غزہ کی جنگ: ایک عام عورت کی سوچ
بحیثیت ایک عورت ہونے کے
ایک مسلمان عورت ہونے کے
ایک پاکستانی عورت ہونے کے
آج میں اپنی سوچ اور کچھ سوال لے کر آئی ہوں۔
ہم بچپن سے سنتے آرہے ہیں کہ فلسطین میں اسرائیل نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ آئے دن ٹی وی پر دیکھتے رہتے ہیں کہ اسرائیل نے فلسطینی نوجوان شہید کر دیے۔ ایک عام عورت فلسطین اور اس پر اسرائیلی تسلط کی تاریخ اور وجوہات سے ناواقف ہے۔ جب کبھی وہاں کشیدگی ہوتی ہے تو ہم دیکھتے ہیں ہماری حکومت کی طرف سے ایک مذمتی بیان سامنے آ جاتا ہے۔ پاکستان نے آج تک اسرائیل کو قبول نہیں کیا لیکن آج ہم دیکھتے ہیں کہ اسرائیل عرب ممالک میں اپنا اثر رکھتا ہے۔ پہلے ہماری نانی دادی اور ہماری مائیں صرف اپنی انفرادی اور اجتماعی دعاؤں میں فلسطینیوں کو یاد رکھتی تھیں۔
آج کی عام عورت بھی اس بارے میں سوچتی ہے۔ سات دن پہلے شروع ہونے والی حماس اور اسرائیل کی جنگ نے ایک عام مسلمان پاکستانی عورت کو بھی اندر سے ہلا ڈالا ہے۔ دن بدن بڑھتی کشیدگی پر وہ بھی پریشان اور فکر مند ہے۔ مسلمان عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد میں اموات اس کے لیے بھی دلی تکلیف کا باعث بن رہی ہیں۔ ہزاروں اموات ہو چکی ہیں۔ لاتعداد زخمی ہیں۔ بڑی تعداد میں حاملہ خواتین وہاں انتہائی مشکل صورتحال سے گزر رہی ہیں۔ ہسپتال تباہ ہو گئے ہیں۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ بھرا پرا شہر کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ہر طرف چیخ و پکار، آہ و بکا، سراسیمگی اور موت کے سائے ہیں۔ اس ساری صورتحال پر اس عام عورت کے بھی کچھ سوال ہیں۔
بظاہر ایک چیونٹی نے ہاتھی سے ٹکر لی ہے تو اب اس کا انجام کیا ہو گا؟
اگر اسرائیل جنگ جیت جاتا ہے تو وہ اقوام عالم کا بھر پور غنڈہ بن کر نہیں ابھرے گا؟
معرکہ حق و باطل میں ہم کہاں کھڑے ہیں؟
پاکستان ان کی کھل کر حمایت کیوں نہیں کرتا؟
زبانی جمع خرچ ہمیں کیا فائدہ دے گا؟
صرف ایک جماعت اسلامی ہی کیوں آواز بلند کرتی دکھائی دیتی ہے۔ دوسری تنظیمیں کیوں اس طرح آواز نہیں اٹھاتیں؟
آج جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے کیا اس کے اثرات سے ہم بچ سکیں گے؟
کیا یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ نہیں کہ کل کو ہم بھی کسی بڑے دشمن کے ساتھ جنگ میں گھر سکتے ہیں؟
آج بحیثیت پاکستانی ہمارا فلسطینیوں کے لیے کیا کردار ہونا چاہیے؟
بحیثیت ایک قلم کار ہونے کے میں یہ بھی سوچتی ہوں کہ لکھنے والے بھی خاموش کیوں ہیں؟
سوشل میڈیا پر لوگ یہ بھی کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ فلسطینیوں پر یہ مصیبت ان کے اپنے ہاتھوں آئی وہ زمینیں نہ بیچتے تو آج یہ نہ ہوتا۔ سچ کہوں تو عام عورت اس سے ہٹ کر سوچتی ہے اس کی ہمدردی فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور عقیدت بیت المقدس کے ساتھ۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب جب اقوام عالم پر مصیبت آئی اور وہاں پاکستان کی طرف سے امداد بھیجی گئی تب تب پاکستانی عورتوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا اور اب بھی تیار ہیں لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ اس کا طریقہ کار کیا ہونا چاہیے۔ اسرائیلی پراڈکٹس کا بائیکاٹ فائدہ دے گا۔ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنا چاہیے۔ مالی امداد بھیجنی چاہیے۔ ویڈیوز کے ذریعے سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے اظہار یک جہتی کرنی چاہیے۔ لکھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہیے۔ مساجد میں ان کے لیے خصوصی دعائیں اور گھروں میں انفرادی دعائیں۔
میں سمجھتی ہوں یہ سب کچھ ہی ہونا چاہیے۔ بحیثیت مسلمان جو شخص جو کر سکتا ہے وہ ضرور کرے۔ کل کو رب کے حضور ہم اس بارے میں جواب دہ ہوں گے۔ جو شخص جس مقام پر ہے وہاں رہتے ہوئے اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کے لیے ضرور سوچے اور کچھ نہ کچھ عملی طور پر کرنے کی کوشش بھی کرے۔
امت مسلمہ ایک جسم کی طرح ہے کہیں کوئی حصہ تکلیف میں ہوتو درد تو پورے جسم کو ہی محسوس ہوتا ہے۔ آج وہ تکلیف میں ہیں کل کو ہم بھی ہوسکتے ہیں یا ہمارے بچے۔ حماس نے اتنا بڑا حملہ ایسے ہی نہیں کر دیا یقیناً اس کے تباہ کن نتائج کے بارے میں بھی بہت کچھ سوچا ہو گا اور اس کی پلاننگ بھی کی ہوگی۔ یقیناً فلسطینی ذہنی طور پر تیار ہوں گے لیکن کیا ہم تیار ہیں ہم بھی تو ہر جانب سے دشمنوں میں گھرے کھڑے ہیں۔ ہمیں اب اپنی حکومتوں کی طرف نہیں دیکھنا چاہیے خود اپنے بچوں کو ذہنی طور پر ایسے وقت کے لیے تیار رہنے کی تلقین کرنی چاہیے۔
میں دعا کرتی ہوں کہ باطل پر حق غالب آئے۔ انسانی جانوں کا نقصان کم سے کم ہو۔ اللہ تعالیٰ شہادتیں قبول فرمائے۔ فلسطینی مسلمان آج جس اذیت اور اندوہناک تکلیفوں سے گزر رہے ہیں ان کی وہ تکلیفیں اذیتیں مشکلات دور ہوں۔ ان تک امداد خوراک ادویات میڈیکل کی سہولیات بہم پہنچیں۔ ان کے دلوں کو قرار ملے اور فتح ان کا مقدر بنے۔ صدیوں سے جاری یہ ظلم و ستم اب اپنی انتہا کو پہنچ جائے۔
آمین ثم آمین یا رب العالمین


