ریحام خان کی ممکنہ نئی کتاب؟


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے دھرنے کے دوران شادی کر کے شہرت پانے والی ٹی وی اینکر ریحام خان نے عمران خان سے دوسری طلاق ملنے کے بعد تیسری شادی کرلی ہے، ریحام خان کے چاہنے والوں کو مبارک ہو، جن بزرگوں نے امید لگا رکھی تھی ان کے دلوں پر یہ خبر بجلی بن کر گری ہے

ریحام خان نے مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی کی ہے جو ان سے عمر میں 13 سال چھوٹے ہیں، انسٹاگرام پر اپنے تیسرے شوہر مرزا بلال کی تصویر شیئر کرتے انہوں نے لکھا کہ ’میں نے اپنا ساتھی ڈھونڈ لیا‘ ، شادی ایک مقدس اور بابرکت رشتہ ہے جس کو سراہا جانا چاہیے، کہتے ہیں کہ دل ہونا چاہی دا اے جوان عمراں چ کی رکھیا اے۔

ریحام خان کی پہلی شادی 1990 میں ہوئی تھی جو 2005 ءمیں طلاق پر ختم ہوئی، ان کی پہلی شادی سے تین جواں بچے ہیں جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں، ریحام خان نے دوسری شادی جنوری 2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے کی تھی مگر 10 ماہ بعد ہی ان کے درمیان اکتوبر 2015 ءمیں طلاق ہو گئی تھی، اس شادی کے آغاز کے ساتھ ان میں تنازعات کی خبریں میڈیا میں آنے لگی تھیں، میڈیا نے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کیا اور دونوں میں طلاق کرا کر دم لیا

عمران خان سے طلاق کے بعد ریحام خان میں ”عورت کا انتقام“ جیسا غصہ دیکھا گیا، طلاق کے بعد عمران خان کے پول کھولنے کی دھمکیاں دیتی رہیں اور بالآخر کتاب لکھ ڈالی جس میں عمران خان کی پرائیویسی کی دھجیاں بکھیر دیں، ریحام خان نے اپنے پہلے شوہر بھی تشدد وغیرہ کے الزامات بھی لگائے جس کی ان کے پہلے شوہر نے تردید کی اور قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی

عمران خان سے شادی کے بعد ریحام خان پاکستان کی سیاست اہم شخصیت بن کر ابھریں، سیاست کی تاریخ میں خواتین سیاستدانوں میں ریحام خان کا کردار ان سے نسبتاً مختلف ہے، ریحام خان نے میاں بیوی کے مقدس رشتے کے درمیان ہونے والی گفتگو اور راز بھی کتاب میں لکھ ڈالے جسے عوام کی اکثریت نے ناپسند کیا، اسلام میں طلاق حلال فعل ہے مگر اسے ناپسندیدہ قرار دیا گیا ہے، شاید اس کی وجہ یہی ہے جو کہ ریحام خان نے کیا، ان کی کتاب سے نون لیگ نے تو بھرپور فائدہ اٹھایا مگر معاشرتی اقتدار کو پارہ پارہ کر دیا

برطانوی ماحول میں رہنے کی وجہ سے وہ بہت بولڈ ہو چکی ہیں، بی بی سی پر ان کے پروگرام دیکھنے والوں نے ان کو نیم برہنہ تو دیکھا ہوا ہے مگر پاکستانی معاشرے میں اس طرح کھلم کھلا لباس زیب تن کرنا اور ہوسٹ ذکاء کے پروگرام میں ہنستے عمران خان کی مردانگی کو پہلے شوہر کے مقابلے میں ”کمزور“ قرار دینا نامناسب ہے

بہرحال اس بار انہوں نے تیسرے جیون ساتھی کا انتخاب اس عمر میں کیا ہے جب ان کی اپنی بیٹی کی شادی کی عمر ہو چکی ہے، اس سے متعلق ایک واقعہ بیان کرتا ہوں، میرے ایک علم نجوم کے ماہر سے دیرینہ تعلقات ہیں، ایک بار ان سے ملنے گیا تو ان کے اسسٹنٹ نے فون پر میرے بارے بتایا تو انہوں نے کہا کہ اندر بھیج دیں، وہاں ایک انتہائی خوبصورت خاتون اور ان کے ساتھ ان کی 22 سالہ بیٹی بھی تھی، وہ ماہر نجوم سے اپنا حساب لگوانے آئی تھیں

سلام دعا کے بعد خاتون نے ان کو اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون ہیں، تو انہوں نے جواب دیا آپ بے فکر رہیں، اطمینان سے اپنا مسئلہ بیان کرتی رہیں، یہ میرے بھائی ہیں اور علم نجوم کے ماہر بھی ہیں جس پر خاتون خاموش ہو گئیں تو ان کی بیٹی نے سوال کر دیا کہ میری ماما کی اور کتنی شادیاں ہیں جس پر ماہر علم نجوم نے پوچھا کیوں، آپ کو ماما کی کیا فکر ہے تو لڑکی نے جواب دیا، ماما اب تک چار شادیاں تو میرے سامنے کرچکی ہیں، ان کی شادیاں ختم ہوں تو میری باری بھی آئے

ایک ٹی وی پروگرام میں ریحام خان نے بتایا تھا کہ ان کی ایک رشتہ دار خاتون نجومی نے ان کا ہاتھ دیکھنے کے بعد انہیں بتایا کہ ان کے ہاتھ میں تیسری شادی کی لکیر ہے، اب نجانے ان کے ہاتھ میں شادی کی مزید کتنی لکیریں ہے جو خاتون نجومی نے نہیں بتایا کہ یہ نہ ہو کہ تیسری شادی کے بعد محترمہ چوتھی شادی کی تیاری نہ شروع کر دیں، اس صورتحال کے بعد کہیں ان کی بیٹی کو بھی یہ نہ کہنا پڑ جائے ماما آپ کی شادیوں کا سلسلہ ختم ہو تو میری شادی کا بھی سوچیں

شادی ریحام خان کا ذاتی معاملہ ہے مگر سلیبریٹیز عوام کی ملکیت بن جاتے ہیں اور ان کا کوئی بھی معاملہ ذاتی نہیں رہتا، عوامی بن جاتا ہے جس پر عوام کو اپنی رائے دینے کا پورا پورا حق ہوتا ہے، ریحام خان کے تیسرے شوہر عمر سے چھوٹے ضرور ہیں مگر انہوں نے چھوٹی سی عمر میں بڑے بڑے کام کر ڈالے ہیں، ریحام خان سے شادی بھی ان کے بڑے کاموں میں سے ایک ہے

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرزا بلال بیگ اداکار وغیرہ بھی ہیں، امریکہ میں بہت بڑا کاروبار بھی ہے، ان کی فیملی بہت امیر ہے، شادی بھی امریکہ میں ہی ہوئی ہے، ریحام خان کے فینز کو ان کے شوہر کے کم عمر ہونے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے کیونکہ بہت سی اداکارائیں اور خواتین شخصیات اپنے سے کئی سال کم عمر لڑکوں سے شادی کر کے خوشگوار زندگیاں گزار رہے ہیں، اللہ کرے ریحام کے لئے شادی مبارک ثابت ہو اور وہ خوشگوار زندگی بسر کریں

ریحام خان نے عمران خان سے شادی کی جو ان کی عمر سے بڑے تھے، اب انہوں نے اپنے سے کم عمر سے شادی شاید اس لئے کی ہو کہ وہ مستقبل میں نئی کتاب لکھنے کا پروگرام بنا رہی ہوں جس کا عنوان کچھ ایسا ہو سکتا ہے ”بڈھے سے شادی کے نقصانات اور کم عمر لڑکے سے شادی کے فوائد“ یہ کتاب ان کی پہلی کتاب سے زیادہ فروخت ہوگی اور شہرت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔

Facebook Comments HS