پولیس نے جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 316 پی ٹی آئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا


اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ اس نے اب تک جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث 316 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں کیمرا فوٹیج سے مدد لی جا رہی ہے۔ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کی اطلاع محکمانہ کارروائی کے لیے ان کے محکموں کو دی جا رہی ہے اور نجی اداروں کے بارے میں اطلاع ان کے اداروں کو بھیجی جا رہی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر چینل پر مندرجہ ذیل بیان جاری کیا ہے

پی ٹی آئی مظاہرین کی اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملے۔

اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے مختلف کارروائیوں میں اب تک 316 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مزید گرفتاریوں کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ وقوعہ میں ملوث تمام ملزمان کی کیمروں کی مدد سے شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

پرتشدد واقعات میں گرفتار افراد کی اطلاع دیگر اضلاع کو بھی دی جا رہی ہے تاکہ دیگر اضلاع میں مطلوب افراد ان کے حوالے کیے جا سکیں۔ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کی اطلاع ان کے متعلقہ محکموں کو بھیجی جا رہی تاکہ محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

تمام ملزمان کا سابقہ پولیس ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ۔ سوشل میڈیا پر متحرک سرکاری ملازمین جو اشتعال انگیز کارروائیوں میں شامل تھے ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ محکمانہ کارروائی کی جا سکے۔ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث نجی اداروں اور کمپنیوں کے ملازمین کے بارے اطلاع ان کے اداروں کو بھیجی جائے گی۔ تارکین وطن جو ان کارروائیوں میں شامل پائے گئے ہیں ان کے متعلقہ غیر ملکی سفارت خانوں کو خطوط لکھے جا رہے ہیں۔ پرتشدد مظاہروں کی مالی معاونت کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

پر تشدد جلاؤ گھیراؤ میں 58 پولیس افسران زخمی ہوئے جبکہ 12 گاڑیوں سمیت 20 موٹر سائیکل اور ایک پولیس چوکی نذر آتش کی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments