کاشغر کی عید کاہ مسجد
پندرہویں صدی عیسوی کا حسین شاہکار اور خوبصورت ثقافتی حسن سے مالا مال عوامی جمہوریہ چین کے مغربی شہر کاشغر کی عید کاہ مسجد۔ عوامی جمہوریہ چین کے خود اختیار ویغور صوبے سنکیانگ کا تاریخی شہر کاشغر کئی حوالوں سے جانا جاتا ہے۔ ان تاریخی حوالوں میں ایک حوالہ عید کاہ مسجد بھی ہے۔ یہ نام در اصل لفظ ”عید گاہ“ سے لیا گیا ہے۔ اس مسجد کو سنکیانگ کی سب سے بڑی مسجد ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
یہی وجہ ہے کہ کاشغر میں آنے والے سیاح بڑی تعداد میں اس مسجد کو دیکھنے لازمی یہاں آتے ہیں۔ مسجد میں نمازیوں کی گنجائش کم و بیش 20 ہزار تک ہے۔ یہ مسجد 1442 ء میں ساکسیز مرزا کے دور حکومت میں بنائی گئی اور اس کی دوبارہ تعمیر 1798 ء میں چند تبدیلیوں کے ساتھ ہوئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کا احاطہ بھی بڑھتا گیا۔ آج ہم جس مسجد کو دیکھ پاتے ہیں یہ 16 ہزار 800 مربع میٹر پر یعنی 36 کنال پر محیط ہے۔ مسجد کے نقش و نگار اور طرز تعمیر میں 996 ء کے قدیم آثار بھی ملتے ہیں۔ مسجد کی اندرونی دیواروں کو چین کے ثقافتی انداز میں خوبصورت قالینوں سے سجایا گیا ہے۔ مسجد کے عین درمیان دیوار پر سنکیانگ ویغقر خود اختیار علاقے کی جانب سے تحفے میں ملا ایک قالین موجود ہے جس میں موجود 56 پھول عوامی جمہوریہ چین کی تمام قومیتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
عید کاہ مسجد کو بنیادی طور چار حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جو مسجد کا مرکزی داخلہ، مسجد میں موجود لیکچر ہال، اندرونی ہال اور صحن پر مشتمل ہے۔ مسجد کا داخلی دروازہ شاندار منظر پیش کرتا ہے جو قلعہ نما دو میناروں کے درمیان ہے۔ یہ دروازہ سیاحوں کے لئے ماہرانہ فن اور منفرد انداز کی وجہ سے مخصوص کشش رکھتا ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے حسن اور دل آویز شباہت میں گم کر دیتا ہے۔ داخلی دروازہ 14 فٹ چوڑا اور 15.4 فٹ اونچا ہے۔ صدر دروازے کی دونوں اطراف میں 41 فٹ اونچے مینار ہیں جو خاص اینٹوں سے بنے ہوئے ہیں۔
مسجد میں داخل ہوتے ہی اندرونی صحن کے دونوں اطراف دالان ہیں۔ ان بڑے دالانوں میں اذان کے لیے دو مخصوص مقامات بھی ہیں جنہیں اذان کی آواز دور تک سنائی دیے جانے کے لیے اونچائی پر بنایا گیا ہے۔ اندرونی ہال ایک بڑے اور زاویہ دار گنبد کے نیچے ہے جس کے اوپر ایک قدرے چھوٹا مینار بھی ہے جو دور سے باآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔ اندرونی حصہ سرخ قالینوں سے مزین ہے جس میں نمازیوں کے لیے مختص علیحدہ مقام کو سیاحوں کے مقامات سے الگ کیا گیا ہے۔
عید کاہ مسجد شاندار اور تاریخی مقام رکھنے کے ساتھ ساتھ سادہ انداز میں بنائی گئی ہے جو اپنی قدر و منزلت کے باعث ناظر کو اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہے۔ یہ مسجد آج کے دور کی جدید مسجد یقیناً نہیں ہے لیکن یہاں تاریخ کی جھلک اور روح کی بالیدگی اپنی تمام خصوصیات کے ساتھ موجود ہے جو اسے دیگر مساجد سے منفرد بناتی ہے۔


