حکومت نے یوم پاکستان پر اپ لوڈ کیا گیا گانا ہٹا دیا: ’اگلی بار ملی نغموں پر ہی توجہ رکھی جائے گی‘


حکومتِ پاکستان نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستان سے متعلق اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو اب ہٹا دی ہے۔

کسی عام دیکھنے والے کے لیے اس ویڈیو میں پاکستان کی خوبصورتی اور ’جمہوریت‘ کے بارے میں نوجوانوں کو گانا گاتے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔ لیکن آج کے ڈیجیٹل دور میں گانے میں استعمال ہونے والے الفاظ سے لے کر اس کی ادائیگی اور یہ بھی کہ یہ کس پر فلمایا گیا ہے، سب معنی رکھتا ہے۔ اور اس پر تنقید بھی کی جاتی ہے۔

اسی طرح اس ویڈیو کے لگتے ہی اس پر بھی کئی جانب سے تنقید کی گئی۔ کسی نے کہا کہ یہ کس قسم کا گانا ہے؟ کسی نے پاکستان میں جمہوری نظام ہونے کی بات پر قہقہہ لگایا تو کسی نے کہا کہ جس لڑکے کو گانا گاتے دکھایا جارہا ہے اس پر اپنی سابقہ بیوی پر تشدد کرنے کا الزام تھا اس لیے لوگوں نے یہ بھی اعتراض کیا کہ اس اداکار کو اس گانے میں کیوں لیا گیا ہے؟ جبکہ بیشتر اور لوگوں نے گانے کے بول پر تنقید کی اور کہا کہ ’یہ ریپ میوزک کی بھی بے عزتی ہے۔‘

اس پر ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پاکستان میں کم ہوتا ہے کہ کسی خاتون کی جانب سے الزامات پر اداکار یا گلوکار کا کام ہٹایا گیا ہو ’اس ویڈیو کے ہٹائے جانے کی وجہ کچھ اور ہوگی۔‘

یہ سلسلہ پورے روز جاری رہنے کے بعد بالاخر جمعے کے روز اس ویڈیو کو حکومتِ پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔کئی لوگ اس ویڈیو کے اتارے جانے کو ٹوئٹر پر فاتحانہ انداز میں پیش کرتے ہوئے بھی نظر آئے کہ کیسے ان کی مہم کے نتیجے میں ویڈیو ہٹادی گئی۔

اسرہ نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’ہم نے حکومتِ پاکستان کو یہ ویڈیو ہٹانے پر مجبور کر دیا۔ اسے کہتے ہیں لوگوں کی طاقت۔ اسی طرح چلتے رہیں تو حقیقی آزادی دور نہیں ہے۔‘ جس کے جواب میں ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اس طاقت کا استعمال سڑکوں پر جمع ہوکر کرنا ہوگا۔‘

ایک اور صارف اوسامہ صدیق نے کہا ’الحمداللہ یہ چھوٹی جیت ہے۔‘

ٹوئٹر صارف عبدل موعز جعفری نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس ویڈیو میں نوجوانوں تک اپنی بات پہنچانے کے لیے اور حکومت کی ترجمانی کرنے کے لیے اس شخص کو ایک بوڑھے انسان جیسا لباس پہننا پڑا۔‘ جس پر ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ بات وہ بغیر نکلی سفید بال لگائے بھی کرسکتا تھا۔‘

اس تمام تر تنقید کے بعد یہ ویڈیو پھر نظر نہیں آئی۔ صرف انھیں لوگوں نے دوبارہ شئیر کی جس نے اس ویڈیو کو پہلے سے ڈاؤن لوڈ کرلیا تھا۔

حکومتِ پاکستان سے جب اس ویڈیو کے بارے میں پوچھا تو ایک افسر نے بتایا کہ ’ویڈیو کو برے ریویوز کے نتیجے میں ہٹایا گیا ہے۔‘

افسر نے کہا کہ ’جب یہ ویڈیو لگائئ گئی تھی تب سے لے کر شام تک بہت برے ریویوز آرہے تھے۔ لوگ کہہ رہے تھے کہ یہ کیسا گانا بنایا ہے۔ یہ کیسی گلوکاری ہے۔ لگتا ہے لوگوں کو ریپ میوزک سمجھ نہیں آیا۔ اس لیے اگلی بار ملی نغموں پر ہی توجہ رکھی جائے گی۔‘

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32544 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments