کرکٹرز اور بالی ووڈ ہیروئنز کی محبت کا سلسلہ کتنا پرانا ہے


انڈین کرکٹرز اور بالی ووڈ ہیروئنز کے درمیان عشق اور محبت کا رشتہ کافی پرانا ہے۔ ایسا ہی ایک نیا رشتہ اسی ہفتے قائم ہوا ہے۔ اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا شیٹی اور کرکٹر کے ایل راہل 23 جنوری کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

اتھیا کے پاپا سنیل شیٹی شادی کے بعد میڈیا کے سامنے آئے اور مٹھائی تقسیم کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ ’ایک چھوٹی سی تقریب میں قریبی خاندان کے افراد کی موجودگی میں شادی ہو گئی ہے، اب میں باضابطہ طور پر سُسر بن گیا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ رسیپشن آئی پی ایل کے بعد ہو سکتا ہے۔

کے ایل راہل نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا، ’تمہاری روشنی میں، میں نے محبت کرنا سیکھا ہے‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’آج ہم نے اپنے قریبی اور عزیزوں کے درمیان اپنے گھر میں شادی کی، جہاں ہمیں بہت خوشیاں اور سکون ملا ہے۔ ہم آپ کی محبت کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس سفر میں آگے بڑھنے کے لیے آپ کی دعاوں کے طلبگار ہیں‘۔

اتھیا اور کے ایک راہل کی محبت اور ڈیٹنگ کی کہانیاں کافی عرصے سے میڈیا میں چل رہی تھیں اور اکثر دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جاتا تھا۔

تاہم کرکٹ اور بالی ووڈ کے درمیان محبت کا یہ رشتہ کافی پرانا ہے۔ مقبول جوڑیوں میں سب سے پہلے نواب منصور علی خان پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کا نام آتا ہے۔ منصور علی خان پٹودی انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان تھے۔

فائل فوٹو

شرمیلا ٹیگور اور نواب پٹودی کے بیٹے سیف علی خان

27 دسمبر 1969 کو نواب منصور علی خان پٹودی کی بارات فلم اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے گھر پہنچی۔ ان دونوں کی جوڑی بھی بہت کامیاب رہی۔

اس کے بعد سنگیتا بجلانی، گیتا بسرا، ہیزل کیچ، ساگاریکا گھاٹگے اور انوشکا شرما جیسی کئی اداکاراؤں نے کرکٹرز سے شادی کی ہے۔

ویراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی جوڑی انڈیا میں بہت مقبول ہے۔
شادی سے پہلے ان کے درمیان کئی بار جھگڑے کی خبریں آئیں اور پھر 11 دسمبر 2017 کو دونوں نے اٹلی کے ایک جزیرے پر قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں شادی کر لی۔

اب دونوں کی ایک بیٹی ہے جس کا نام وامیکا ہے۔

انوشکا اور ویراٹ کوہلی

ویراٹ انوشکا سے پہلے دسمبر 2016 میں کرکٹر یوراج سنگھ نے ماڈل اداکارہ ہیزل کیچ نے شادی کی تھی۔

ایک ٹی وی شو میں کرکٹر یوراج نے بتایا تھا کہ وہ تین سال سے ہیزل سے ملنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ہیزل ان کی جانب متوجہ ہی نہیں ہو رہی تھیں۔ جس کے بعد مشترکہ دوست نے دونوں کا تعارف کرایا۔

دونوں نے 2015 میں بالی میں منگنی کی اور دسمبر 2016 میں چندی گڑھ سے 40 کلومیٹر دور ایک گرودوارہ میں شادی کی۔ گزشتہ سال ہی انکے یہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام اورین کیچ سنگھ رکھا گیا۔

انڈین ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر ظہیر خان نے 2017 میں فلم ’چک دے انڈیا‘ میں کام کرنے والی اداکارہ سگاریکا گھاٹگے سے شادی کی۔
اپریل 2017 میں دونوں کی منگنی ہوئی اور 23 نومبر 2017 کو دونوں کی شادی ہوگئی۔

انڈین ٹیم کے شاندار سپن بالر ہربھجن سنگھ نے بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل گیتا بسرا سے 2015 میں بڑی دھوم دھام سے شادی کی۔ دونوں کی ملاقات لندن میں ہوئی تھی۔ گیتا بسرا انگلینڈ میں پیدا ہوئی تھیں۔

ہربھجن سنگھ اور گیتا بسرا نے ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں بتایا کہ دونوں نے شادی سے پہلے آٹھ سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا۔
اب دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔

سابق مس انڈیا سنگیتا بجلانی اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کی ملاقات 1990 کی دہائی کے اوائل میں ہوئی تھی۔

اظہر پہلے ہی شادی شدہ تھے اور ان کے دو بیٹے تھے۔ لیکن سنگیتا کے لیے انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو 1996 میں طلاق دے دی تھی۔ تاہم 2010 میں دونوں نے اپنی مرضی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی کی محبت کی کہانی کسی فلم سے کم نہیں۔ کہا جاتا ہے کہ نواب آف پٹودی نے شرمیلا کو منانے کے لیے بہت پاپڑ بیلے تھے۔

پٹودی چار سال تک شرمیلا کو خط لکھتے اور پھول بھیجتے رہے۔ انہوں نے پیرس کی ایک سڑک پر شرمیلا کو پرپوز کیا تھا۔ جس کے بعد دونوں نے 1969 میں شادی کر لی۔ یہ جوڑی 2011 میں پٹودی کی موت تک ساتھ رہی۔

ان کے اور شرمیلا کے تین بچے ہیں جن میں سیف علی خان اور سوہا علی خان بالی ووڈ میں ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments