بابراعظم : آپ بھی انجوائے کریں شائقین بھی اور جو ٹی وی پر بیٹھے ہیں وہ بھی


 

babar azam

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے پر کپتان بابراعظم سے زیادہ خوش اور مطمئن اور کون ہوگا ؟ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ  ٹیم تو ہار رہی تھی لیکن خود ان کی اپنی پرفارمنس ان کے معیار سے کہیں زیادہ گری ہوئی تھی اور پاکستانی ٹی وی چینلز پر تبصرے کرنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی توپوں کا رخ ان کی طرف تھا ۔

لیکن اب پاکستانی ٹیم نے اپنی کارکردگی سے ان توپوں کو خاموش کردیا ہے اور کپتان بابراعظم کو بھی اس بات کا بخوبی اندازہ ہے ۔یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ جب وہ سیمی فائنل کے بعد میڈیا کے سامنے آئے تو اس سوال پر کہ آپ اور رضوان کی جوڑی کو الگ کرنے کی بہت باتیں ہورہی تھیں اس پر بابر اعظم  کا کہنا تھا ʹ ہم اپنے وقت کا انتظار کررہے تھے۔ہماری سوچ واضح تھی یہ کرکٹ میں ہے اس میں اتارچڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ تنقید سب کرتے ہیں جب ہم اچھا کرتے ہیں تب بھی وہ تنقید کرتے ہیں ʹ ۔

بابراعظم نے پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ʹ یہ جیت آپ بھی انجوائے کریں۔یہاں کا کراؤڈ اور پاکستانی عوام بھی انجوائے کریں اور وہ لوگ بھی جو ٹی وی پر بیٹھے ہیں ʹ ۔

پاور پلے میں جارحانہ حکمت عملی

بابراعظم کہتے ہیں ʹ رضوان اور میں نے یہ سوچ رکھا تھا کہ ہم نے پاور پلے کو صحیح طریقے سے استعمال کرنا ہے اور جب ہم اٹیک کریں گے تب ہی حریف ٹیم بیک فٹ پر جائے گی۔ہم اپنی حکمت عملی میں کامیاب ہوئے ʹ ۔

بابر اعظم کہتے ہیں ʹ جب آپ ہدف کا تعاقب کرتے ہیں تو آپ کو رسک لینا ہوتا ہے۔ ہماری پارٹنرشپ سے ٹیم کو مومینٹم ملا  جسے ہم نے ادھورا نہیں چھوڑا۔ ہم دونوں میچ کو فنش کرنا چاہتے تھے بدقسمتی سے ہم دونوں آؤٹ ہوگئے لیکن محمد حارث نے ایک بار پھر بہت ہی زبردست اننگز کھیلی۔ اس نوجوان نے  زبردست تاثر چھوڑا ہے اور کوئی یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ یہ ان کا پہلا ورلڈ کپ ہے ʹ ۔

خراب ابتدا کے بعد سنبھالا لیا

بابراعظم کہتے ہیں ʹ اس ٹورنامنٹ میں ہمارا اسٹارٹ اچھا نہیں رہا لیکن ٹیم نے کم بیک کیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف جیت سے ایک نئی امید ملی۔ ہماری ٹیم کی سب سے بڑی خوبی یہی ہے کہ ہم خود پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں یقین ہوتا ہے کہ ہم کرسکتے ہیں ۔ ہم کرکے دکھائیں گے اور ہم نے کرکے دکھایا ہے ʹ ۔

بابراعظم کہتے ہیں میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹرائی سیریز میں ملنے والے اعتماد کے ساتھ یہاں آیا ہوں لیکن بدقسمتی سے کسی بھی میچ میں مجھ سے رنز نہیں ہوئے اسی طرح رضوان بھی تگ ودو کررہے تھے لیکن ہمیں اس بات کا یقین تھا کہ اگر ہم سیٹ ہوگئے تو ہم صورتحال بدل سکتے ہیں ʹ ۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp