سرکاری نوکری کا زبانی امتحان


چیئرمین: اپنا تعارف کروائیں۔
برکت علی: جی میرا نام برکت علی ہے میرے والد کا نام حرکت علی ہے اور جن کی حرکت کی وجہ سے میں 10 جنوری 1985 کو فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے گاؤں ڈنگہ میں پیدا ہوا۔ میرے والد صاحب کے پاس بہت سارے ڈنگر تھے۔ اس لیے میں نے ڈنگر ڈاکٹر بننے کا فیصلہ کیا اور ڈنگر ڈاکٹری کرنے کے بعد آج کل میں پرائمری اسکول میں پڑھا رہا ہوں۔

چیئرمین: ڈنگر ڈاکٹری اور پرائمری اسکول میں پڑھانا کوئی بات بنی نہیں۔
برکت علی: جی سر ابھی تک بات نہیں بنی۔ میں ابھی کنوارہ ہوں۔
چیئرمین: ڈنگر ڈاکٹر اور انسانی ڈاکٹر میں کیا فرق ہے؟
برکت علی: جی ایسا فرق نہیں ہے دونوں میں ڈاکٹر آتا ہے۔

ممبر نمبر 1 : آپ کو اسکول میں نوکری کیسے مل گئی جب کہ آپ ڈاکٹر ہیں۔
برکت علی: جی سر اسکول میں ہی تو ڈنگر ڈاکٹر کا کام ہے اور ویسے بھی آپ ان لوگوں سے پوچھیں جنہوں نے تمام لوگوں کو اہل قرار دیا ہے۔

ممبر نمبر 1 : کیا آپ کی نوکری پکی ہے؟
برکت علی: جی سر بالکل پکی ہے۔ ویسے بھی ہم نے زندگی میں کبھی کچی گولیاں نہیں کھیلیں۔

ممبر نمبر 1 : آپ کب سے بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں؟
برکت علی: تقریباً آٹھ برس سے میں بچوں کا مستقبل تابناک کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

ممبر نمبر 2 : آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے؟
برکت علی: جناب میں قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔

ممبر نمبر 2 : وہ تو سارے کرنا چاہتے ہیں اور کرتے آ رہے ہیں آپ کیا مختلف کرنا چاہتے ہیں؟
برکت علی: سر میں اچھے طریقے سے خدمت کرنا چاہتا ہوں تاکہ ملک اور معاشرہ ترقی کی راہ پر چل سکے۔

ممبر نمبر 2 : آپ آٹھ سال سے نوکری کر رہے ہیں اب تک آپ نے قوم کی کیا خدمت کی ہے؟ مثال دے کر واضح کریں۔

برکت علی: میں اپنے اسکول کے بچوں کی رہنمائی کرتا ہوں اور شام کو ان ڈنگروں کا مفت علاج کرتا ہوں مجھ سے جہاں تک بن پاتی ہے میں خدمت کرتا ہوں جی۔

ممبر نمبر 2 : کوئی ایک تدبیر بتائیں جس کی مدد سے پرائمری اسکولوں میں بہتری آ جائے۔

برکت علی: گورنمنٹ کو چاہیے ہر اسکول میں کم از کم دو ڈنگر ڈاکٹر ضرور بھرتی کریں تاکہ علاقے کے لوگوں کا بھلا ہو سکے۔

ممبر نمبر 3 : آپ بتائیں اینیمل فارم کس نے لکھی؟
برکت علی: جناب قسم لے لیں جو میں نے لکھی ہو میں کوئی ایسا کام نہیں کرتا۔
ممبر نمبر 3 : میں پوچھ رہا ہوں کس نے لکھی؟
برکت علی: جی مجھے معلوم نہیں سر میرے پاس کتابیں پڑھنے کا وقت نہیں ہوتا۔

ممبر نمبر 3 : آپ نے ”راجہ گدھ“ ناول پڑھا ہے؟

برکت علی: جی سر میرا آل ٹائم فیورٹ ہے میں نے بار بار پڑھا پہلی بار ایف ایس سی میں پڑھا تھا۔ امتل اور قیوم کا کردار مجھے پسند ہے۔
ممبر نمبر 3 : ایف ایس سی سے یہی پڑھ رہے ہیں کچھ اور پسند نہیں آیا؟
برکت علی: سر اس سے اچھی تحریر آج تک میں نے نہیں پڑھی۔
ممبر نمبر 3 : آپ کو زندگی سے کوئی شکوہ ہے؟

برکت علی: جی نہیں میں نے جو چاہا ہے وہی پایا ہے زندگی بہت خوبصورت ہے اور میں ہمیشہ مثبت چیزیں دیکھتا ہوں۔

چیئرمین: آپ کی تعلیم اور تجربہ نوکری کے مطابق نہیں ہے؟
برکت علی: جناب میں بہت محنتی ہوں اگر نہیں ہے تو میں سیکھ لوں گا آپ ایک دفعہ موقع دے کر تو دیکھیں۔
چیئرمین: ٹھیک ہے گڈ لک۔
برکت علی: شکریہ! خدا حافظ
نوٹ: یہ زبانی امتحان انگلش زبان میں لیا گیا ہے جس کا ہم نے سلیس اردو میں آپ کے لیے ترجمہ کر کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments