ہم اور ہمارے سٹیریو ٹائپس


اکرم کو دیکھو، تین سال کی سروس میں گاڑی اور بنگلا بنا لیا! اس بار نمبر تھوڑے کیوں آئے؟ تمہاری نوکری کیوں نہیں لگ رہی بھائی؟ آپ کی توند بہت موٹی ہے، جینز مت پہنا کریں!  عادتیں نسلوں کا پتا دیتی ہیں، آپ تو شکل ہی سے خاندانی معلوم ہوتے ہیں!  اچھی عورت وہی ہے جو بچے پالے اور چولہا چوکھا کرے! ہر مرد کی فطرت میں ظلم اور بے وفائی ہوتی ہے! یہ شادی نہیں ہو سکتی کیونکہ تم شیعہ ہو اور وہ سنی، ہم ارائیں ہیں اور وہ جٹ!

شوخ رنگ کیوں پہن لئے، اپنا کمپلیکشن تو دیکھ لیتے! چھوٹے قد پر شیروانی سوٹ نہیں کرے گی! لمبے قد والوں کا دماغ ان کے گٹوں میں ہوتا ہے! ابے کس کی بات کر رہے ہو یار، اسے تو موتنا بھی میں نے سکھایا تھا! بے چارا تباہ ہو گیا، آج کل سائیکیٹرک پلز پر لگا ہوا ہے! ایک تو سوہنڑی نہیں ہے، اوپر سے میک اپ اتنا تھوپا ہوا ہے! لڑکی ہنسی تو پھنسی! کم از کم انسان کو اپنی عمر کا لحاظ تو کرلینا چاہیے!

لو بھیا، اب تو بھیڑی آوازوں والے بھی سنگیت کرنے لگے! افسانہ لکھنے سے پہلے ایک بات کو سو طرح سے کہنا سیکھو، تاکہ تمہیں وہ بات بھول جائے جسے کہنے کے لئے افسانہ لکھنا چاہتے تھے! آپ افسر ہیں بھائی، اپنے امیج کا تو خیال کریں! وہ پنجابی ہے، تم سرائیکی ہو، جانتے نہیں پنجابیوں کی گھٹی میں استحصال پڑا ہوا ہے! سرائیکی، بلوچی اور پشتو تو سرے سے زبان ہی نہیں میرے دوست! لڑکیاں بہت پڑھاکو ہوتی ہیں، مگر پھر بھی پیچھے رہ جاتی ہیں، کیونکہ لڑکے بڑے ذہین ہوتے ہیں! چپڑاسی ہو، اوقات میں رہو! منہ پھاڑ کر مت ہنسا کرو، تمہارے دانت کافی لمبے ہیں! اس نے زیادہ پڑھ لیا ہے، لہٰذا اس کا دماغ خراب ہو گیا ہے!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments