عالمی کپ فٹبال، جرمنی اور برازیل ہمیشہ کے فیورٹ


عالمی کپ فٹبال کے مقابلے جب بھی شروع ہوتے ہیں تو دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں اور یوں پوری دنیا تقریباً ایک ماہ کے لیے فٹبال فیور میں مبتلا ہوجاتی ہے۔

بیس نومبر سے اٹھارہ دسمبر تک قطر میں جاری رہنے والے ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے لوگ بے تاب ہیں۔ پاکستان اور خصوصاً کراچی کے علاقوں ملیر اور لیاری اس معاملے میں اپنی مثال آپ ہیں جہاں فٹبال کے دیوانوں کی تیاریاں قابل دید ہیں۔ گھروں پر عالمی کپ میں شرکت کرنے والی اپنی پسندیدہ ٹیموں کے جھنڈے لہرانے سے لے کر گلیوں کو مختلف جھنڈیوں سے سجانے تک اور بڑی اسکرینوں پر میچ دیکھنے کے دوران لوگوں کا جوش و خروش دیدنی ہوتا ہے۔

عالمی کپ مقابلوں کے فائنل راؤنڈ تک کوالیفائی کرنے والی بتیس ٹیموں کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے پہلے اور دوسرے نمبر ہر آ نے والی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ اور یوں یہ سلسلہ پری کوارٹر فائنل، کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل سے ہوتے ہوئے فائنل تک پہنچ جائے گا۔

یوں تو عالمی فٹبال میں ارجنٹائن، فرانس، انگلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈ، پرتگال، بیلجیم، یوراگوئے وغیرہ بہت معروف ٹیمیں کہلاتی ہیں اور یہ تمام ٹیمیں اپنے عمدہ کھیل اور بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال کھلاڑیوں کی وجہ سے شائقین فٹبال کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی ہیں۔ مگر دو ٹیمیں ایسی ہیں جو ہر عالمی کپ میں فیورٹ کی حیثیت سے شرکت کرتی ہیں اور یہ ٹیمیں برازیل اور جرمنی ہیں۔

برازیل اور جرمنی دو علیحدہ براعظموں سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کھیلنے کا انداز بھی ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ دونوں ٹیمیں الگ موسم، الگ کلچر اور مختلف انفراسٹرکچر میں کھیلتی ہیں تاہم دونوں ٹیموں میں ایک چیز مشترک ہے اور وہ ہے جیتنے کا بھرپور جذبہ۔ عالمی سطح پر ان کے اب تک کے ریکارڈز اس بات کا ثبوت ہیں۔

جرمنی کی فٹبال ٹیم دو ہزار اٹھارہ میں روس میں کھیلے گئے عالمی مقابلوں میں گروپ سطح پر ہی ان مقابلوں سے باہر ہو گئی تھی اور یہ گزشتہ اسی سالوں میں پہلی بار ہوا تھا تاہم اس کے باوجود عالمی اور یورپی سطح پر جرمن فٹبال ٹیم کے ریکارڈز اس کی عمدہ کارکردگی کی گواہی کے لیے کافی ہیں۔

دو ہزار چودہ میں جب جرمنی کی ٹیم برازیل میں عالمی کپ فٹبال کھیلنے کے لئے روانہ ہوئی تھی تو اس ٹیم میں میسی، رونالڈو اور نیمار جیسا کوئی سپر اسٹار شامل نہیں تھا۔ اس کے باوجود وہ پہلی یورپی ٹیم بنی کہ جس نے جنوبی امریکہ میں عالمی کپ نہ صرف اپنے نام کیا بلکہ میزبان برازیل کو اس کے ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کے سامنے تاریخ کی بدترین شکست سے دوچار کیا۔

جرمنی نے ان مقابلوں کے سیمی فائنل مقابلے میں پہلے میزبان برازیل کو ایک کے مقابلے میں سات گولوں کی ہزیمت سے دوچار کیا اور پھر فائنل میں میسی اینڈ کمپنی کی ارجنٹائن کو ہرا کر عالمی کپ اپنے نام کیا۔

جرمن فٹبال ٹیم کی ان کامیابیوں کی وجہ صرف ایک ہے اور وہ ہے ٹیم ورک۔ جرمنز ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی ٹیم ورک کی وجہ یہ نہ صرف اب تک چار بار عالمی کپ، انیس سو چون، انیس سو چوہتر، انیس سو نوے اور دو ہزار چودہ، اپنے نام کرچکے ہیں بلکہ چار بار ان مقابلوں میں دوسرے نمبر پر رہے اور چار بار ہی تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ ایک بار چوتھے نمبر پربھی براجمان رہے اور یوں انیس بار ان مقابلوں میں شرکت کر کے تیرہ بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

یہی نہیں جرمنی کی فٹبال ٹیم یورپی سطح پر بھی اسی طرح کے ریکارڈز اپنے پاس رکھتی ہے۔ یہ ٹیم اب تک تین بار کی یورپی چیمپئین بھی ہے۔ تین ہی بار یہ دوسرے نمبر اور تین بار تیسرے نمبر پر براجمان رہے۔

گریڈ ملر جرمنی کے اب تک کے سب سے بڑے سپر اسٹار ہیں۔ جنہوں نے باسٹھ انٹرنیشنل میچز میں اڑسٹھ گول اسکور کیے۔ جن میں عالمی کپ مقابلوں کے چودہ گول بھی شامل ہیں۔ یہ کسی بھی کھلاڑی کی جناب سے دو عالمی کپ مقابلوں میں اسکور کئے جانے والے سب سے زیادہ گول ہیں۔

دوسری جانب چار عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کر کے ان مقابلوں میں اب تک سب سے زیادہ سولہ گول اسکور کرنے والے کلوزے کا تعلق بھی جرمنی سے ہے۔

عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کرنے والے جرمنی کے دیگر معروف کھلا ڑیوں میں فرتز والٹر، اووے زیلر، فرانسس بیکن باور، کار ہائنز رومی نیگر، لوتھر ماتیس، روڈی فولر، یرگن کلنز مین، ماتیس زمر، فلپ لام، بستیان شوان اسٹائگر، میسوت اوزل، تھوماس مولر اورمانوئل نوائر شامل ہیں۔

دوسری جانب دنیائے فٹبال کو پیلے، زیکو، رونالڈو، روناڈینیو، روماریو، نیمار جیسے کئی سپر اسٹار کھلاڑی دینے والی برازیل کی ٹیم

اپنے منفرد کھیل کی وجہ کروڑوں شائقین فٹبال کے دلوں کی دھڑکن ہے۔

یہ ٹیم پانچ بار کی عالمی چیمپیئن ہونے والے ساتھ ساتھ ان مقابلوں میں دو بار دوسرے اور دو بار ہر تیسرے نمبر پر رہی ہے۔ جبکہ چھ بار کوپا امریکہ کپ بھی اپنے نام کرچکی ہے۔

جرمنی اور برازیل کی ٹیمیں عالمی کپ مقابلوں میں صرف دو بار ایک دوسرے کے مد مقابل رہی ہیں۔ جن میں ایک میچ میں برازیل نے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرا میچ جرمنی کے نام رہا۔

یاد رہے موجودہ عالمی کپ دنیائے فٹبال کے دو بڑے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور لیو نل میسی کا آخری ٹورنامنٹ ہو گا۔ دنیا بھر کے بڑے اعزاز اپنے نام کرنے والے یہ دونوں کھلاڑی تاحال عالمی کپ اپنے نام کرنے سے قاصر ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ اس بار ان میں سے کوئی یہ کارنامہ اپنے اور ملک کے نام سر انجام دے۔

عالمی کپ فٹبال کے مقابلوں پر نظر رکھنے والے ماہرین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ماضی کی شاندار کارکردگی کے پیش نظر برازیل اور جرمنی کی ٹیمیں ہر عالمی کپ مقابلوں میں فیورٹ کے طور پر شرکت کرتی ہیں۔ اور ایسا ہر بار ہوتا رہے گا چاہے نتائج کچھ بھی ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments