شریف لڑکے


ہم نے لوگوں کو ماپنے کے پیمانے بنا رکھے ہیں۔ جو شخص اس سانچے میں پورا نہ اترے ہم اسے زندگی سے نکال باہر کرتے ہیں۔ ننھے سے تھے جب اسکول گئے، گرو جی نے بتایا اس لڑکے سے دوستی مت کرنا نالائق ہے، پنجابی بولتا ہے، گندا مندہ ہے۔ ذرا بڑے ہوئے تو سنا، ماسٹر جی کے لڑکے ہو، شریف ہو جاؤ سب سے الگ۔ ایسے نہیں ہنستے اچھے لڑکے، کھیلتے نہیں۔ پڑھائی میں دل لگاؤ، اسکول میں اول آنا ہے۔ سر جھکتا چلا گیا۔ نماز پڑھا کرو، با وقار لباس پہنا کرو، داڑھی رکھو، کالج میں دل لگا کر پڑھائی کرو۔

جی اچھا، پروفیسر صاحب نے ہمیں بھی پروفیسر بنا دیا۔ چونکہ ہم شریف تھے، لوگوں نے ہمارے لتے لیے، ایسا ایسا پیڑا لگایا مگر ہم صبر کر گئے۔ پھر ہم نے انگریزی اخبار میں سر دے لیا۔ ہر سال سے بڑھ کر کتابیں پڑھنے لگے مگر لوگ سمجھنے لگے بیچارہ بے زبان ہے، سائیں ہے۔ ہمارے عزائم بلند تھے، نگاہ منزلوں پر تھی، ڈھیٹ ہو گئے۔ ہمارے پیمانے اور سخت ہو گئے اب کے ہم نے گھر والوں سے قطع تعلق کیا، پڑھائی کو حرج ہوتا ہے۔ نفس کشی کی، نیک مقاصد کے لیے، کچھ کج روی بھی حلال جان لی۔

عورت کو ترک کیا۔ بھجن میں دھیان لگایا۔ ولی بننے چلے تھے، خدا بھی بن جاتے اگر ہمارا غرور، انا یوں کرچی کرچی نا ہوتی۔ منشی پریم چند کے داروغہ ( سیوا سگن ) کا کردار، ساری عمر ہیرو بنتے آخر جیل پہنچ گئے، ان کی بیٹیاں پیشہ کرنے لگیں۔ نیک نامی بیچ چوراہے پھوٹ گئی، زمانے اور وقت نے بیچ چوراہے ننگا کر دیا۔ اب کیا بیچیں، کیا کھائیں۔

دسو نا پروفیسر صاحب توبہ کیتی نہیں۔ مجھے الٹا لٹکا کر چھڑی سے خبر لو، میں بہت اچھا، محنتی، نیک دل لڑکا ہوں۔ وہ میرا کان بھی کاٹ لیں، شکایت نہ کروں گا۔ واللہ

خیر، تحریر تلخ ہو رہی ہے۔ تھوڑی شکر ڈالنی چاہیے، شکر تو سب کھاتے ہیں، کھاتے آئے ہیں، اسی لیے سب کے پیٹ میں درد ہے۔ بند دروازوں کے پیچھے کیے کاموں کا اعلان میناروں پہ ہوتا ہے۔ سچی سچی لکھتے ہو نا ڈاکٹر ٹھہرو ذرا، گھڑی کا چکر چلنے دو، تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ گالیاں یوں ہی ایجاد نہیں ہوئی، انسانی دماغ بہت کمزور ہے، آفاقی سچائی کو جھٹلایا جا سکتا ہے، مٹایا نہیں جا سکتا۔ اب ہمارے ہاتھ میں ہنٹر ہو گا، اور دنیا کان پکڑے گی۔ اب دنیا کہے گی، توبہ کیتی نہیں۔

عثمان ارشد
Latest posts by عثمان ارشد (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments