اداکاروں کے درمیان طلاق کا بڑھتا ہوا رجحان


”اپنے جھگڑے خود تک رکھیں تماشا نہ بنائیں”

شوبز ایک ایسی فیلڈ ہے جس سے وابستہ لوگوں کا شمار اپنے ملک کے با اثر اور سب سے زیادہ چاہے جانے والے افراد میں ہوتا ہے۔ شوبز اداکاروں خاص کر فلموں اور ڈراموں میں ہیرو اور ہیروئن کے کردار ادا کرنے والے فنکاروں کو لوگ بے انتہا پسند کرتے ہیں اور ان کی پروفیشنل زندگی کے ساتھ ساتھ ان کی نجی زندگی کے بارے میں بھی زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے ہیں۔ کیونکہ ان اداکاروں نے ٹی وی پر ایک اچھے بیٹے، شوہر، بھائی اور ایک اچھی بیٹی، بہو، بیوی کے کردار ادا کر کے لوگوں کے سامنے اپنی ایک جعلی شناخت بنالی ہوتی ہے۔

ٹی وی پر ان اداکاروں کو اتنے اچھے کرداروں میں دیکھ کر لوگ حقیقت میں بھی انہیں اتنا ہی اچھا سمجھتے ہیں اور کچے ذہنوں کچھ لوگ تو اپنے پسندیدہ اداکاروں سے اتنے زیادہ متاثر ہوتے ہیں کہ انہیں رول ماڈل بنا کر خود بھی انہی کی طرح بننا چاہتے ہیں۔

لیکن وہ کہتے ہیں نا کہ ہر چمکتی ہوئی چیز سونا نہیں ہوتی بالکل اسی طرح یہ فنکار جتنے اچھے ٹی وی پر نظر آتے ہیں حقیقی زندگی میں اس کے بالکل برعکس ہوتے ہیں۔ ٹی وی پر ایک فرمانبردار بیٹا، محبت کرنے والا شوہر، خیال رکھنے والا بھائی نظر آنے والا شخص ضروری نہیں کہ حقیقی زندگی میں بھی ایسا ہی ہو۔

بالکل اسی طرح ایک ہیروئن جو ٹی وی پر ایک سلیقہ شعار، باوفا اور محبت کرنے والی بیوی کے روپ میں نظر آتی ہے وہ اصل زندگی میں اپنے اس کردار کے بالکل الٹ ہو سکتی ہے۔ جس کی ازدواجی زندگی، جھگڑوں، اختلافات اور مسائل سے بھرپور ہوتی ہے۔

اس کی مثال پاکستان کے جانے مانے ایکٹر فیروز خان ہیں جو ٹی وی پر اکثر ایک اچھے بیٹے اور محبت کرنے والے شوہر کے روپ میں نظر آتے ہیں اور ان کی شخصیت سے متاثر کئی نوجوان بالکل انہی کی طرح بننا چاہتے ہیں۔

لیکن ٹی وی پر جینٹل مین نظر آنے والے اس شخص کی نجی زندگی مسائل سے بھری ہوئی ہے۔ فیروز خان ایک بہت ہی متنازع اداکار ہیں وہ جس ہیروئن کے ساتھ کام کرتے ہیں اس کے ساتھ ان کا اسکینڈل بن جاتا ہے جس کی مثال سجل علی اور ہانیہ عامر ہیں۔

سجل علی اور فیروز خان کی تو ماضی میں منگنی تک ہو گئی تھی لیکن ان دونوں کا رشتہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ بعد ازاں ایک ڈرامے میں کام کرتے ہوئے فیروز خان کا اسکینڈل اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ بنا، نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ اس اسکینڈل کی وجہ سے فیروز خان اور علیزہ سلطان کی ازدواجی زندگی بری طرح متاثر ہونے لگی اور اب تو ان کی بیوی علیزہ سلطان نے فیروز خان پر ذہنی و جسمانی تشدد اور بلیک میلنگ کے سنگین الزامات لگا کر ان سے علیحدگی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

علیزہ سلطان کی بات پر یقین کرنے والے فیروز خان کے مداح ان کی شخصیت کے اس بھیانک روپ کو دیکھ کر ششدر ہیں کہ ٹی وی پر جینٹل مین نظر آنے والا یہ شخص حقیقی زندگی میں اتنا ظالم بھی ہو سکتا ہے۔

حال ہی میں پاکستان کی ایک اور خوبصورت جوڑی گلوکارہ آئمہ بیگ اور شہباز شگری کی منگنی بھی انتہائی برے انداز میں ختم ہوئی یہاں تک کہ دونوں کا جھگڑا ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

شہباز شگری اور آئمہ بیگ کی منگنی کوئی آناً فاناً نہیں ہوئی تھی بلکہ دونوں نے ایک لمبا وقت ایک دوسرے کے ساتھ گزارا تھا اور بہت دھوم دھام سے منگنی کی تھی لیکن اب اچانک آئمہ بیگ سے متعلق انتہائی واہیات باتیں منظر عام پر آ رہی ہیں کہ انہوں نے ایک برطانوی ماڈل کے بوائے فرینڈ قیس احمد کے لئے شہباز شگری کو دھوکہ دیا۔ مبینہ طور پر آئمہ بیگ اور قیس احمد کی انتہائی قابل اعتراض آڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جسے لوگ مزے لے لے کر سن رہے ہیں۔

اسی طرح تھوڑے عرصے قبل اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان بھی علیحدگی کی خبروں نے ان کے مداحوں کو غمزدہ کر دیا تھا کیونکہ دونوں نے ہی پوری دنیا کے سامنے بڑی دھوم دھام سے ایک دوسرے کو اپنا جیون ساتھی منتخب کیا تھا دونوں کے مداح اس خوبصورت جوڑی کے ایک ہونے ہر بے انتہا خوش تھے اور پھر اچانک علیحدگی کی خبروں نے ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ کیا واقعی ٹی وی اسکرین پر خوش نظر آنے والے یہ جوڑے حقیقی زندگی میں ایک دوسرے سے اتنی جلدی بیزار ہو جاتے ہیں کہ ایک دوسرے کی عزت تک سوشل میڈیا پر اچھال دیتے ہیں۔

فیروز خان کی بیوی نے ان پر تشدد اور بلیک میلنگ سمیت شدید نوعیت کے الزامات لگائے ہیں حالانکہ فیروز خان نے ان الزامات کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن میرے خیال میں کوئی بھی عورت اتنا بڑا جھوٹ نہیں بول سکتی۔

اس سے قبل اداکار محسن عباس حیدر کی بیوی فاطمہ سہیل نے بھی ان پر کچھ اسی طرح کے الزامات عائد کیے تھے اور سوشل میڈیا پر اپنی ایسی تصاویر شیئر کی تھیں جن میں ان کے چہرے اور جسم پر زخم نظر آرہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ زخم انہیں ان کے شوہر محسن عباس حیدر نے دیے ہیں۔

لوگ ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں فنکاروں کو دیکھ کر یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ یہ لوگ حقیقی زندگی میں بھی اتنے ہی اچھے ہوں گے جتنے ٹی وی پر نظر آتے ہیں اور کچھ لوگ تو ان اداکاروں کو اپنا رول ماڈل تک بنا لیتے ہیں اور جب ان لوگوں کی حقیقت سامنے آتی ہے تو بہت تکلیف ہوتی ہے۔

لہذا فنکاروں کو چاہیے کہ اپنے گھریلو جھگڑے خود تک ہی محدود رکھیں۔ اپنی نجی زندگی اور اختلافات کو سوشل میڈیا پر پوری دنیا کے سامنے تماشا نہ بنائیں اور شادی جیسے انتہائی حساس بندھن میں صرف اسی وقت بندھیں جب آپ یہ ذمہ داری اٹھانے کے قابل ہوں۔

محض کسی کی خوبصورتی اور چند دنوں کی ملاقات سے اس کے ساتھ زندگی گزارنے کے فیصلے کے مستقبل میں بہت خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں جیسا کہ اکثر شوبز سے وابستہ اداکاروں اور اداکاراؤں کے ساتھ ہوتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments