’میلبرن کا موسم گرل فرینڈ کی طرح ہے، بس گھبرانا نہیں‘: کیا بارش فائنل کے رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے؟


بارش
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ تو بنا لی مگر آسٹریلیا کے محکمۂ موسمیات کے مطابق 13 نومبر (اتوار) کو میلبرن میں کرکٹ کھیلنے کے لیے موسم زیادہ سازگار نہیں ہے۔

اتوار کے بارے میں کی جانے والی موسم کی پیشگوئی کے مطابق میلبرن میں اتوار کے روز 95 فیصد بارش کا امکان ہے۔ اس صورت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل مقابلے کے براہ راست متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

میلبرن کے اپنے لوگ یہ کہتے ہیں کہ اس شہر کے موسم کا کوئی اعتبار نہیں ہے کیونکہ یہ دن میں کئی رنگ بدلتا ہے۔ تاہم شائقین کو یقین ہے کہ بارش فائنل میچ کے لیے خطرہ نہیں بنے گی اور میچ ضرور ہو گا۔

یہ بات بھی یاد رکھنے والی ہے کہ 23 اکتوبر کو جب پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں مدمقابل آنے والی تھیں تو اس وقت بھی میلبرن میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی، مگر میچ کے دوران بارش نہیں ہوئی تھی۔

میلبرن اس ٹورنامنٹ کے دوران مسلسل خراب موسم کی زد میں رہا ہے۔ گروپ مرحلے کے تین میچ بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند کیے بغیر ختم کرنے پڑے تھے جن میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کا میچ، افغانستان اور نیوزی لینڈ کا میچ اور افغانستان کا آئرلینڈ سے میچ شامل تھے۔

https://twitter.com/ejazwasim/status/1590532573297795072

’میلبرن کا موسم گرل فرینڈ کے موڈ جیسا ہوتا ہے‘

اب تک تو یوں لگ رہا ہے کہ بارش کی اس پیشگوئی کے بعد میلبرن سے پہلے سوشل میڈیا پر مایوسی کے بادل چھا گئے ہیں۔

بعض شائقین نے تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کے بجائے کسی دوسرے مقام پر کرانے کی تجویز دے دی ہے۔

جیسے صفوان کہتے ہیں کہ میلبرن کی جگہ یہ فائنل ایڈیلیڈ یا سڈنی میں کھیلا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

یہ ورلڈ کپ 1992 کے عالمی کپ کی یاد کیوں دلا رہا ہے؟

’کنگ بابر، پچھلی تمام ٹویٹس کے لیے معذرت‘

پاکستان کرکٹ کا جوابی وار

https://twitter.com/Kiran_Khedekar/status/1590388771895537667

جبکہ کرن کہتی ہیں کہ آئی سی سی کو اس حوالے سے بہتر منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ ’حل یہ ہے کہ جب پتا ہو بارش ہوگی تو وینیو بدل دیا جائے۔‘

اعجاز نامی صارف نے لکھا کہ ’میلبرن کا موسم گرل فرینڈ کے موڈ جیسا ہوتا ہے۔ کسی بھی وقت خراب سے ٹھیک اور ٹھیک سے خراب ہو جاتا ہے۔ سو ’گھبرانا نہیں‘۔ نہیں ہو گی بارش۔‘

وقاص نے آئی سی سی کو ٹوئٹر پر ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بارش سے میچ منسوخ ہونے پر یہ برداشت نہیں کر سکیں گے۔

https://twitter.com/Safwan__Ahmed/status/1590307242179719168

اگر فائنل کے روز بارش ہو گئی تو کیا ہو گا؟

میلبرن، بارش

بارش کی صورت میں میچ کو یقینی بنانے کے لیے پانچ، پانچ اوورز فی ٹیم بھی ہوسکتے ہیں۔ اس کا فیصلہ ضائع ہونے والے وقت کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

آئی سی سی نے ممکنہ بارش کی وجہ سے فائنل میں ’ریزرو ڈے‘ بھی رکھا ہے۔ یعنی اگر اتوار کو میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوتا یا مکمل نہیں ہوتا ہے تو اسے پیر کے روز بھی کھیلا جا سکتا ہے۔ لیکن ریزرو ڈے کا میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا۔ تو یہ نائٹ میچ نہیں ہو گا۔

اگر پہلی ٹیم اپنے 20 اوورز مکمل کھیل لیتی ہے اور دوسری ٹیم پانچ سے کم اوورز کھیلتی ہے تو پھر یہ میچ پیر کے روز وہیں سے شروع ہو گا جہاں اتوار کے روز رُکا تھا۔

لیکن اگر اتوار کے روز دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم اپنی اننگز کے پانچ اوورز کھیل لیتی ہے تو پھر میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) قانون کے تحت ہو گا۔

اگر ریزرو ڈے میں بھی بارش کی وجہ سے میچ ممکن نہیں ہو پاتا تو پھر فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔

آئی سی سی کے مقابلوں میں ایسا صرف ایک مرتبہ ہوا ہے کہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار پائی ہوں۔ یہ 2002 میں کولمبو، سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں ہوا تھا جب انڈیا اور سری لنکا کے درمیان فائنل بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp