عمل سے شاید اداکارہ حرا مانی کو بتانا چاہ رہے تھے کہ وہ ان سے اور ان کی گلوکاری سے شدید بے زار ہوچکے ہیں لہذا اب انہیں گلوکاری بند کر کے اسٹیج سے اتر جانا چاہیے۔

اور یہ بات اس وقت سچ ثابت ہو گئی جب حرا مانی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور لوگوں نے اداکارہ کے حق میں بات کرنے کے بجائے الٹا ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حرا مانی کو گلوکاری چھوڑ کر صرف اداکاری پر توجہ دینی چاہیے ورنہ وہ گلوکاری میں تو بے سری ہیں ہی اداکاری بھی بھول جائیں گی۔

بعض صورتحال پر یہ محاورہ بالکل ٹھیک بیٹھتا ہے ”کوا چلا ہنس کی چال اپنی بھی بھول گیا“ حرا مانی کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔ اداکارہ حرا مانی آٹو ٹیون کی وجہ سے شاید ایک دو بار اچھا گانا گانے کی وجہ سے خود کو گلوکارہ سمجھنے لگی ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ انسان کو وہی کام کرنا چاہیے جس میں وہ بہتر ہو۔ ہر انسان تمام کام نہیں کر سکتا وہ کسی ایک ”اسکل“ میں ہی بہتر ہو سکتا ہے اور انسان کو چاہیے کہ جو اسکل یا صلاحیت اسے خدا نے عطا کی ہے وہ اسی صلاحیت کو بہتر بنانے کی کوشش کرے نا کہ دیگر کام کرنے میں وقت برباد کر کے اپنی حقیقی صلاحیت کو بھی گنوا بیٹھے۔

میرے کہنے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انسان سوائے ایک کے کوئی دوسرا کام نہیں کر سکتا ایسا بالکل نہیں۔ کچھ لوگ غیر معمولی حد تک باصلاحیت ہوتے ہیں خدا نے کچھ لوگوں کو بہت سی صلاحیتیں دی ہوتی ہیں لیکن ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں۔

اداکارہ حرا مانی بھی ایک اچھی اداکارہ ہیں اور انہیں اپنی اسی صلاحیت پر فوکس کرنا چاہیے ورنہ ابھی تو ان کی لندن میں ”انٹرنیشنل بے عزتی“ ہوئی ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ پاکستان میں بھی لوگ انہیں اور ان کی گلوکاری کو ریجیکٹ کر دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments