توکل


انسانی زندگی ان گنت تجربات اور لامحدود کوششوں سے عبارت ہے۔ انسان کو پیدائش سے لے کر آخری دم تک بہت سی باتیں فقرے نصحیتیں اور تجربات سننے کو ملتے ہیں لیکن کسی بھی بات کا بھید تب کھلتا ہے جب وہ انسان پہ بیتتی ہے یا انسان اس سے تب آشنا ہوتا ہے جب وہ بات تمام تر رازوں کو لیے خودبخود آپ کے سینے میں اتر کر آگہی کے ان گنت پردوں کو چاک کرتی ہے۔

ہر تجربہ آپ پہ سوچنے سمجھنے کی نئی دنیا وا کرتا ہے۔

میری ذاتی رائے کے مطابق زندگی کے تمام تجربات میں سب سے بہترین تجربہ ماں بننے کا ہوتا ہے۔ میں نے ماں بننے کے بعد اللہ کو پہچانا۔

(میں مکمل پہچاننے کا دعوی نہیں کر سکتی )

جب کبھی کسی بات پہ پریشان ہونا یا کچھ ناگوار گزرنا تو بڑوں نے کہہ دینا کہ اللہ انسان سے ستر ماوٴں سے زیادہ پیار کرتا ہے۔ پہلے یہ فقط ایک تسلی کا جملہ تھا اس کی گہرائی سے ناآشنا بس اس بات کو سن کے چپ ہو جانا۔ یہ بھید تو اب کھلا ہے کہ یہ بات اپنے اندر کتنے راز سموئے ہوئے ہے۔ ہر مشکل کا حل ہر تکلیف کی دوا اور ناممکن کام کا وسیلہ اس ایک فقرے میں چھپا ہے۔ اصل دولت تو یقین اور توکل ہے۔ جو اس منزل پہ آ گیا وہی چھا گیا۔

اللہ ستر ماوٴں سے زیادہ پیار کرتا ہے اس بات کو سن کے چپ کر جانے اور اس بات کو سمجھنے میں بہت فرق ہے۔ ایک ماں کے پیار اور بے لوث الفت کا اندازہ تب ہی ہوتا ہے جب انسان خود اس درجے پہ فائز ہوتا ہے۔ ایک ماں جو اپنے بچے کو کانٹے جتنی تکلیف میں دیکھ کے تڑپ جاتی ہے اسے گرم سرد سے بچاتی ہے بچے کے آرام کا خیال رکھتی ہے غرض کے ماں کی محبت ناقابل بیاں ہے۔ جب بندہ صرف اولاد ہوتا ہے تب اسے ماں کی محبت کا اندازہ نہیں ہوتا ہے اور شاید نا ہی اس فقرے کی سمجھ آتی ہے۔

ماں بننے کے بعد سب سے پہلے جو عقدہ کھلا ہے وہ یہی ہے کہ اللہ مجھ سے بے حد محبت کرتا ہے۔ میں ہمیشہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر تھی کہ کیا مطلب ستر ماوٴں جتنی محبت کا؟ ایک ماں کی محبت کا ہی کوئی مول نہیں ہے اللہ تو پھر ستر ماوٴں سے زیادہ محبت کرتا ہے۔ کسی بھی بات پہ پریشان ہونے سے پہلے انسان صرف اس بات کو سوچ لے تو وہ کبھی بھی پریشان نا ہو دنیا حسین ہو جائے ہر مشکل حل ہو جائے۔

کچھ خیالات کو الفاظ کا جامہ پہناتے ہوئے خیال گزرتا ہے کہ الفاظ محدود ہیں اور خیالات کی وسعت لامحدود۔ کچھ یہی حال یہ تحریر لکھتے ہوئے میرا ہے۔ یقین کامل انسان کو زندگی اور آخرت دونوں میں بہت آگے لے جاتا ہے اطمینان قلب اس کی بہترین دولت ہوتی ہے۔

زندگی کو صرف مایوسی اور نا امیدی کا گھڑ نا بننے دیں بلکہ اسے یقین کامل کے دیے سے روشن کرنے کی کوشش کیجیے۔ بس ایک یہی فقرہ کہ اللہ انسان سے ستر ماوٴں سے زیادہ پیار کرتا ہے انسان کی زندگی بدل سکتا ہے۔ اس پہ غور کیجیئے اور اسے اپنے اندر اترنے دیجیے اور اس کا جادو دیکھیے۔

Facebook Comments HS