کیا اب تحریک انصاف کی حمایت جمہوریت پسندوں پر لازم ہے؟


فوج سے جمہوریت پسند بہت نالاں ہیں۔ کہتے ہیں کہ جمہوریت کو بہت کمزور کرنے میں فوج کا ہاتھ ہے۔ آزادی کے بعد آدھا وقت فوج نے براہ راست اقتدار سنبھالا ہے اور آدھا وقت بالواسطہ۔ پہلے دو فوجی ڈکٹیٹروں ایوب خان اور یحییٰ خان کی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک آدھا رہ گیا۔ تیسرے ڈکٹیٹر جنرل ضیا الحق کے زمانے میں پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی اور منشیات کا دور دورہ ہوا۔ چوتھے فوجی ڈکٹیٹر جنرل مشرف کے زمانے میں دہشت گردی اور خود کش حملوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔

جب جمہوریت بھی رہی تو اسے مذاق بنا کر رکھا گیا۔ نوے کی دہائی میں اقتدار کی ریوالونگ چیئر گیم کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ تھا۔ مشرف کے جانے کے بعد جب جمہوری حکمرانوں کی واپسی ہوئی تو یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف وغیرہ کے ساتھ ہونے والے سلوک کے پیچھے بھی فوج کے سربراہ کا ہاتھ تھا۔ مان لیا کہ فوج جمہوریت کو نقصان پہنچاتی رہی ہے۔ جمہوریت پسندوں کو اس کے اقتدار یا سیاست میں مداخلت کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ کیا تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے؟ اس کے لیڈر عمران خان کے نعرے، گزشتہ لائحہ عمل اور اب تازہ ترین مطالبات کیا ہیں؟

اقتدار میں رہتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت نے فوج کے ساتھ ہائبرڈ حکومت ہونے اور ایک پیج پر رہنے پر فخر کا اظہار کیا۔ اعتراف کیا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات اور ان میں قانون سازی کے وقت ہونے والی ووٹنگ کو غیر جمہوری طریقوں سے ایجنسیوں کے ذریعے مینیج کیا گیا۔ اپوزیشن کے لیڈروں کو من گھڑت مقدمات میں مہینوں برسوں تک جیلوں میں قید رکھا گیا جن میں سزا نہ ہوئی۔

کیا جمہوریت میں اپوزیشن کا احترام کیا جاتا ہے یا اسے صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی جاتی ہے؟ ایسا خاتمہ تو فاشزم میں کیا جاتا ہے۔

اپریل 2022 میں اقتدار سے ہاتھ دھونے کے بعد کیا عمران خان نے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیے؟ یا پھر ان کا واحد مطالبہ یہی رہا کہ فوج کے سربراہ انہیں ملاقات کا وقت دیں، ان سے بات کریں۔ کس مقصد کے لیے بات کریں؟ علانیہ مقصد یہ رہا کہ فوج نیوٹرل نہ رہے، غیر سیاسی ہونے کا سوچے بھی نہ، بلکہ کھل کر ویسے ہی عمران خان کی حمایت کرے جیسا کہ باجوہ اور فیض کے زمانے میں کرتی تھی۔ یہ جمہوری رویہ ہے یا غیر جمہوری فاشسٹ رویہ؟ کیا فوج کو جمہوریت میں مداخلت کرنے پر مجبور کرنا جمہوری رویہ ہے یا اسے سیاست میں نیوٹرل کرنے کی حمایت کرنا؟ کیا عمران خان صرف اپنے خلاف کارروائیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں یا پھر وہ تسلیم کرتے ہیں کہ انہیں اقتدار میں لانے کی خاطر نواز شریف کو غیر منصفانہ فیصلے کے ذریعے تاحیات نااہل کیا گیا اور انہیں سیاست میں حصہ لینے دیا جانا چاہیے؟ عمران خان اپنے لیے جمہوری حقوق مانگتے ہیں اور سیاسی مخالفین کے لیے جابرانہ پابندیاں۔

اب جمہوریت پسندوں کو کہا جا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف تحریک انصاف لڑ رہی ہے اس لیے اس کی حمایت کی جائے۔ بتایا یہ جاتا ہے کہ یہی جمہوریت کا تقاضا ہے۔ جمہوریت پسند اگر تحریک انصاف کی حمایت کرتے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑ کر تحریک انصاف کو فتح دلوا دیتے ہیں تو کیا ہو گا؟ اقتدار ویسے ہی عمران خان کو ملے گا جیسے 2018 میں دیا گیا تھا۔ عدالتیں اس کے مخالفوں کو قانون کی کالی ڈکشنری دکھا کر تاحیات نا اہل کریں گی اور اس کا راستہ صاف کریں گی۔ عمران خان کا ہر مخالف دوبارہ جیل جائے گا۔ عمران خان کے پاس اتنی زیادہ طاقت ہو گی کہ وہ اپنے آئیڈیل چینی، سعودی یا ایرانی ماڈل کی حکمرانی کرنے لگیں گے۔ یہ وہ ممالک نہیں جہاں جمہوریت ہے۔ یہ وہ ممالک ہیں جہاں جبر و استبداد ہے۔ کیا جمہوریت پسند ایسا جابرانہ نظام لانے کے لیے عمران خان اور تحریک انصاف کی حمایت کریں؟

بخشو بی بلی، چوہا لنڈورا ہی بھلا۔ فاشزم لانے کی حمایت کرنے سے جمہوریت پسند انکاری ہی رہیں گے۔ انگریز کہتے ہیں
Better the devil you know than the devil you don’t

اس کا مناسب اردو ترجمہ آپ خود کر لیں۔ میں کچھ مصروف ہوں۔ ہاں جب تحریک انصاف جمہوریت کی داعی ہو جائے، اپنے سیاسی مخالفین کو بھی وہی حقوق دینے پر راضی ہو جائے جو وہ اپنے لیے چاہتی ہے، سیاسی قوتوں سے مل بیٹھنے اور نیا میثاق جمہوریت بنانے کی کوشش کرے، تو ضرور مطلع کریں۔ ورنہ سویلین ڈکٹیٹر شپ کے قیام کے لیے استعمال ہونا کم از کم ہمیں تو پسند نہیں۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments