ہیضہ سے بچاؤ کی آگاہی مہم


محکمہ صحت پنجاب نے لاہور میں ہیضہ سے بچاؤ کی آگاہی مہم کا انعقاد عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے کیا۔ چھ روز تک جاری رہنے والی اس مہم کا بنیادی مقصد لوگوں میں ہیضہ کی بیماری سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ آگاہی کی یہ مہم صوبائی دارالحکومت پنجاب کی ان 17 یونین کونسلوں میں کی گئی جہاں 2022 ہیضہ کی بیماری کا پھیلاؤ واقع ہوا تھا۔

مہم کا افتتاح عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے لاہور کے نشتر ٹاؤن کی یونین کونسل 137 میں کمیونٹی سیشن میں کیا۔ اس 6 روزہ مہم میں لاہور کی 17 یونین کونسلوں میں 134 آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا اور 2000 خاندانوں کو آگاہی فراہم کی گئی۔

عالمی ادارہ صحت کی مالی اور تکنیکی معاونت سے کی گئی یہ اپنی نوعیت کی ایک نئی اور انفرادی مہم تھی۔ لاہور کے پسماندہ علاقوں میں منعقد کیے جانے والے آگاہی سیشن میں نہ صرف ماؤں کو ہیضہ اور گندے پانی سے بچاؤ کے لئے نہ صرف صحت و صفائی اور ہاتھ دھونے کی اہمیت کے بارے میں بتایا گیا بلکہ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ویکسین کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ان 2000 خاندانوں میں ہیضہ سے بچاؤ کی حفظان صحت کی کٹس بھی فراہم کی گئی یہ کٹس پینے کے لئے محفوظ پانی کو تیار کرنے کے لئے برتن، صاف پانی کو ذخیرہ کرنے کے برتن، پینے کے لئے محفوظ پانی تیار کرنے والی گولیاں، صابن، تولیہ، اور او آر ایس کے پیکٹس پہ مشتمل ہے۔ مہم کے دوران کمیونٹی میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

سیشن کے دوران ماؤں کو پینے کے لئے محفوظ پانی کو تیار کرنے کا طریقہ، ہاتھ دھونے کا طریقہ عملی مظاہرہ کر کے بتائے گئے۔ ماؤں کو بتایا گیا کہ بچوں کو یا خود بھی کھانا کھانے سے پہلے، کھانا بنانے سے پہلے، پاخانہ کرنے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو صابن سے لازمی دھوئیں اور بچوں کو بھی ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں۔ پھل، سبزیاں اور گوشت وغیرہ ہمیشہ صاف پانی سے دھو کر استعمال کریں۔ اس کے علاوہ دست/اسہال کی صورت میں او آر ایس کو بنانے اور استعمال کرنے کے طریقوں کی مشق بھی کروائی گئی۔

عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے کی جانے والی ہیضہ سے بچاؤ کی یہ آگاہی مہم ایک نہایت کامیاب کاوش تھی۔ اس مہم کے ذریعے سے نہ صرف کمیونٹی کے لوگوں کو بیماری سے بچاؤ کے لئے ضروری معلومات فراہم کی گئیں بلکہ ان کے اندر یہ احساس ذمہ داری بھی پیدا کی گئی کہ بیماریوں کے بچاؤ اور ان کے پھیلاؤ کو روکنے میں حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ان کا کردار بہت اہم ہے۔

Facebook Comments HS