’بھائیو، کالا چشمہ کے بغیر شادی نہیں ہوتی‘: پاکستانی نژاد بھائیوں کا ’کوئیک سٹائل‘ جو دنیا بھر میں مقبول ہوا


ڈانس
’ہاں جی کیا حال ہے پاکستان؟‘

ناروے سے تعلق رکھنے یاسین تاتبی نے اُردو اور انتہائی دیسی انداز میں یہ ایک جملہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک انھوں نے اپنے دوستوں سے اتنی ہی اُردو سیکھی ہے۔

یاسین تاتبی ناروے کے ڈانس گروپ ’کوئیک سٹائل‘ کے ممبر ہیں جنھوں نے حال ہی میں کوک سٹوڈیو پاکستان کی دعوت پر اپنے گروپ کے تین اور ممبرز بلال ملک، سلیمان ملک اور ناصر سری خان کے ہمراہ کراچی کا دورہ کیا ہے۔

رواں سال کے آغاز میں کوئیک سٹائل کے ممبر سلیمان ملک کی شادی پر اُن کے تمام دوستوں نے پاکستانی اور بالی وڈ گانوں پر پرفارم کیا اور اُن کی یہ ویڈیو وائرل ہو گئی۔ یوٹیوب پر اُن کی اِس ویڈیو کو 89 ملین مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

’ایسا لگتا ہے جیسے پوری دنیا ناچ رہی ہے‘

سلیمان ملک کی شادی پر کیے گئے ڈانس کی ویڈیو میں ایسا کیا تھا کہ جنوبی ایشیا سے جس شخص نے دیکھا اِس کا دلدادہ ہو گیا۔

اپنی وائرل ویڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئِے بلال ملک نے کہا کہ ’وہ جشن کا لمحہ تھا۔ ہم نے کوئی پلان نہیں کیا تھا۔ لیکن ہم خوش ہیں کہ دنیا نے دیکھا کہ ہم کیا کرتے ہیں۔اور ہمارا پیار دکھانے کا طریقہ کیا ہے۔‘

ناصر سری خان بولے کہ ’عام طور پر جب ہم کوریوگراف کرتے ہیں تو ہم اُس پر بہت زیادہ توجہ اور وقت صرف کرتے ہیں لیکن وائرل ہونے والی اس مخصوص پرفارمنس میں ہم نے دو تین سے بھی کم ٹریننگ سیشنز کیے تھے۔ ہم نے اس پر اتنی توجہ نہیں دی تھی لیکن ہم اس عمل سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ یہ شاندار بات تھی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ڈانس کرتے ہوئے ہمارا ایک دوسرے کی طرف دیکھنا، مسکرانا اور ایک دوسرے پر ہنسنا سب دراصل حقیقی تھا۔ یہ لوگ جگہ جگہ غلطیاں کر رہے تھے اور صرف ہم اسے دیکھ سکتے تھے لیکن یہ سب تفریح کا حصہ تھا۔‘

بلال نے کہا کہ ’اس ویڈیو اور ہماری دوسری ویڈیوز میں ہم جو فرق محسوس کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم نے اس کا زیادہ پلان نہیں بنایا تھا۔ اس میں بہت کچھ بے ساختہ تھا۔ اسی لیے ارد گرد نظر آنے والا ردِ عمل بھی اصلی ہے۔‘

’میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ لوگوں کو زیادہ اچھا لگنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ہمارے گروپ میں بہت سے مختلف ممالک کے ممبرز ہیں۔ ہمارے پاس انڈین، پاکستانی، تھائی، موروکن، فِنش، نارویجن، فلپائنی، ویت نامی ہیں تو میرا مطلب ہے کہ آپ کو ایسا لگتا ہے جیسے پوری دنیا ناچ رہی ہے۔‘

سلیمان ملک نے اس گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ’اور دل سے ڈانس کیا۔ اسی لیے پسند آیا۔‘ 

کوئیک سٹائل: ’چاکلیٹ سے مستعار لیا گیا نام‘

کوئیک سٹائل کی بنیاد پاکستانی نژاد بھائیوں سلیمان ملک اور بلال ملک سمیت نارویجین نژاد تھائی ناصر سری خان نے سنہ 2006 میں رکھی تھی۔ ناصر خان سری جڑواں بھائیوں سلیمان اور بلال کے بچپن کے دوست بھی ہیں۔ بعد میں ان کے گروپ میں یاسین تاتبی سمیت مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مزید 11 لڑکے شامل ہوئے۔

ناصر سری خان بتاتے ہیں کہ کوئیک سٹائل کا نام ناروے کی ایک چاکلیٹ سے آیا ہے جسے ’کوئیک لنچ‘ کہا جاتا ہے۔

’ہمارے گروپ کا کوئی نام نہیں تھا۔ یہ سکول کے دنوں میں ہوا تھا۔ ہمارے سامنے چاکلیٹ ریپرتھا۔ ہمیں لگا کہ یہ بہت مختصر نام ہے اور اسے یاد رکھنا آسان ہو گا۔ ہم نے ایک دوسرے کو دیکھا اور پھر فیصلہ کیا کہ یہی گروپ کا نام ہو گا۔ تو بنیادی طور پر یہ نام ایک چاکلیٹ سے آیا ہے۔‘ 

’بھائیو، کالا چشمہ کے بغیر شادی نہیں ہوتی‘

کوئیک سٹائل کے بارے میں بہت سے لوگوں کو علم نہیں کہ  وہ پندرہ برسوں سے ایک پروفیشنل ڈانس گروپ کے طور پر کام کر رہے ہیں جو نہ صرف کوریا سے دنیا بھر میں مقبول بینڈ بی ٹی ایس کے پانچ گانوں سمیت کئی فنکاروں کے لیے کوریوگراف کر چکے ہیں بلکہ 2009 میں امریکہ میں ڈانس کے بڑے مقابلے ’امیریکہ گاٹ ٹیلنٹ‘ اور ناروے میں اسی شو کا ورژن ’نارسکے ٹیلنٹر‘ جیت چکے ہیں۔

بلال اور سلیمان کے خاندان کا تعلق پاکستان سے ہے۔ اُن کی پانچ بڑی بہنیں اور ایک بڑے بھائی ہیں اور اُنہی کی وجہ سے وہ بچپن سے پاکستانی اور بالی وڈ گانے سنتے ہوئے بڑے ہوئے۔

اُن کے مطابق دنیا بھر میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں ان کے ڈانس کی حالیہ مقبولیت کی وجہ وہ تمام نئے اور پُرانے گانے ہیں جِن کو مختلف ادوار کی جنریشنز سنتی ہوئی بڑی ہوئیں۔

لیکن اِن گانوں کا انتخاب کون کرتا ہے اور کیا بلال اور سلیمان گروپ کے دیگر ممبرز کو اِن گانوں کے بول سمجھاتے ہیں۔

میرے اِن سوالات کے جواب میں یاسین تاتبی نے مُسکراتے ہوئے بتایا کہ ’میں وہ شخص ہوں جو انڈین اور پاکستانی گانوں کا انتخاب کرتا ہے۔ جادو یہ ہے کہ ہمیں گانے کے بول  سمجھنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ہم صرف آلات کو سن کر موسیقی کے ساتھ اپنے تعلق کو تلاش کر لیتے ہیں۔‘

اس موقع پر بلال نے لقمہ دیا کہ ’یاسین نے ’کالا چشمہ‘ گانے کا انتخاب کیا تھا۔ اِس نے کہا کہ ’بھائیو، کالا چشمہ کے بغیر شادی نہیں ہوتی۔‘

واضح رہے کہ ’کالا چشمہ‘ بالی وڈ فلم ’باربار دیکھو‘ کا ہے جسے کترینہ کیف اور سدھارتھ ملہوترا پر فلمایا گیا تھا۔

یاسین تاتبی نے ہنستے ہوئے کہاکہ ’انڈین اور پاکستانی گانوں سے ہمیشہ میری توقع یہی رہی ہے کہ اِن میں کچھ گہری یا پیار کی بات ہو گی لیکن یہ گانا صرف کالے چشمے پر تھا۔‘

ناصر سری خان بولے کہ ’میں اور یاسین دونوں ہی پاکستانی اور انڈین دیسی موسیقی پسند کرتے ہیں کیونکہ اس میں ڈرم ہوتے ہیں اور اس میں وہ انرجی ہوتی ہے جو ہمیں جگا دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اِن گانوں پر ہمیشہ ناچ  سکتے ہیں۔‘

’پہلے میں آپ کا فین تھا لیکن اب میں آپ کا ایئر کنڈیشنر ہوں‘

شادی کی وائرل ڈانس ویڈیو میں کوک سٹوڈیو میں موسیقار وہاب بُگٹی کا گانا کنایاری پر کیا گیا ڈانس بے حد سراہا گیا۔ جس کے بعد کوک سٹوڈیو نے اپنے 14ویں سیزن کے ایک اور مقبول گانے ’پیچھے ہٹ‘ پر کوئیک سٹائل سے خصوصی پرفارمنس ریکارڈ کروائی۔

میں نے جاننا چاہا کہ آیا ’کنایاری اور ’پیچھے ہٹ‘ میں سے اُن کا پسندیدہ گانا کون سا ہے تو بلال جھٹ سے بولے ’میرے لیے تو کنایاری۔‘

’مجھے ’کنایاری‘ سب سے زیادہ پسند ہے۔ کیونکہ اس گانے میں کچھ ایسا ہے کہ آپ تھکتے نہیں ہیں۔‘

ناصر سری خان نے کہا کہ ’میرے خیال میں سبھی گانے ایسے ہیں جن کے ساتھ آپ کو وقت گزارنے کی ضرورت ہے۔ ظاہر ہے ہم نے ’کنا یاری‘ کے ساتھ کافی وقت گزارا اور اس گانے کے ساتھ ایسا رشتہ بن گیا جو ہمیشہ دل کے قریب رہےگا۔ لیکن ’پیچے ہٹ‘ اور ’پسوڑی‘ کے لیے بھی پسندیدگی بڑھ رہی ہے۔ اگر آپ ایک دو مہینوں میں یہی سوال پوچھیں گی تو ہو سکتا ہے کہ جواب بدل جائے۔‘ 

مداحوں کی طرف سے ملنے والے پیار اور یاد رہ جانے والے تبصرے کے بارے میں پوچھا تو بلال نے تفریحی انداز میں بتایا کہ’مجھے ایک فیڈ بیک یاد ہے جو مجھے واقعی پسند آیا۔ وہ تھا کہ ’پہلے میں آپ کا فین تھا لیکن اب میں آپ کا ایئر کنڈیشنر ہوں۔‘

’بریانی کڑاہی سے بہتر ہے یا کڑاہی بریانی سے بہتر‘

یوں تو کوئیک سٹائیل نے دنیا بھر میں مختلف زبانوں کے گانوں پر پرفارم کیا ہے لیکن جنوبی ایشیائی خطے میں وہ کون سا فنکار ہے جس کے کام سے وہ متاثر ہیں۔ میرے اِس سوال پر سلیمان ملک نے بلا توقف کہا ’پرابھو دیوا۔‘

’جنوبی ایشیا میں میرا پسندیدہ ڈانسر یقیناً پربھو دیوا ہے۔ اپنے ڈانس اور اس سے پہلے کیے جانے والے اپنے کام کی وجہ سے۔ اور بھی بہت ہیں لیکن باقی بات بلال بتائے گا۔‘

بلال نے کہا کہ’ سچی بات یہ ہے کہ یہ ایک مشکل سوال ہے۔ جنوبی ایشیا میں بہت سارے باصلاحیت لوگ ہیں اور آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ صرف یہ میرا پسندیدہ ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ آپ یہ نہیں بتا سکتے کہ آپ کا پسندیدہ کھانا کیا ہے؟ آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ بریانی کڑاہی سے بہتر ہے یا کڑاہی بریانی سے بہتر ہے۔ دونوں ہی مزیدار ہیں۔‘

کوئیک سٹائل کے ممبرز نے بتایا کہ اُن کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اُنھیں دنیا بھر خصوصاً انڈیا سے کورویوگرافی سمیت دیگر کام کی بہت سی آفرز آئی ہیں۔

ناصر سری خان نے بتایا کہ ’زیادہ تر انڈیا سے آئی ہیں اور یہ حیرت انگیز بات ہے کیونکہ (انڈیا) انٹرٹینمنٹ اور کوریوگرافی میں دنیا کی سب سے بڑی صنعتوں میں سے ایک اور بہترین ہے۔‘

کوئیک سٹائل کے ممبرز نے یہ تو نہیں بتایا کہ کوک سٹوڈیو کی ویڈیو میں پرفارم کرنےاوراُن کے ساتھ دبئی اور کراچی کا دورہ کرنے کےبعد اب کوئیک سٹائل آگے کیا کرنے جارہا ہے لیکن اُنھوں نے پاکستان میں اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ کوک سٹوڈیو کو پیغامات بھیجیں کہ وہ انھیں اپنی ویڈیوز میں پرفارم کرنے کی دوبارہ دعوت دیں۔

بلال ملک نے کہا کہ ’میں یہ نہیں بتا سکتا کہ ہم کیا کرنے جا رہے ہیں کیونکہ یہ ایک سرپرائز ہے اور جلد آنے والا ہے۔ انشا اللہ، تو ہم یقینی طور پر کچھ دلچسپ کام کر رہے ہیں۔‘ 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments