نجی پاور کمپنیاں اور مہنگی بجلی
پاکستان کی ایک چوتھائی آبادی جو تقریباً 5 کروڑ بنتی ہے بجلی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہے آج بھی ہمارے ملک میں بجلی آسائش تصور کی جاتی ہے ہم دنیا کے چند ممالک میں ہیں جو بدترین بجلی کی بندش کا شکار ہیں۔ 1985ء سے حکومت پاکستان نے سوچنا شروع کیا تھا کہ بجلی کی ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے غیر ملکی کمپنیوں کو جگہ دی جائے لیکن اس وقت یہ کمپنیاں کام کرنے کے لئے تیار نہیں ہوئیں کیونکہ ان کو اپنے سرمائے کے ڈوبنے کا خطرہ تھا ملکی حالات اکثر خراب رہتے تھے فیول بھی ہم باہر سے منگواتے تھے اور ڈالر کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ رہتا تھا اور آج بھی یہ تمام مسائل ہیں اس لئے ان کمپنیوں کو خطرہ تھا کہ اگر ہم نے بغیر کسی مضبوط پالیسی اور بغیر کسی ضامن کے کاروبار کیا تو ہمارا سرمایہ ڈوب جائے گا۔
حکومت نے اپنا بنیادی ڈھانچہ مضبوط نہیں بنایا بلکہ 1994ء میں پہلی بار سرمایہ کار دوستانہ پالیسی متعارف کروائی جس کے خد و خال 1988ء سے تیار ہو رہے تھے اس پالیسی کے تحت خود مختار پاور پروڈیوسر (آئی پی پی ایس) کو بجلی بنانے کی ذمہ داری دی گئی ابتداء میں 16 (آئی پی پی ایس) کام کر رہی تھی اب ان کی تعداد 42 ہو چکی ہے۔ ہمارا پڑوسی اور برادر ملک رقم کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اپنے پاور پلانٹس بند کر کے جا چکا ہے جس کی وجہ سے شارٹ فال بڑھ گیا ہے اس وقت ملک میں 22 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ ضرورت 26 ہزار میگا واٹ کی ہے اور کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ کا ہے اب پریشان کن بات یہ ہے کہ جس ملک میں 42 کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور ضرورت بھی کوئی زیادہ نہیں تو پھر بجلی کا بحران کیوں ہے اور یہ بجلی مہنگی سے مہنگی کیوں ہو رہی ہے؟
دراصل اس کی وجہ وہ پالیسی ہے جو حکومت پاکستان نے تقریباً تین دہائیوں سے جاری رکھی ہوئی ہے اس معاہدہ کی شرائط کے مطابق حکومت پاکستان ان کمپنیوں کو فکسڈ قیمت پر فیول یعنی تیل، گیس اور کوئلہ دینے کی پابند ہے یعنی فیول اگر مہنگا ہو بھی جائے تو ان کو سبسڈی دی جائیں گی۔ دوسری بات یہ کمپنیاں حکومت کو جو بجلی بیچے گی وہ ڈالر کے حساب سے بیچے گی، یعنی ڈالر جتنا مہنگا ہو گا بجلی اتنی ہی مہنگی ہوگی تیسری بات یہ کمپنیاں جو بھی بجلی بنائیں گی حکومت اس کو خریدنے کی پابند ہے چاہے وہ استعمال بھی نہ ہو۔
انجم صدیقی ریسرچ اسکالر ہیں اور پاکستان میں کئی اہم عہدوں پر کام کرچکے ہیں ان کے مطابق (آئی پی پی ایس) جو بجلی بنا رہے ہیں وہ واپڈا سے بھی سستی ہے کیونکہ ان کے پاس جدید تیکنیک ہے لیکن اس عجیب و غریب معاہدہ کی وجہ سے پاکستان کے پاور سیکٹر کا خسارہ سب سے زیادہ ہے اور اس وجہ سے عوام کو مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ برداشت کرنی پڑتی ہے۔ ہر سال آئی ایم ایف قرضہ دینے سے انکار کر دیتا ہے اس کی بڑی وجہ ان کمپنیوں کو رقم کی عدم ادائیگی ہے جس کی وجہ خسارہ ہے حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کمپنیوں کو جو نقصان اٹھانا پڑتا ہے وہ منافع میں نقصان ہے یعنی منافع اگر دس روپے ہے تو یہ چھ سے آٹھ روپے منافع لیتے ہیں۔
بہر حال اس کی شکایت ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں ہمارے یوٹیلٹی بلز اور ٹیکسز بڑھ جاتے ہیں۔ چونکہ گیس اپنے ملک کی ہے اس میں بچت ہوجاتی ہے لیکن بجلی غیر ملکی کمپنیاں بنا رہی ہیں اس لئے وہ اپنا منافع سود سمیت وصول کرنا چاہتی ہیں۔ ان ظالمانہ معاہدوں کی وجہ سے حالات روز برو خراب ہو رہے ہیں، پورے پاکستان کی عوام اب بلوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہے ان کمپنیوں میں سب سے زیادہ ظلم کراچی کی کمپنی نے کیا ہوا ہے، پچھلے 17 سال سے یہ کمپنی مہنگی بجلی کراچی کو فراہم کر رہی ہے اس کمپنی نے کراچی کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ وہ نئے پاور پلانٹس لگائے گی، کراچی ایک بڑھتا ہوا محنت کا شہر ہے لیکن آج بھی بجلی کی بندش کئی کئی گھنٹے رہتی ہے کراچی میں بجلی کمپنی کی کم اور صارف کی زیادہ چوری ہوتی ہے۔
اوور بلنگ اور سپلیمنٹری بلز ایک الگ مسئلہ ہے اگلے سال اس کمپنی کو شاید دوبارہ کنٹریکٹ نہ ملے کیونکہ پورا کراچی ان کے خلاف کھڑا ہے اور شکایتوں کے انبار لگ چکے ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کمپنی خود اس نام سے دوبارہ کنٹریکٹ نہ لے دونوں صورتوں میں مسائل ہیں اس کا حل یہ نکالا ہے کہ یونٹ کے چارجز میں بے انتہاء اضافہ کر دیا گیا ہے اور آگے بھی کیا جائے گا کئی ماہ سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز بھی لئے جا رہے ہیں جبکہ ان کو فیول پر سبسڈی ملتی ہے یہ کمپنی خود گیس کی نادہندہ ہے پھر بھی یہ کمپنی کراچی سے تقریباً چار طریقے کے ٹیکس وصول کر رہی ہے یعنی پاور کمپنی ایسا بھنور ہے جس میں عوام کھینچتی چلی جا رہی ہے۔
تجارت کے متعلق اللہ نے سورۂ نساء آیت نمبر 176 میں فرمایا ”اے ایمان والوں آپس میں ایک دوسرے کا مال ناحق
نہ کھاؤ مگر یہ کہ آپس کی خوشی سے تجارت ہو اور آپس میں کسی کو قتل نہ کرو، بے شک اللہ تم پر مہربان ہے ”۔
اسی طرح اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا، صحیح بخاری کی حدیث نمبر1938 ”خریدنے اور بیچنے والے اگر سچائی سے کام لیں اور معاملے کو واضح کر دیں تو ان کی خریدوفروخت میں برکت دی جاتی ہے اور اگر دونوں کوئی بات چھپا لیں اور جھوٹ بولیں تو ان کے کاروبار سے برکت اٹھالی جاتی ہے“ ۔
ان سب حالات کو سامنے رکھا جائے تو یہ کہنا درست ہو گا کہ اب (آئی پی پی ایس) کے ساتھ نئے معاہدے ہونے چاہیے تاکہ ملک قرضوں اور خساروں کے بوجھ سے نکلے اور جو عوام بھوک اور افلاس سے مر رہی ہے انہیں کھانے پینے، ادویات اور دوسری ضروری اشیاء میں سبسڈیز دی جائے جو ہر طبقے کو برابری سے ملے، اس میں نہ امیر کی تخصیص ہو نہ غریب کی ورنہ لوگ ایسے ہی روتے تڑپتے رہیں گے اور ملک میں افراتفری رہے گی۔


