سوشل میڈیا کی یلغار میں نیا انٹرٹینمنٹ چینل
سوشل میڈیا یعنی یو ٹیوب چینلز کی یلغار میں ٹی وی چینلز کا میڈیم ویسے ہی آؤٹ ڈیٹڈ سمجھا جانے لگا ہے جیسے ملک میں نجی ٹی وی چینلز کی آمد کے بعد اخبارات کو سمجھا جانے لگا تھا۔
اخبار کے قارئین کم ہونے سے سرکولیشن پر فرق پڑا لیکن نئے اخبارات کے میدان صحافت میں آنے کا سلسلہ نہیں رکا بلکہ ٹی وی چینلز کے مالکان نے اخبار بھی نکال لیے آخر کاروباری حضرات اپنے پاس آنے والی خبروں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ کیوں نہ اٹھاتے اور اخبار کے میڈیم سے حاصل ہونے والے اشتہارات سے دستبردار کیوں ہوتے۔
اسی طرح وی لاگز، ٹک ٹاکز اور یو ٹیوب چینلز کی برسات میں ٹی وی چینلز کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ اور بات کہ زیادہ تر نئے چینلز نیوز چینلز ہیں جن کا مقصد بظاہر صحافت کی طاقت کو دوسرے منافع بخش کاروبار کی چوکیداری کے لئے استعمال کرنا ہے اسی لئے شاید یہ لطیفہ مشہور ہوا کہ ہر کامیاب ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈویلپر کو ایک چینل کا لائسنس اعزازی طور پر دے دینا چاہیے کیونکہ بعد میں انہوں نے حاصل کرنا ہی ہے۔ بہرحال میڈیا سے وابستہ افراد اور میڈیا سٹڈیز پڑھنے والے نوجوانوں کا مستقبل نئے اداروں کے قیام سے روشن ہوتا ہے اس لئے مالک کو بھی دوسرا کاروبار کرتا ہو میڈیا ورکر کے لئے اہم نہیں۔ بہت عرصہ کے بعد دس جولائی 2023 کی شب خالصتاً تفریحی ٹی وی چینل ”گرین“ کے نام شروع کیا گیا ہے پچھلے کچھ عرصے سے اس کی ٹیسٹ ٹرانسمیشن جاری تھی جس میں ڈراموں کے پروموز اور ان کے اوریجنل ساونڈ ٹریکس کو بار بار دکھا کر عوام میں قبولیت اور انتظار دونوں کیفیات کو اچھی مارکیٹنگ تکنیکوں سے ابھارنے کی کوشش کی گئی۔
آج کل پاکستانی میوزک میں او ایس ٹی بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ اے آر وائی کی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ”میرے پاس تم ہو“ کا ٹائیٹل سانگ سپر ہٹ ہوا اور اس کی شہرت پاکستانی سرحد عبور کر گئی۔ کیفی خلیل کا گانا ”کہانی سنو“ ہٹ ہوا تو نجی چینل کے ڈرامہ ”پیار ہوا تھا“ کہ ٹائیٹل سانگ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ ”گرین“ چینل نے اسی ٹرینڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے او ایس ٹی اپنی ٹرانسمیشن میں سارا سارا دن چلائے جو نامور گلوکاروں نے گائے اور ڈرامے کو سمجھنے والے شعرا نے لکھے۔
ڈرامہ ”ہنی مون“ کا او ایس ٹی ”معاف شاف“ خلیل الرحمٰن قمر نے لکھا اور راحت فتح علی خان نے گایا۔ اس کی سوشل میڈیا پر بہت تشہیر کی گئی گیت قابل تعریف بھی ہے مگر شائقین کے مطابق اس گانے میں ”میرے پاس تم ہو“ کی شاعری اور کمپوزیشن کا عکس دکھائی دیتا ہے اس کی نسبت ڈرامہ ”کابلی پلاؤ“ کا او ایس ٹی ”آنکھیں“ زیادہ فریش لگتا ہے جو عمران رضا نے لکھا اور راحت فتح علی خان نے گایا ہے۔ گرین چینل کے بارے میں تاثر پیدا کیا گیا ہے کہ یہ پاکستان میں ڈرامے کی روایتی کہانی کو سسرالی جھگڑوں سے آگے لے جائے گا اور ڈراموں کے پروموز فی الحال یہ ثابت بھی کر رہے ہیں کہ سافٹ وئیر پر محنت کی گئی ہے چینل کو جلدی میں لانچ نہیں کیا گیا لیکن یہ توقعات پر پورا اترتا ہے یا کمرشلزم کے بہاؤ میں بہنا شروع کر دے گا یعنی ”گرین“ ناظرین کا ٹیسٹ بدلتا ہے یا اپنا مارکیٹ کے مطابق اپنا انداز یہ تو وقت بتائے گا بہرحال موجودہ صورتحال میں ایک نئے انٹرٹینمنٹ چینل کا آغاز ناظرین اور شوبز سے وابستہ تمام افراد کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔


