”ہماری پنجاب حکومت گرانے کی سازش ہو رہی ہے“ عمران خان کا دعویٰ


چشتیاں (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت گرانے کی سازش ہو رہی ہے، مسٹر ایکس اور وائی بھی دھمکیاں دے رہے ہیں، پاکستان بدل چکا ہے اب لوگوں میں شعور آ چکا، اب خونی انقلاب نہیں بلکہ ووٹ کے ذریعے آئے گا۔

چشتیاں میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کبھی چشتیاں نون لیگ کا گڑھ ہوتاتھا لیکن اب لندن ان کا گڑھ بنا ہوا ہے، شریف فیملی کا سارا ٹبر ہی اس وقت باہر بیٹھا ہوا ہے اور لندن میں بیٹھا بھگوڑا لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے کے احکامات دیتا ہے۔ پاکستانی باہر محنت کر کے پیسہ پاکستان بھیجتے ہیں، یہ یہاں سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیج دیتے ہیں، یہ سارا خاندان لندن میں ہے اور صرف کمائی کرنے پاکستان آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک بھی میرا ہے اور فوج بھی میری ہے، میں نے کبھی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں کی، یہ مجھے کہہ رہے ہیں سیاست نہ کرو سیلاب کے لئے کام کرو، حقیقی آزادی کی تحریک بھی چلاؤں گا چوروں کے خلاف بھی کام کروں گا۔ میں نے ہمیشہ عدلیہ اور فوج کی مضبوطی کی بات کی، میرے بیانات دیکھ لیں ہمیشہ کہا کہ فوج اورعدلیہ مضبوط ہونی چاہیے، جو جماعت قوم کو جوڑ رہی ہے اسے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، صحافیوں کو ہدایات دی جا رہی ہیں کہ عمران خان کی کوریج نہ کریں، میرا چیلنج ہے جو کچھ بھی کرنا ہے کرلو آپ لوگ شکست کھائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اب ایک نیا منصوبہ بنایا گیا ہے، ہماری پنجاب کی حکومت کو گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لوٹے بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، پنجاب میں کروڑوں روپے دیے جا رہے ہیں۔ مسٹر ایکس اور وائی بھی دھمکیاں دے رہے ہیں، چیلنج ہے جو مرضی کرلو تم شکست کھاؤ گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments