اپنے آپ سے انصاف کریں


انسان ایک ایسا جاندار ہے جو ہر ماحول میں اپنی جگہ بنا لیتا ہے دنیا کا ہر مشکل ترین کام بھی آسانی سے سر انجام دیتا ہے پہاڑوں اور سمندروں کو چیر دیتا ہے۔ لیکن اگر انسانی جسم کے ساتھ انصاف نہ کیا جائے تو یہ خرابی کی طرف چلا جاتا ہے۔

موجودہ دور میں نوجوانوں کے حالات، صحت پر اثرانداز ہونے والے مسائل کا تعلق ان کے رویوں، اپنے آپ کے ساتھ نا انصافی یا غیر محفوظ شدہ ماحول سے ہے جن میں جسمانی تھکاوٹ، سستی، کاہلی، یا حد سے زیادہ سخت کام کرنے والے نوجوانوں کو زخم کا ہو جانا، وقت پہ دوائی نہ لینا یا دواؤں کا اضافی استعمال، نشے کی عادت، ذہنی و نفسیاتی بیماریوں کی وجہ سے دماغی بوجھ بڑھنے کے بعد زندگی کئی مسائل کا شکار ہو جاتی ہے۔ در اصل انسان کو اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ وہ فطرتی طور پر بہترین ڈھانچے اور بہترین حالت میں پیدا کیا گیا ہے۔

نا انصافی کی ابتدا آج کا نوجوان اپنے اوقات میں خرابی سے شروع کرتا ہے۔ رات گئے تک موبائل فون، لیپ ٹاپ یا دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف عمل رہتے ہیں۔ اور پھر صبح کی بجائے شام کو آنکھ کھلتی ہے فطرتی طور پر اللہ تعالیٰ نے دن کام کے لیے اور رات آرام کے لیے بنائے ہیں جب فطرت کے خلاف کوئی بھی کام کرتے ہیں تو پورا جسم اور اندر کا نظام ہل کر رہ جاتا ہے۔ لیکن ہمیں اس وقت سمجھ نہیں آتی بلکہ یہ اندر کا پورا نظام آہستہ آہستہ مختلف چھوٹے چھوٹے جھٹکوں سے ختم ہوتا رہتا ہے اور ہم اسے ٹھیک کرنے کی بجائے غیر فطری طریقوں سے مزید خراب کرتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں نہ تو کوئی کامیابی کا راستہ نظر آتا ہے اور نہ ہی ہمارا دماغ کی سوچنے، سمجھنے کی صلاحیت اس طرح کام کرتی ہے جس طرح بھر جوانی میں ہماری صلاحیتوں کا مثبت پہلو کھل کر سامنے آنا چاہیے۔

اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ قدرتی طور پر حالات آدمی کو بہت زیادہ متاثر کرتے ہیں۔ اگر نوجوانوں کے حالات گھریلو سطح پر یا ملکی سطح پر صحیح نہ ہوں تو وہ ذہنی اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں حالات جیسے بھی ہوں سب سے پہلے آپ اپنے آپ کا جائزہ لیں کہ آپ کے اوقات میں کوئی خرابی تو نہیں ہے، کہیں کسی نشے کی لت تو نہیں لگ گئی۔ یا آپ نے آپ پہ زیادہ بوجھ تو نہیں ڈالا ہوا ہے یا پھر آپ سستی اور کاہلی میں تو نہیں وقت کا ضیاع کر رہے اگر ان میں سے کوئی خرابی موجود ہے تو پہلے اسے دور کریں اس کے یہ یاد رکھیں کہ یہ آپ کی عمر کے بہترین دن ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو صحت اور ہمت دی ہے۔ اپنی توانائیوں کو بھرپور اور مثبت طریقے سے استعمال کریں۔ اپنا کام دیانتداری اور خوب لگن سے کریں۔

کسی بھی ناکامی کی صورت میں کبھی ہمت نہ ہاریں۔ اپنے کام میں دل جمعی سے لگے رہیں اور اپنے خیالات کو پراگندہ ہونے سے بچائیں۔ نشہ جیسے جھوٹے سہارے لینے سے آپ نہ صرف اپنے آپ کو ہلاک کرتے ہیں بلکہ اس سے سارا خاندان برباد ہو جاتا ہے۔

اپنے آپ کو پہچانیے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بہت سی خوبیوں سے نوازا ہے۔ آپ اپنی ہمت سے ہر مشکل پر آسانی سے قابو پا سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments