چار گاف، اٹک اور عمران


افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ملکی سیاست نے عوام میں نفرت کا ایسا بیج بویا ہے کہ دوست دوست کا دشمن بن گیا۔ بزرگ کہتے ہیں کہ خون کو خون سے نہیں دھویا جا سکتا اور نہ ہی نفرت کو نفرت سے ختم نہیں کیا جا سکتا اس لیے میں ہمیں سیاست سے ہٹ کر کچھ ایسا لکھنا چاہیں جس سے ہم لوگوں کے چہروں کو مسکراہٹیں دے سکیں۔ سنتے ہیں کہ کائنات بھی مسکرا اٹھتی ہے جب آپ کسی انسان کو مسکرانے پر مجبور کرتے ہیں۔ میری خود ہنسنے اور مسکرانے کی عادت ہے تو کوشش کرتا ہوں کہ میرے دوست بھی ہنستے مسکراتے رہیں۔ اس سلسلے میں ایک واقعہ یاد آ گیا وہ آپ کے تحریر کرتا ہوں۔

واپڈا میں ہمارے ایک افسر بڑے بدتمیز بدمزاج اور رشوت خور تھے۔ نام ان کا لکھنا مناسب نہیں ویسے بھی وہ گجرال صاحب پکارنے پر خوش ہوتے تھے۔ ان کی پوسٹگ کوئٹہ میں دو سال رہی جو کسی عذاب سے کم نہ تھی۔ ان کی رشوت خوری اور بدتمیزی کی وجہ سے ہمارے بیچ کئی بار سخت جملوں کا تبادلہ ہوا کیونکہ میں بطور اکاؤنٹنٹ بجٹ اور پرچیز کے بل وغیرہ پاس کیا کرتا تھا۔ پھر ان کا تبادلہ ملتان ہو گیا۔ ان کی الوداعی تقریب میں، میں کمپیرنگ کر رہا تھا۔ میں نے سرکاری منافقت برتے ہوئے جناب کی تعریف کی۔ انھیں ایک بے باک نڈر سخی اور درد مند افسر کہا۔ ہال میں بیٹھے ملازمین اور اسٹیج پر بیٹھے افسر ان حیرت سے میرا منہ دیکھ رہے تھے۔ تالیاں تو درکنار کسی کے چہرے پر مسکراہٹ تک نہ تھی۔ پھر میں نے ادبی انداز اپنایا اور کہا:

ملتان شہر صدیوں سے چار ”گ“ کی وجہ سے مشہور ہے۔
اب لوگوں کی دلچسپی بنی۔
میں نے بات جاری رکھی۔
گرمی، گداگر، گور اور گورستان یعنی گرم موسم۔ بھکاری زیادہ۔ بزرگوں کی قبریں اور قبرستان۔
لیکن اب ہمارے مہربان افسر کی پوسٹگ کے بعد ملتان کے پانچ ”گ“ مشہور ہو جائیں گے۔

یہ سن کر ہال میں بیٹھے ملازمین اور اسٹیج پر بیٹھے افسروں نے وہ تالیاں بجائیں کہ مجھے دس ایک منٹ اپنی بات روکنی پڑی۔

جب تالیاں تھمیں تو میں نے کہا۔ آپ لوگ ٹھیک سمجھے۔ اب گ سے گجرال صاحب بھی اس شہر کی پہچان بنیں گے۔ لیکن جاہل لوگ مزید قہقہے لگانے لگے۔

جب سے عمران خان اٹک جیل گیا ہے میں سوچ رہا ہوں کہ کبھی اس شہر کا نام کیمبل پور تھا لیکن ایک جانور کے نام پر کیمل پور زبان زدعام رہا۔ مجھے خدشہ ہے کہ اب اٹک شہر عمران کی وجہ سے کسی دوسرے جانور کے نام سے مشہور نہ ہو جائے۔

جی آپ بالکل درست سمجھے میرا مطلب یہی ہے۔ ٹائیگر پور۔

Facebook Comments HS