تھائی لینڈ: ڈے کیئر سینٹر پر سابق پولیس افسر کے حملے میں 23 بچوں سمیت 34 ہلاک
اس حملے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد جب ملک کے شمال مشرقی صوبے نونگ بوا لامفو میں ملزم کی تلاش کے لیے آپریشن کیا گیا تو حملہ آور نے اپنے اہلخانہ کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
پولیس نے حملہ آور کی شناخت پانیا کمرب کے طور پر کی ہے جسے واقعے کے بعد ایک سفید ٹویوٹا پِک اپ ٹرک میں فرار ہوتے دیکھا گیا جس پر بینکاک کی رجسٹریشن پلیٹ نصب تھی۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور نے بچوں اور بالغ افراد پر گولیاں چلائیں اور ان پر چاقو سے وار کیے۔ حملہ آور کا مقصد غیر واضح ہے تاہم اسے گذشتہ برس نوکری سے برخاست کیا گیا تھا۔
تھائی لینڈ کے مقامی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق اس پولیس افسر کو حال ہی میں سروس سے بے دخل کیا گیا تھا۔
https://www.facebook.com/CIBTHAILAND/posts/186708053862740
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صوبے کے ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 23 بچے شامل ہیں۔
ایک مقامی افسر جداپا بونسم نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حملہ آور دوپہر کے وقت آیا اور پہلے چائلڈ کیئر سینٹر کے عملے کے چار سے پانچ ارکان کو گولیاں ماریں۔
’پہلے لوگ سمجھے کہ آتش بازی ہو رہی ہے۔ پھر حملہ آور زبردستی اس کمرے میں گھس گیا جہاں بچے سو رہے تھے۔‘
تھائی لینڈ کے وزیراعظم پریوتھ چان-اوچا نے اس واقعے کو ایک دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا ہے۔
تھائی لینڈ میں بڑے پیمانے کے پُرتشدد واقعات کم ہی دیکھے گئے ہیں۔ سنہ 2020 کے دوران ایک فوجی اہلکار نے ناکھون راتچاسیما نامی شہر میں 21 افراد کو قتل اور درجنوں کو زخمی کیا تھا۔
اس خبر کو مزید اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔۔۔

