پرائمری سطح پر تدریس اردو کے مسائل


کتاب : پرائمری سطح پر تدریس اردو کے مسائل
مصنفہ: حرا شبیر
پبلشر: ادارہ یادگار غالب و غالب لائبریری
سن اشاعت: 2022 ء
قیمت: 600 روپے
صفحات: 272
مبصر: ڈاکٹر تہمینہ عباس

”پرائمری سطح پر تدریس اردو کے مسائل“ محترمہ حرا شبیر صاحبہ کا ایم فل کا مقالہ ہے جو انھوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ اردو سے 2021 ء میں مکمل کیا۔ پاکستان کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں اردو لازمی مضمون کی حیثیت سے پڑھائی جاتی ہے لیکن اس کی تدریس پر توجہ نہیں دی جاتی۔ موجودہ دور میں ابتدائی سطح پر زبانوں کی تدریس کی نت نئی تیکنیک سامنے آ چکی ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں اردو پڑھانے والے اساتذہ جدید تیکنیک سے ناواقف ہیں بلکہ زبان سکھانے کی تربیت سے بھی محروم ہیں۔ اس تحقیق میں شاہ فیصل ٹاؤن کے حوالے سے تدریس اردو کے مسائل پر تحقیق کی گئی ہے۔

یہ کتاب کل پانچ ابواب پر مشتمل ہے۔ پہلا باب ”ملکی و قومی سطح پر اردو زبان کی اہمیت“ کے عنوان سے ہے۔ اس باب میں زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے پھر اردو زبان کے ارتقا پر بات کی گئی ہے۔ اردو کی ساخت اور سرشت کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ پاکستانی معاشرے میں اردو زبان کی سماجی و ثقافتی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے۔ اردو بحیثیت سرکاری زبان کے تناظر میں حقائق بیان کیے گئے ہیں۔ زبان اور بولی کے فرق کی وضاحت کرتے ہوئے رسم الخط اور زبان کے تعلق پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اردو رسم الخط، اردو حروف تہجی، رسم الخط اور تلفظ، اصول تحفظ برائے زبان اردو، اردو رسم الخط کی تدریس، اردو املا اور رسم الخط، اردو املا کے اصول، رموز اوقاف کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔

دوسرے باب کا عنوان ”اردو بحیثیت ذریعہ تعلیم“ ہے۔ اس باب میں تعلیمی نظام میں زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ ابتدائی سطح پر تدریس کے نظریات، پرائمری سطح پر اردو زبان کا طریقہ تدریس، پرائمری سطح پر تدریس اردو کے اہداف، تدریس اردو کے حاصلات، پرائمری سطح پر تدریس اردو کے نقائص اور تدریسی مہارتوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

باب سوم میں ”تدریس اردو میں درپیش مسائل“ کی نشاندہی کی گئی ہے اور زبان کے تدریسی مسائل، لسانی سانچوں کی تدریس، متن خوانی کی تدریس، تحریر و املا کی تدریس، انشا پردازی کی تدریس، زبان شناسی کی تدریس کی تفصیل سے وضاحت کی گئی ہے۔

باب چہارم ”شاہ فیصل ٹاؤن میں تدریس اردو: عملی تحقیق“ کے عنوان سے ہے جس میں شاہ فیصل ٹاؤن میں اردو تدریس کے حوالے سے عملی تحقیق کے مثالی نمونے پیش کیے گئے ہیں۔

باب پنجم میں تدریس اردو کے حوالے سے مسائل اور امکانات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ معیاری نصاب کی ترتیب، اساتذہ کو زبان پڑھانے کی تربیت، رسم الخط سکھانے کے اصول، اردو تلفظ کے لیے معیاری لغت کا استعمال، غیر اردو علاقوں میں تدریسی نصاب مختلف ہونے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر یہ کتاب تدریس اردو کے حوالے سے اساتذہ کے لیے مددگار ہو گی۔ اس کتاب کو مد نظر رکھ کر پرائمری سطح کے اساتذہ اپنے سبق کی بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔ پرائمری سطح پر تدریس اردو کے مسائل عملی تحقیق کا عمدہ نمونہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments