مادری زبانوں کا عالمی دن اور ریڈیو پاکستان


ہر سال 21 فروری کو پوری دنیا میں مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کو دنیا بھر میں بولی جانے والی ہزاروں زبانوں کی ثقافتی علمی ادبی اور تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عالمگیریت کے اس زمانے میں مقامی زبانوں کی ترقی و ترویج اور عالمی سطح پر ثقافتی اور لسانی تنوع کو فروغ دینے کے لیے منایا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت 7000 کے قریب زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن ان میں سے کئی زبانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ ان زبانوں کے بولنے سمجھنے لکھنے اور پڑھنے والوں کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔

دنیا کی چالیس فیصد آبادی کو اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولت موجود نہیں اور کئی قدیم زبانیں معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔ واضح رہے کہ ایک زبان کا مرنا صرف اس زبان کے بولنے والوں کا نقصان نہیں بلکہ پوری انسانیت کا نقصان ہے کیونکہ کسی بھی زبان کے خاتمے کے ساتھ ہی اس زبان بولنے والے لوگوں کی صدیوں کی یادداشتیں گیت کہانیاں علم و ادب احساسات اور جذبات کو بیان کرنے کے انداز بھی ختم ہو جاتے ہیں اور انسان ذات ایک منفرد تہذیبی ورثے سے محروم ہوجاتی ہے۔

اس حوالے سے میڈیا کے کردار کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ اگر ہم پاکستان کے تناظر میں بات کریں تو کوئی میڈیا کا ادارہ اگر بھرپور طریقے سے قومی زبان کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر کی مقامی زبانوں اور ثقافتی قدروں کے ترجمان کا کردار ادا کر رہا ہے تو وہ ریڈیو پاکستان ہے۔ سندھی سرائیکی پنجابی پشتو بلوچی سمیت پاکستان کی کسی بھی مقامی زبان کی گزشتہ آدھی صدی سے زیادہ عرصے کی تاریخ ریڈیو پاکستان کے مقامی اسٹیشن کے کردار کے ذکر کے بغیر نامکمل رہے گی۔

کیونکہ یہ ملک بھر میں قائم ریڈیو پاکستان کے اسٹیشنز ہی تھے جنہوں نے مقامی زبانوں کے لوک گیتوں سمیت پورے تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو رکارڈ کر کے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا۔ اور آج بھی حیدرآباد سے لے کر گلگت تک ریڈیو پاکستان کے اسٹیشںز کے آواز خزانے مقامی زبانوں کی تخلیقی اساس کو اپنے سینے میں سمائے ہوئے ہیں۔

آج بھی اسکردو سے لے کر مٹھی تک ریڈیو پاکستان کے اسٹوڈیوز میں مقامی زبانوں کے فنکاروں موسیقاروں شاعروں اور قلمکاروں کا استقبال نہایت اپنایت سے ہوتا ہے۔ پاکستان بھر کی مادری زبانوں کے لیے ریڈیو پاکستان کی اہمیت کا اندازہ آپ اس بات سے لگا لیں کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں قائم ریڈیو پاکستان گلگت اور مٹھی سے پانچ زبانوں میں پروگرام نشر کیے جاتے ہیں ان میں سے کچھ زبانوں کو عام طور پر پاکستان کی کسی بھی دوسرے بڑے میڈیا پلیٹ فارم تک رسائی حاصل نہیں۔

ہر ہفتے ریڈیو پاکستان کے مقامی اسٹیشنز کے نیٹ ورک سے بیس سے زیادہ زبانوں میں بچوں عورتوں نوجوانوں بزرگوں طالبعلموں اور زندگی کے دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے خصوصی پروگرام نشر کیے جاتے ہیں۔ جشن آزادی، یوم پاکستان، یوم دفاع اور دیگر اہم قومی دنوں کے موقعے پر صرف ریڈیو پاکستان ہی ملک کے مختلف خطوں کی مقامی زبانوں میں خصوصی پروگرام اور وطن کے گیت نشر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی طرح 21 فروری کو منائے جانے والے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقعے پر بھی ریڈیو پاکستان وہ ادارہ تھا جس نے گلگت سے لے کر مٹھی تک اس ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی ما دری زبانوں میں پروگرام پیش کیے اور ایک قومی ادارے کے طور پر پاکستانی ثقافت کے سارے رنگوں کی ترجمانی کا حق بھرپور طریقے سے ادا کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments