20 سالہ اداکارہ تونیشا کی ٹی وی شو کے سیٹ پر موت، ساتھی اداکار پر خودکشی کے لیے اکسانے کا مقدمہ


ٹی وی اداکارہ تونیشا شرما کی موت کے معاملے میں ان کے ساتھی اداکار شیزان خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اداکارہ تونیشا شرما سنیچر کو ایک شوٹنگ کے دوران سیٹ پر ہی مردہ پائی گئی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق ان کی لاش واش روم میں لٹکی ہوئی ملی تھی۔

ممبئی پولیس کے اے سی پی چندرکانت جادھو نے ٹی وی اداکارہ تونیشا شرما کی موت کے معاملے میں کہا ہے کہ ان کا شیزان خان کے ساتھ تعلقات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’تونیشا شرما ایک ٹی وی شو میں اداکاری کر رہی تھیں، ان کا 15 روز قبل بریک اپ ہوا تھا۔‘

پولیس نے ساتھی اداکار شیزان خان پر خودکشی کے لیے اکسانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ شیزان پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 306 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انھیں سوموار کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس اس کیس کی خودکشی اور قتل، دونوں زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

جب سے اداکارہ کی مبینہ خودکشی کی خبرعام ہوئی ہے سوشل میڈیا پر طرح طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں جبکہ بہت سے لوگوں نے اسے ‘لو جہاد’ سے بھی جوڑنا شروع کر دیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق شوٹنگ کے دوران جب وقفہ ہوا تو تونیشا شرما اپنے میک اپ روم میں گئیں تاہم وہ بریک کے بعد وقت پر شوٹنگ کے لیے واپس نہیں آئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد جب کچھ لوگ انھیں دیکھنے گئے تو آواز دینے اور پکارے جانے کے بعد بھی انھوں نے واش روم کا دروازہ نہیں کھولا۔ جب دروازہ توڑ کر دیکھا گیا تو وہ مردہ پائی گئیں۔

اسسٹنٹ پولیس کمشنر چندرکانت نے بتایا کہ تونیشا کی والدہ نے شکایت درج کرائی ہے اور پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

دریں اثنا سوشل میڈیا پر تونیشا شرما کے ساتھ شیزان خان بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

دیباکر دتتہ نامی ایک صحافی نے لکھا کہ ‘خودکشی کے لیے اکسانے کی بات کو عدالت میں ثابت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہم نے سشانت سنگھ راجپوت کے معاملے، سونندا پشکر کے معاملے اور جیا خان کے معاملے میں پہلے ہی دیکھ لیا ہے۔ مجھے تونیشا کے معاملے میں بھی کسی دوسرے نتیجے کی امید نہیں ہے۔‘

https://twitter.com/dibakardutta_/status/1606883997665333249

اس کے ساتھ انھوں نے تونیشا کی دو تصاویر شیئر کی ہیں ایک میں تنہا ہیں جبکہ دوسری میں وہ بظاہر شیزان کے ساتھ ہیں۔

فلمساز اور اداکار کمال آر خان نے لکھا: ’مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کوئی اتنے چھوٹے باتھ روم میں کس طرح پھانسی لگا سکتا ہے؟ مناسب تفتیش ہونی چاہیے۔‘

https://twitter.com/kamaalrkhan/status/1606671350827225090

کمال خان نے اس کے علاوہ بھی اس سے متعلق کئی ٹویٹس کی ہیں اور تونیشا کی جانب سے انسٹاگرام پر حال ہی میں شیئر کی جانے والی تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ وہ شیزان کے ساتھ شاید بہت زیادہ محبت کرتی تھیں۔

ان کے علاوہ بھی کئی دوسرے صارفین نے تونیشا کو مبینہ طور پر قتل کیے جانے کی جانب اشارہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ کسی سوسائڈ نوٹ کی بھی بات کی جا رہی ہے لیکن ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے کسی بھی سوسائڈ نوٹ کے ملنے سے انکار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سُشانت سنگھ نے خودکشی کیوں کی؟: اس حوالے سے ان کے قریبی ساتھی کیا کہتے ہیں؟

انڈیا میں میاں بیوی کی فیس بک لائیو ویڈیو میں خودکشی کی کوشش: ’میری موت کے لیے مودی ذمہ دار ہوں گے‘

’فریج قتل‘: کیا انڈیا میں قاتل ایک دوسرے کی نقل کر رہے ہیں؟

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق نیگاؤں کے جے جے ہسپتال میں ان کی لاش اتوار کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے لائی گئی اور صبح ساڑھے چار بجے تک کئی پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ان کا پوسٹ مارٹم ہوتا رہا۔

بہر حال پولیس خودکشی اور قتل دونوں زاویوں سے اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ وہاں موجود تمام لوگوں سے پوچھ گچھ کریں گے۔ اس معاملے میں اے این آئی کے مطابق ان کے ساتھی اداکار پارتھ زتشی سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

بہت سے لوگوں نے تونیشا کی میک اپ کرتی ہوئی وہ ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ اسی دن کی ہے جس دن ان کی موت ہوئی۔

ایک صارف نے لکھا کہ کون وینٹی وین میں جان لیتا ہے، ایک اور سشانت سنگھ جیسا معاملہ۔

https://twitter.com/KirtiSweta/status/1606669978018906115

اس کے ساتھ اس قسم کے ٹویٹس میں یہ باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مسلم لڑکے محبت کے لیے نہیں بلکہ ‘لوجہاد’ کے لیے ہیں۔ انڈیا میں ایک حلقے سے یہ آواز کئی برسوں سے اٹھ رہی ہے کہ مسلم لڑکے ہندو لڑکیوں کی دام الفت میں جہاد کی نیت سے گرفتار کرتے ہیں اور ان کے ساتھ بعد میں بدسلوکی کرتے ہیں لیکن دوسری طرح ہندو حلقے سے ہی اس کی پرزور مذمت بھی کی جاتی ہے۔

انڈین فلم انڈسٹری میں مبینہ خودکشی کے واقعات رائے عامہ کو منقسم کرتے ہیں۔ اس سے قبل سشانت سنگھ راجپوت کی موت کو قتل قرار دیے جانے کا مطالبہ ہوتا رہا جو اب بھی گاہے بگاہے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگتا ہے۔

تونیشا شرما کون تھیں؟

تونیشا نے اپنے کرئیر کا آغاز سنہ 2015 میں ٹی وی سیریل ‘بھارت کا ویر پُتر – مہارانا پرتاپ’ سے کیا۔

اس کے بعد انھوں نے سیریل ‘چکرورتی اشوک سمراٹ’ میں بھی کام کیا۔ انھوں نے ‘عشق سبحان اللہ’، ‘انٹرنیٹ والا محبت’ جیسے سیریلز میں بھی کام کیا۔

2016 میں انھوں نے اپنے بالی وڈ کرئیر کا آغاز فلم ‘فتور’ سے کیا۔ اس میں انھوں نے اداکارہ کترینہ کیف کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔

انھیں شوبز کی ابھرتی ہوئی اداکارہ میں شمار کیا جانے لگا تھا۔ ان کی عمر 20 یا 21 سال بتائی جاتی ہے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp