عدالتوں اور ججز کو ’متنازع‘ کرنے پر اسد عمر لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ طلب


لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں تقریر کے دوران عدالتوں اور ججز کو ’متنازع‘ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے سکریٹری جنرل اسد عمر کو سات دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس جواد حسن نے ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ پنڈی بنچ کی درخواست پر اسد عمر کے خطاب کی جواب طلبی کی ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت کسی بھی ادارے اور شخصیت کو متنازع نہیں بنایا جاسکتا۔

عدالت نے اسد عمر کا ویڈیو بیان اور اس کا ٹرانسکرپٹ بھی طلب کر لیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اسد عمر نے 26 نومبر کے جلسے میں عدالتوں کو متنازع کیا اور اس تقریر میں ہی اسد عمر نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔

جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا کہ عدالت کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ آئین کے ارٹیکل 204 کی کلاز بی کے تحت توہین عدالت کے مرتکب شخص کو سزا دے سکتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت پہلے اسد عمر کی تقریر کو دیکھے گی۔ اسد عمر کے بیان سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے ایڈشنل رجسٹرار کی درخواست پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے دھرنوں کے دوران شہر کی مختلف شاہراؤں کو بند کرنے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے دوران عدالت کے سامنے رکھی گئی۔

اس درخواست کی سماعت کے دوران روالپنڈی کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور پولیس کے اعلی حکام پیش ہوئے۔

’توہین الیکشن کمیشن‘ کا معاملہ، اسد عمر نے سپریم کورٹ میں جواب داخل کروا دیا

شہزاد ملک، بی بی سی – پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پر اسد عمر نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا ہے جس میں انھوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے توہین عدالت کا نوٹس ملنے پر انھوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔

اپنے جواب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس غیر قانونی و غیر آئینی ہے کیونکہ آئین کا آرٹیکل 204 اعلیٰ عدلیہ کو توہین عدالت پر کارروائی کا اختیار دیتا ہے جبکہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں۔

پارٹی کے سیکریٹری جنرل نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کا اختیار استعمال نہیں کر سکتا۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا یہ اقدام آئین کے ارٹیکل 10 آئین سے متصادم ہے۔
اسد عمر نے اپنے جواب میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی اپیل مسترد کی جائے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کو نوٹس ملنے کے بعد الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32538 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments